دماغ چکرا دینے والی10 فلمیں!

فلم داستان گوئی کی جدید اور مہنگی شکل ہے۔ اگر آپ فلم بینی کا شوق رکھتے ہیں تو آپ نے ضرور کچھ ایسی فلمیں دیکھی ہوں گی، جس کے بعد اس کی گتھیاں سلجھانے میں کئی دن لگ گئے ہوں گے بلکہ کچھ مرتبہ تو آپ نے سمجھنے کے لیے وہ فلم دوبارہ دیکھی ہوگی۔ آئیے آپ کو 10 ایسی فلموں کے بارے میں بتاتے ہیں، جنہیں دماغ چکرا دینے والی فلمیں سمجھا جاسکتا ہے: 10۔ دی گیم سان فرانسسکو کے امیر سرمایہ کار نکولس وان اورٹن کو اپنے بھائی کونراڈ کی طرف سے سالگرہ کا ایک عجیب تحفہ ملتا ہے۔ ایک زندہ ایکشن گیم جو اس کی زندگی لے لیتا ہے۔ 9۔ مسٹر نوباڈی ایک خیالی مستقبل میں نیمو دنیا کا بوڑھا ترین اور آخری شخص ہے ،جو ہمیشہ زندہ رہنے کا انتخاب کرتا ہے۔ فلم نیمو کو ایک نوجوان کی حیثیت سے ناممکن فیصلے کا سامنا کرتے دکھاتی ہے کہ کیا وہ اپنے والد کے ساتھ رہے یا ماں کے ساتھ چلا جائے؟ فلم کی کہانی اس کی زندگی کے تمام امکانات کے گرد گھومتی ہے، جن سب کا انحصار اس کے ایک فیصلے پر ہوتا ہے۔ 8۔ پرزنرز جب کیلر ڈوور کی بیٹی اور اس کا دوست غائب ہو جاتے ہیں، تو پولیس سے مایوس ہوکر معاملات کو اپنے ہاتھوں میں لے لیتے ہیں،لیکن ایک ناامید باپ اپنے خاندان کی حفاظت میں کہاں تک جا سکتا ہے؟ 7۔ ڈونی ڈارکو مسائل سے دوچار نوعمر ڈونی ڈارکو کو ایک ڈراؤنا خواب آتا ہے کہ دنیا 28 دنوں میں ختم ہو جائے گی۔ مختلف کرداروں، جن میں 6 فٹ کا خرگوش فرینک بھی شامل ہوتا ہے، کی مدد سے وہ پراسرار طبیعیاتی اور مابعد الطبیعیاتی قوانین کو دریافت کرتا ہے، جو اس کی زندگی کو چلاتے ہیں اور وہ اسے کائنات کی تباہی کی جانب بڑھاتے ہیں۔ 6۔ شٹر آئی لینڈ امریکی مارشل ٹیڈی اور اس کا ساتھی چک ایک دور دراز جزیرے ’’شٹر آئی لینڈ‘‘پر جاتے ہیں کہ جہاں پاگلوں کے لیے ایک ہسپتال قائم ہے۔ ٹیڈی کی آمد کا مقصد ایک مریض کے اچانک غائب ہو جانے کی تحقیقات کرنا ہے، جس کا نام ریچل ہوتا ہے۔ ٹیڈی اور چک اس واقعے کی تحقیقات کرتے ہیں کہ آخر ریچل گئی کہاں؟ لیکن جو نتیجہ نکلتا ہے ،وہ شٹر آئی لینڈ کا راز ہوتا ہے۔ 5۔ میمنٹو 2000ء کی فلم میمنٹو دو الگ کہانیوں کو جوڑتی ہے، ایک سابق انشورنس انویسٹی گیٹر لیونارڈ، جس کی یادداشت کمزور ہو جاتی ہے اور وہ اپنی بیوی کے قاتلوں کو تلاش کرنے کی کوشش کرتا ہے، جو اس کی آخری یادداشت ہوتی ہے۔ پہلی کہانی سیدھی سمت میں چلتی ہے جبکہ دوسرا حصہ الٹا چلتا ہے۔ 4۔ پریسٹیج جادوئی کمالات دکھانے والے دو افراد ایک دوسرے سے مسابقت میں بہت آگے نکل جاتے ہیں، اتنا آگے کہ ان کے لیے ہر قدم اٹھانا کوئی معنی نہیںرکھتا۔ 3۔ فائٹ کلب کام، کام اور صرف کام کرنے کی وجہ سے بے خوابی اور نفسیاتی مسائل سے دوچارنامعلوم ہیرو کو ایک دوست ملتا ہے۔ بالکل ویسا جیسا وہ بننا چاہتا ہے۔ دونوں ایک فائٹ کلب بناتے ہیں، جس کے انتہائی سخت قواعد ہوتے ہیں، جہاں وہ لوگ آپس میں لڑتے ہیں ،جو اپنی روٹین کی زندگی سے تنگ ہوتے ہیں اور کچھ نیا کرنا چاہتے ہیں، لیکن کہانی حقیقت میں ویسی نہیں ہوتی، جیسی نظر آتی ہے۔ 2۔ یوژوئل سسپیکٹس ایک بحری جہاز پر پیش آنے والے حملے کے بعد صرف ایک شخص زندہ بچتا ہے، جو پانچ مجرموں کے ایک گروپ سے تعلق رکھتا ہے۔ فلم اسی ایک شخص اور پولیس کے درمیان ہونے والی تفتیش کے گرد گھومتی ہے اور آخر میں آپ کو بھی گھما دیتی ہے۔ 1۔ انسیپشن ایک چور، جو خوابوں میں پہنچنے کی ٹیکنالوجی کے ذریعے کاروباری راز چراتا ہے۔ ایک مرتبہ نئی مہم پر جاتا ہے، جس میں اس نے چرانا نہیں بلکہ امیر شخصیت کے دماغ میں کوئی چیز رکھنا ہوتی ہے۔ خواب در خواب کی یہ دنیا آپ کو حیران کردے گی۔

 

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *