جمالیات

کمرے کی ویڈیو پر کوہلی، انوشکا ناراض: ’اگر بیڈروم میں بھی یہ ہوسکتا ہے تو حد کیا ہے؟‘

Share

انڈین کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وراٹ کوہلی آسٹریلیا میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران پاکستان اور نیدرلینڈز کے خلاف اپنی کارکردگی کے سبب سرخیوں میں ہیں، لیکن اس دوران کوہلی نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے شدید ناراضی کا اظہار کیا ہے۔

ویڈیو میں بظاہر یہ لگتا ہے کہ کوئی شخص کوہلی کے ہوٹل کے کمرے کے اندر موجود ہے اور اس کی ویڈیو بنا رہا ہے۔  

انسٹاگرام پر اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے کوہلی نے لکھا کہ ان کی پرائیویسی یا نجی زندگی کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔ 

ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی لکھا کہ کھلاڑیوں اور معروف شخصیات کو صرف دل بہلانے کا سامان نہیں سمجھنا چاہیے۔ اس پوسٹ کے ساتھ انھوں نے جو ویڈیو شیئر کی ہے اسے کسی دوسرے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر شیئر نہیں کیا گیا تھا۔ یہ ویڈیو مبینہ طور پر کوہلی کے ہوٹل کے کمرے میں ان کی اجازت کے بغیر ریکارڈ کی گئی۔  

کوہلی نے لکھا کہ ’میں سمجھتا ہوں کہ فینز اپنے پسندیدہ کھلاڑی کو دیکھ کر پُرجوش ہو جاتے ہیں اور ان سے ملنا چاہتے ہیں۔ میں نے ہمیشہ اس کی تعریف کی ہے۔ لیکن یہ ویڈیو تکلیف دہ ہے، میں اپنی پرائیویسی کے بارے میں فکرمند ہوں۔‘

کوہلی نے لکھا ’اگر میرے ہوٹل کے کمرے میں بھی مجھے پرائیویسی نہیں مل پائے گی تو میں کہیں اور اپنی پرسنل سپیس کی امید کیسے کر سکتا ہوں؟ میں اس قسم کے جنون اور پرائیویسی میں دخل دینے کے طریقوں کو پسند نہیں کرتا۔ برائے مہربانی لوگوں کی پرائیویسی کا احترام کریں اور اپنا دل بہلانے کا سامان نہ سمجھیں۔‘

وراٹ کوہلی اور انوشکا شرما

کوہلی کے انسٹاگرام پوسٹ پر آسٹریلیا کے کھلاڑی ڈیوڈ وارنر نے لکھا ’یہ کوئی مذاق ہے؟ یہ کسی بھی صورت میں قابل قبول نہیں ہے۔‘

کوہلی کے کمرے کی ویڈیو لیک ہونے پر ان کی اہلیہ اور بالی وڈ اداکارہ انوشکا شرما نے بھی شدید غصے کا اظہار کیا ہے۔

انوشکا نے اپنی انسٹاگرام سٹوری پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ماضی میں بھی اس قسم کے کئی واقعات پیش آ چکے ہیں، جب مداحوں نے ہم پر بالکل بھی رحم نہیں کیا۔ یہ بہت ہی گھٹیا اور انسانیت کے خلاف حرکت ہے۔‘

انھوں نے آگے لکھا ’جو بھی اسے دیکھ کر یہ سوچتا ہے کہ سیلیبریٹی ہو تو برداشت تو کرنا پڑے گا، انھیں پتا ہونا چاہیے کہ وہ لوگ بھی اس مسئلے کا حصہ ہیں۔

’خود پر تھوڑا کنٹرول رکھنا سب کے حق میں اچھا ہوتا ہے۔ اگر آپ کے بیڈ روم میں ایسا ہو سکتا ہے، تو کوئی حد کہیں رہی ہے کہیں؟‘

ماضی کے واقعات

رواں برس جنوری میں کوہلی نے اس وقت پرائیویسی کا سوال اٹھایا تھا جب کیپ ٹاؤن میں سٹیڈیم میں موجود ان کی بیٹی وامیکا کی تصاویر اتار لی گئی تھیں۔

اس وقت بھی کوہلی اور انوشکا نے اعتراض کیا تھا اور لوگوں سے اپیل کی تھی کہ ان کی بیٹی کی تصاویر کہیں شائع نہ کی جائیں۔

انوشکا شرما نے سوشل میڈیا پر مداحوں کا شکریہ ادا کیا تھا
،تصویر کا کیپشنانوشکا شرما نے سوشل میڈیا پر مداحوں کا شکریہ ادا کیا تھا

اس سال اگست میں جب کوہلی انوشکا اور وامیکا کے ساتھ چھٹیاں منا کر پیرس سے ممبئی لوٹ رہے تھے، تب بھی ان کی بیٹی کی ایئر پورت پر تصاویر لینے کی کوشش کی گئی تھی۔

تب انھوں نے کہا تھا ’وامیکا کو جانے دو۔ کیمرا نیچے کر دو۔ بہت نیند میں ہے۔ گاڑی میں جانے دو۔ پھر آئیں گے۔‘

بعد میں بیٹی کو گاڑی میں چھوڑ کر کوہلی اور انوشکا واپس آئے اور تصاویر بنوائی۔

ہوٹل نے معافی مانگی

جس ہوٹل سے کوہلی کی ویڈیو لیک ہوئی اس کی ا نتظامیہ نے معافی مانگی ہے۔

ہوٹل نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’ہم کھلے دل سے اس واقعے سے متاثرہ مہمان سے معافی مانگتے ہیں۔ ہم یہ یقینی بنائیں گے کہ مستقبل میں ایسا کوئی واقعہ پیش نہ آئے۔‘

ہوٹل کی انتظامیہ نے یہ بھی کہا کہ ’کراؤن ہوٹل نے اس معاملے کو حل کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے ہیں۔ اس واقعے کے لیے ذمہ دار شخص کو معطل کر دیا گیا ہے۔

’کراؤن اس معاملے میں تھرڈ پارٹی کنٹریکٹر کے ساتھ مل کر (آزادانہ) تفتیش کر رہا ہے۔ تفتیش کے بعد ایسے اقدامات کیے جائیں گے جس سے اس طرح کا واقعہ دوبارہ کبھی نہ ہو۔‘

آئی سی سی کی ماضی کی ایک تصویر (فائل فوٹو)
،تصویر کا کیپشنآئی سی سی کی ماضی کی ایک تصویر (فائل فوٹو)

 آئی سی سی نے کیا کہا؟

کرکٹ کی بین الاقوامی تنظیم آئی سی سی نے اس واقعے کو بے حد افسوس ناک قرار دیا ہے۔

آئی سی سی نے کہا ’پرائیویسی کی اس طرح کھلم کھلا خلاف ورزی بہت افسوس ناک ہے۔ اس واقعے نے کوہلی کو نقصان پہنچایا ہے۔‘

آئی سی سی نے یہ بھی کہا کہ ’ہم ایسے ہوٹلوں اور وہاں سکیورٹی فراہم کرنے والوں کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے تاکہ ایسا واقعہ دوبارہ نہ ہو اور کھلاڑیوں کی پرائیویسی پرآنچ نہ آئے۔‘