حامد میر نے خبر ناک میں دھما چوکڑی مچا دی !

ابو دانیال 

15اکتوبرکی رات خبر ناک کے لائیو شو میں حامد میر نے ایسی گفتگو کی کہ لگتا تھا کہ انھوں نے پروگرام کی مت مارنے کا تہیہ کیا ہوا ہے ۔اپنے ہی چینل کے مقبول کامیڈی پروگرام کے ساتھ انھوں نے جو سلوک کیا وہ فوراً ہی مارکیٹ میں زیر بحث آگیا ۔ وِب پر دکھانے والی سائیٹس نے اس پر ’’ اینگری حامد میر ‘‘کا کیپشن لگا یا ۔خود جیو ٹی وی کے کرتا دھرتا ان کا یہ رویہ دیکھ کر ششدر رہ گئے ۔hamid mir

ذرائع کے مطابق جیسے ہی حامد میر کو معلوم ہوا کہ آج علی میر ،مولانا فضل الرحمان کا روپ دھاریں گے ، انھوں نے فوراً مولانا موصوف کو فون کیا ۔ اور اس کے بعد دیکھنے والے بتاتے ہیں کہ ان کا موڈ آف ہوتا گیا۔ چنانچہ جیسے ہی پروگرام کا آغاز ہوا ، حامد میر کامیڈی پروگرام کے مزاج کے برعکس، منہُ پھلا کر بیٹھ گئے، اور انھیں پروگرام کے آغاز ہی میں ’رپھڑ ‘ ڈالنے کا موقع مل گیا۔ انھوں نے پہلی بال پر چھکا لگا دیا اور میر علی کی شرارت پر کہا کہ آپ مولانا کے گٹ اپ میں یہ حرکت نہیں کر سکتے ، اس لیے اپنے الفاظ واپس لیں ۔ اور یہی وہ ڈیل تھی جو انھوں نے غالباًفون پر مولانا فضل الرحمان سے کی ہو گی۔ اور اس ’جنٹلمین ایگریمنٹ ‘کو انھوں نے پورے پروگرام میں بھر پور طریقے سے نبھایا ۔علی میراس سے قبل متعدد دفعہ مولانا فضل الرحمان کے گٹ اپ میں خاصی ’’گمبھیر ‘‘ شرارتیں کر چکے تھے۔ ناچ چکے، بھارتی اداکاراؤں سے محبت کا اظہار کر چکے ، ’’آئٹم سانگ گاچکے لیکن نہ اس پر مولانا فضل الرحمان کی طرف سے کوئی احتجاج رجسٹر ہوا تھا اور نہ انتظامیہ کی طرف سے کچھ کہا گیا لیکن اس دفعہ حامد میر غیرت بریگیڈ میں شامل ہو گئے اور کہا کہ وہ داڑھی کی بے عزتی نہیں برداشت کر سکتے ۔ اپنی ایمانی پختگی کا اظہار کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ انھیں جب یہ معلوم ہوا کہ مولانا فضل الرحمان کی ڈمی بن رہی ہے تو میں نے پروگرام میں شرکت کرنے کا ارادہ ہی ملتوی کردیا ۔ لیکن سوال یہ ہے کہ پھر کس وجہ سے پروگرام میں بیٹھے ؟ پروگرام کو خراب کرنے کے لیے یا کسی سے وعدہ نبھانے کے لیے؟یا انھیں یہ غلط فہمی تھی کہ علی میر، مولانا فضل الرحمان کے روپ میں پروگرام میں باجماعت نماز پڑھائیں گے ؟ حالانکہ دنیا بھر میں جب بھی مولانا حضرات کا رول پرفارم کیا جاتا ہے تو چہرے پر ہی داڑھی تو لگائی جاتی ہے اور اسے کوئی سنت رسول کی اہانت نہیں سمجھا جاتا !لیکن حامد میر نے کیونکہ تہیہ کیا ہوا تھا کہ علی میر کو اتنا زچ کریں گے کہ وہ پروگرام ہی نہیں کرپائیں گے لیکن شاباش ہے علی میر کی حیرت انگیز قوت برداشت اور ایک حاضر دماغ پروڈکشن ٹیم پر کہ انھوں نے حامد میر کی انتہائی کوششوں کو پوری طرح ناکام کر دیا اور وہ پروگرام سے علامتی واک آؤٹ کرنے کے بعد بھی واپس آگئے۔ میر صاحب نے جب دیکھا کہ علی میر واپس آگئے ہیں اور پروگرام دوبارہ ٹریک پر آگیا ہے تو انھوں نے ایک اور کوشش کی اور علی میر کو کہا کہ آپ کی تیاری پوری نہیں ، معلوم نہیں آپ اخبار بھی پڑھتے ہیں یا نہیں ، آپ کے پاس کوئی معلومات ہی نہیں ،آپ کو یہ رول کرنا ہی نہیں چاہیے ،عین فلور پر شاید ہی کبھی کسی نے ایسے منفی کمنٹس کیے ہوں! میر صاحب نے عائشہ جہاں زیب کی طبیعت بھی خوب درست کی لیکن اس نے بھی کمال درجے کے ردعمل کا مظاہرہ کیا۔ حامد میر کے سینئر ہونے کا بھی لحاظ رکھا اور اپنا اعتماد بھی نہیں کھویا ۔
صرف یہی نہیں کہ حامد میر صاحب نے پروگرام کو’ شام غریباں ‘ بنانے کی کوشش کی بلکہ انھوں پروفیشنل بد دیانتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عائشہ کے اس سوال کو بھی رد کردیا کہ مولانا فضل الرحمان عورت کی سربراہی کے قائل نہیں تھے اور پھر بھی بینظیر بھٹو کی حمایت کی ۔ اب یہ بات کسے معلوم نہیں دیوبندی علماء متفقہ طور پر عورت کی سربراہی کے خلاف ہیں ۔ اوراُس وقت بھی مولانا فضل الرحمان پر تنقید کی گئی تھی لیکن تب بھی مولانا فضل الرحمان نے ایک دفعہ بھی یہ نہیں کہا تھا کہ وہ عورت کی حکمرانی کے قائل ہیں ۔ بلکہ اب بھی ان کی رائے یہی ہے اسلام میں عورت کو حکمرانی اور جج بننے کا حق نہیں ہے ۔ لیکن حامد میر نے جوش میں آکر یہ موقف بھی مولانا فضل الرحمان کے کھاتے میں ڈال دیا کہ وہ عورت کی حکمرانی کے قائل ہیں۔ اسی طرح بھارت کے دورے پر جب مولانا فضل الرحمان نے تحریک آزادی کے دوران مسلم لیگ کے مقابلے میں جمعیت علمائے ہند کے موقف کا دفاع کیا تھا تو انھیں پاکستان میں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن اس ضمن میں کیے گئے سوال پر بھی حامد میر مولانا فضل الرحمان کی ڈھال بن کر کھڑے ہو گئے ۔ مزید دلچسپ بات یہ ہے کہ وہ ایک طرف PTI کے اسلام آباد دھرنے کی حمایت کر رہے تھے اور اور دوسری طرف مولانا فضل الرحمان کی حمایت !اور توقع ہے کہ ان کی یہ ڈیل کیونکہ صرف اس پروگرام کی حد تک تھی اس لیے دنیا دیکھے گی وہ ’اصولوں‘ کی بنیاد پر کس قدر تیزی سے اپنی توپوں کارخ مولانا فضل الرحمان کی طرف موڑتے ہیں ۔
لوگ اس سارے رویے پر یہ تو ضرور پوچھیں گے کہ میر صاحب ! جس چینل نے اپنی بقا داؤ پر لگا کر آپ کا دفاع کیا ، اس کے ساتھ آپ کا یہ رویہ کچھ سمجھ میں نہیں آیا ؟ کہیں آپ دوسرے چینلز کو یہ پیغام تو نہیں دے رہے تھے کہ آپ کاجیو سے جی بھر گیا ہے اور اب آپ برائے فروخت ہیں !

loading...

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *