کھیل

پاکستان نے نیدر لینڈز کو شکست دے کر ٹی 20 ورلڈ کپ میں پہلی فتح حاصل کرلی

Share

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے کے انتہائی اہم میچ میں پاکستان نے نیدرلینڈز کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر میگا ایونٹ میں پہلی فتح حاصل کرلی۔

نیدر لینڈز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو جیت کے لیے 92 رنز کا ہدف دیا، پاکستان نے 14ویں اوور کی پانچویں گیند پر 4 وکٹوں کے نقصان پر 37 گیندیں قبل ہی ہدف حاصل کرلیا۔

پاکستان کی جانب سے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان 49 بنا کر نمایاں رہے، اس دوران انہوں نے ٹی 20 انٹرنیشنل کی اپنی 65ویں اننگز میں 2500 رنز بھی مکمل کیے۔

نیدرلینڈز کی قیادت اسکاٹ ایڈورڈز کر رہے تھے، دیگر کھلاڑیوں میں میکس او ڈوڈ، اسٹیفن مائبرگ، باس ڈی لیڈے، ٹام کوپر، کولن ایکرمین، رولوف وین ڈیر مروے، ٹم پرنگل، فریڈ کلاسن، پال وین میکرین اور برینڈن گلوور شامل تھے۔

واضح رہے کہ آج ٹی 20 ورلڈ کپ میں سپر 12 مرحلے میں 3 میچز شیڈول ہیں جہاں دوسرے میچ میں پاکستان اور نیدرلینڈ مد مقابل تھے، جب کہ تیسرے میچ بھارت اور جنوبی افریقہ آمنے سامنے ہوں گے۔

اس سے قبل کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے سنسنی خیز میچ کے بعد زمبابوے کو 3 رنز سے شکست دی تھی۔

پاکستان کو سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے کے لیے نیدرلینڈز کو شکست دینا لازمی تھا، دو روز قبل کھیلے گئے میچ میں زمبابوے نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو ایک رن سے شکست دی تھی، ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی یہ مسلسل دوسری شکست تھی اور وہ تاحال کوئی پوائنٹ حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے، تاہم پوائنٹس ٹیبل پر بہتر رن ریٹ کی بدولت نیدرلینڈز سے ایک نمبر آگے ہے۔

یاد رہے کہ ٹی 20 ورلڈکپ کے پہلے میچ میں پاکستان کو بھارت نے انتہائی سنسی خیز مقابلے کے بعد آخری گیند پر 4 وکٹوں سے شکست دی تھی۔