دو ایڈیٹرز کا مکالمہ

hafiz yousuf saraj

(کھمبیوں کی طرح اگتی ویب سائٹوں کے تناظر میں دو ایڈیٹرز کا مکالمہ جن میں سے ایک نو آموز ایڈیٹر ہے اور ایک نو ارادہ ایڈیٹر)


یار یہ جو تم نے مضمون شئیر کیا تو اس میں ویب سائٹ کا لنک نیا نیا سا ہے. دیکھا یا سنا نہیں پہلے کبھی....؟

ہاں ہاں یہ میں نے آدھ گھنٹہ پہلے لانچ کی ہے. اور اس کا پہلا مضمون آپ ہی کو بھیج رہا ہوں.  دراصل آدھ گھنٹے میں پچاس بار وزٹ کرکے وزٹرز کی تعداد پچاس تک پہنچائی تو یاد آیا آپ کو بھی دوستی کے واسطے ریٹنگ کے لئے کیوں نہ زحمت دے لی جائے. دیکھئے ،آپ کی بھی مصروفیات ہیں. آپ پڑھئے بیشک کچھ نہیں مگر دن میں کوئی بیس تیس بار بس نیٹ آن کرکے وزٹ کر لیا کیجئے گا. اور ہاں اس ویک اینڈ پہ چرغہ میری طرف سے ہوگا.  دیکھئے لیٹ نہیں ہونا. وہیں بیٹھے بیٹھے دس بیس بار مزید وزٹ کر ماریں گے.  دیکھیں آگے مقابلہ سخت ہوگا. رہے گا وہی جو محنت کرے گا.

ارے ارے ....  یہ سب تو ٹھیک مگر تم تو پہلے ہی ایک ویب سائٹ چلا رہے تھے. اس کا کیا بنا؟

بننا کیا یار وہ اللہ کے فضل سے چل رہی ہے.  یہ تانگہ تھوڑی ہے جسے پوری یکسوئی سے چلانا پڑے . میری توجہ تو خیر فی الحال نئی والی پر ہے لیکن اللہ کے فضل اور فیک آئیڈیز کی بدولت اس کی ریٹنگ اوریجنلی بڑی ہائی جا رہی ہے.  یقین کیجئے میں نے اسے صرف دس بار وزٹ کیا مگر اس کے باوجود نوے تک وزٹرز صرف ایک ہفتے میں اسے وزٹ کر چکے ہیں اور کمال دیکھئے ایک نے تو ایک عدد پوسٹ شیئر بھی کی ہے.  سوچتا ہوں وہ پوسٹ نئی سائٹ پہ بھی لگا دوں.  اللہ کے کاموں کا کیا پتا کوئی ایک آدھ ادھر بھی شئیر کر ہی لے. .

مگر .... یار یہ نام آپ نے عجیب سا نہیں رکھا نئی ویب سائٹ کا؟ ون ملین وزٹرز ڈاٹ پی کے . ..

ھا ھا ھا ارے صاحب ایک تو  تم ہو قلم کی دنیا کے اسیر . دور آئندہ کے تقاضے اور ویب سائٹس  کے آئندہ طوفان خیز تہلکوں کو تم کیا جانو.  ارے بھائی جتنی اب سائٹس آنے کی موسمیات والے پیش گوئیاں کر رہے ہیں اتنے تو وہ کیا کہتے ہیں. اب سیدھی بات کریں تو کتیا بچے نہیں جنمتی. خیر تم ٹھہرے شہری بابو . دیہات کی فصیح بولی کیا جانو . بس یوں سمجھو ویب تابکاری آئندہ دنوں میں ہر فیس بک اکاؤنٹ کو ویب سائٹ میں بدلنے والی ہے . ایسے میں پڑھے گا یا دیکھے گا کون. بس ناموں سے ہی ریٹنگ جج کر لی جائے گی . اب اس وقت کا سوچیں جب 'ہم سب'، دلیل ،دنیا پاکستان ، آئی بی سی ، اردو ٹرائب، اخبار وغیرہ وغیرہ کے مقابل ہماری ون ملین وزٹرز ڈاٹ پی کے اس نام سے کھڑی ہوگی تو کس طرح بے سمجھے ہی سر فہرست سمجھی جائے گی.

اچھا !آدمی تو آپ واقعی دور اندیش ہیں مگر اتنا کونٹینٹ کہاں سے آئے گا؟

واہ صاحب ہو تو اپنے یار اور دانش ور پر معاف کرنا نرے چغد بھی تم ساتھ ہی واقع ہوئے ہو. پہلی بات اب پڑھنا وڑھنا تو خیر ایڈیٹر کو بھی نہیں پڑے گا. بس یا کاپی پیسٹ تیرا ہی آسرا  ..خیر آپ سے کیا چھپانا . گھبرا تو پہلے میں بھی گیا تھا . مگر وہ تم نے خاکوانی صاحب کی تجویز نہیں پڑھی . اسی سے میرے دل کے آئیڈئیے کو اخلاقی جواز ملا. کہ اب ادھر کا مال ادھر ،ادھر کا ادھر.  انھوں نے تو خیر ایک دن کے بعد لفٹ کرنے کی بات کی مگر یار اب نیک کام میں اتنی دیر تو خدا کے علاوہ اپنے قاری سے بھی نا انصافی ہے نا... ..ارے ارے .....
اوہ بھائی پوری بات تو سنئے. . یہ درمیان کلام میں ہی  آپ کدھر کھسک لیے؟؟؟

کل ملتا ہوں بھائی .. ابھی ابھی ذہن میں تین ویب سائٹس کے آئیڈئیے آئے ہیں.  بس آدھ گھنٹے میں لانچ کرکے حاضر ہوتا ہوں.
(پیچھے مڑ کر دیکھتے اور دور سے ہانک لگاتے ہوئے) اور ہاں دیکھنا جتنے وزٹ تم میری سائٹ کے کرو گے اتنے ہی میری طرف سے بھی پکے سمجھنا.
سنو
وزٹ کرو گے وزٹ کریں گے.
جتنا کرو گے اتنا کریں گے.
لائک کرو گے لائک کریں گے.
شئیر کرو گے شئیر کریں گے.
آخر دوستی جو ہوئی!

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *