سائنس

ون پلس کا نیا اسمارٹ فون جو 39 منٹ میں مکمل چارج ہوسکتا ہے

Share

چینی کمپنی ون پلس نے اپنا نیا مڈرینج اسمارٹ فون 8 متعارف کرادیا ہے۔

خیال رہے کہ ون پلس وہ چینی کمپنی ہے جس کی ڈیوائسز کو آئی فون کِلر قرار دیا جاتا ہے ، کیونکہ فیچرز کے لحاظ سے فلیگ شپ فون کی ٹکر کی ہوتی ہیں مگر قیمت بہت کم ہوتی ہے۔

یہ نیا فون رواں سال اپریل میں متعارف کرائے گئے ون پلس 8 اور 8 پرو کا اپ ڈیٹ ورژن ہے۔

اس میں بیشتر فیچرز 8 سیریز کے فونز کے ہی ہے مگر قیمت ان کے مقابلے میں کم ہے مگر اس میں کچھ فیچرز ایسے ہیں جو 8 سیریز کے فونز میں بھی نہیں۔‎

اس فون میں 6.55 انچ کا امولیڈ ڈسپلے 120 ہرٹز ریفریش ریٹ کے ساتھ دیا گیا ہے جو ون پلس 8 سے بہتر جبکہ ون پلس 8 پرو کے برابر ہے۔

فوٹو بشکریہ ون پلس
فوٹو بشکریہ ون پلس

یہ فون 8 سے 12 جی بی ریم اور 128 سے 256 جی بی اسٹوریج کے آپشنز کے ساتھ ہے۔

کمپنی کے مطابق ون پلس 8 ٹی میں 4500 ایم اے ایچ بیٹری نئی فاسٹ چارجنگ ٹیکنالوجی کے ساتھ دی گئی ہے جو صرف 15 منٹ میں 58 فیصد بیٹری چارج کرسکتی ہے۔

اسی طرح فون کو محض 39 منٹ میں مکمل چارج کیا جاسکتا ہے۔

ون پلس 8 ٹی میں اسنیپ ڈراگون 865 پراسیسر دیا گیا ہے اور 5 جی سپورٹ کے ساتھ ہے جبکہ فنگرپرنٹ سنسر ڈسپلے کے اندر دیا گیا ہے۔

فون میں اینڈرائیڈ 11 آپریٹنگ سسٹم کا امتزاج کمپنی نے اپنے آکسیجن او ایس 11 سے کیا ہے۔

جہاں تک کیمرا سسٹم کی بات ہے تو فون کے بیک پر 4 کیمروں کا سیٹ اپ موجود ہے۔

ون پلس 8 ٹی کا مین کیمرا 48 میگا پکسل کا ہے، جبکہ 16 میگا پکسل الٹرا وائیڈ کیمرا 123 ڈگری فیلڈ آف ویو کے ساتھ، 5 میگا پکسل میکرو اور 2 میگا پکسل مونو کروم (بلیک اینڈ وائٹ تصاویر کے لیے) کیمرے فون کا حصہ ہیں۔

فون کے فرنٹ پر 16 میگا پکسل سیلفی کیمرا پنچ ہول ڈیزائن میں دیا گیا ہے۔

فون میں 12 ٹمپریچر سنسرز دیئے گئے ہیں جبکہ ایک انکرپشن چپ اڈاپٹر اور کیبل کے لیے ہے تاکہ 65 واٹ چارج استعمال کرنے پر چارجنگ کا درجہ حرارت محفوظ سطح پر رہے۔

ون پلس 8 ٹی کا 8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 599 یورو (ایک لاکھ 15 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ 12 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج والا ورژن 699 یورو (ایک لاکھ 34 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں دستیاب ہوگا۔

یہ فون یورپ میں 20 اکتوبر جبکہ امریکا میں 23 اکتوبر سے دستیاب ہوگا، دیگر خطوں کے حوالے سے کمپنی نے ابھی کوئی اعلان نہیں کیا۔