اٹلی کی امیگریشن تاریخوں کا اعلان

mehmood-asghar-chaudhry

اٹلی کی موسمی امیگریشن کا قانون اگلے سوموار سے سرکاری گزٹ میں آجائے گا جس کے تحت تیس ہزار آٹھ سو پچاس غیر یورپی شہری اٹلی کی امیگریشن لے سکیں گے ۔ اس امیگریشن میں پاکستانی شہری بھی اٹلی میں محدود مدت کے کام کے کنٹرکٹ کے لئے اٹلی کی محدود مدت کی امیگریشن لے سکتے ہیں اس کے لئے ضروری ہے کہ اٹلی میں موجود کوئی زمیندار اپنے کھیتوں میں کام کے لئے یا پھر اٹلی کے کسی تفریحی مقام پر موجودکسی ہوٹل کا مالک متعلقہ پاکستانی کا ویزہ اٹلی سے اپلائی کرے ۔ اس کے علاوہ ایسے پاکستانی جو اٹلی میں تعلیم کے سلسلے میں مقیم ہیں یا گزشتہ سال زرعی یا موسمی کام کے ویزہ کے لئے اٹلی آئے تھے اور ابھی بھی قانونی طور پر مقیم ہے ان کے لیے بھی ممکن ہوگا کہ وہ اپنی عارضی یا محدود مدت کے ویزہ کو مستقل کروا سکے ۔مورخہ 14مارچ سے ایسے تمام غیر ملکی اپنی درخواست تیار کر سکیں گے جو اٹلی میں پہلے سے ہی کسی دوسرے ویزہ پر موجود ہیں اور وہ اپنی امیگریشن کو مستقل بنا نا چاہتے ہیں وہ یہ درخواست مورخہ 20مارچ کو بھیج سکیں گے اس کے علاوہ جو لوگ پاکستان سے آنا چاہتے ہیں ان کے مالکان کو موقع دیا جائے گا کہ وہ اٹلی کی وزارت داخلہ کی ویب سائیٹ پر مورخہ 21مارچ سے آن لائین درخواست تیار کرلیں اور ان کے لئے مورخہ 28مارچ کی تاریخ ہوگی کہ وہ اپنے ورکروں کے لئے درخواست بھیج سکیں ویسے تو یہ امیگریشن 31دسمبر2017ء تک کھلی رہے گی لیکن چونکہ دوسرے ممالک سے صرف سترہ ہزار غیر ملکی اٹلی کا ویزہ حاصل کر سکیں گے اور یہ امیگریشن پہلے آئیے اور پہلے پائیے کے اصول پر کھلتی ہے اس لئے بہتر یہی ہے کہ 28مارچ کو ہی درخواست چلی جائے کیونکہ بعد میں اگر کوٹہ ختم ہو جائے تو درخواست مسترد ہو جاتی ہے
ایسے تمام مالکان جن کا کام ایگریکلچر سے وابستہ ہے یا ہوٹل یا کسی ایسے ریسٹورنٹ سے وابستہ ہے جو محدود مدت کے کنٹرکٹ پر کسی ورکر کو لانا چاہتے ہیں ان کے لیے ضروری ہوگا کہ وہ 21مارچ سے وزارت داخلہ کی ویب سائیٹ پرجا کر اپنے نام سے رجسٹریشن کریں اور آن لائین درخواست مکمل کرنا شروع کر دیں آنے والے ورکر کا صرف پاسپورٹ کی فوٹو کاپی درکار ہوگی جس کی مدد سے اس کا بائیوڈاٹا درخواست میں لکھا جائے گا درخواست مکمل کرکے اسے محفوظ یعنی سیو کرنے کا آپشن ہوگا اس کے بعد مقررہ تاریخ یعنی 28مارچ کا انتظار کرنا ہوگا اور اس صبح وہ آن لائین اپنے مزدور کے لئے درخواست بھیج سکیں گے ۔ مالکان اگر چاہیں تو اپنی یوینیز کی مدد بھی لے سکتے ہیں جو آن لائین درخواست تیار کرنے اور اسے بھیجنے والا سارا عمل اپنے دفتر سے کر سکتے ہیں ۔
یہ امیگریشن صرف محدود مدت کا کام کے معاہدے کے لئے کھلتی ہے ۔ یعنی اٹلی والے اپنے کھیتوں اور اپنے ریستورانوں میں کام نپٹانے کے لئے موسم گرما میں غیر یورپی مزدور بلاسکتے ہیں اس قانون کے تحت مختلف ممالک سے محدود مدت کے لئے مزدوروں کو اٹلی بلایا جا سکتا ہے لیکن کام ختم ہونے کے بعد انہیں واپس جانا ہوتا ہے یہ ویزہ زیادہ سے زیادہ 9ماہ کے لئے ہوتا ہے ۔ سال 2017ء کے لئے مختص کیے گئے کوٹے کے مطابق ویسے تو 30850غیر یورپی شہریوں کو اٹلی کی امیگریشن دی جائے گی لیکن ان میں سے صرف 17ہزار نئے غیر یورپی مزدور اٹلی آسکیں گے ۔ باقی کوٹہ ان لوگوں کے لئے مختص ہے جو اٹلی میں قانونی طور پر رہائش پذیر تو ہیں لیکن وہ اب اپنے عارضی قیام کو مستقل بنا سکیں
جو لوگ مورخہ 14مارچ سے درخواست تیا ر کر سکیں گے اور مورخہ 20مارچ کو بھیجیں گے ان کے کوٹہ کی تفصیل کچھ یوں ہے
500ایسے شہریوں کو اٹلی کی امیگریشن دی جائے گی جنہوں نے اپنے اپنے ممالک میں اطالوی ایمبیسی کے تعاون سے کام کے کورس کئے ہوئے ہیں
100ایسے شہریوں کو اٹلی کی امیگریشن دی جائے گی جن کے آباؤ اجداد اطالوی تھے یہ کوٹہ ارجنٹائین ، وینزویلا، اور برازیل جیسے ممالک کے لئے ہوتا ہے جہاں پچھلی صدی میں اطالوی رہ چکے تھے
2400ایسے غیر ملکیوں کو اٹلی کی امیگریشن دی جائے گی جو بزنس کے کوٹہ پر اپلائی کریں گے
5750ایسے شہریوں کواٹلی کی مستقل امیگریشن مل سکے گی جو اٹلی میں پہلے سے ہی موسمی کام یعنی عارضی یا محدود مدت کے معاہدے پر قانونی طور پر مقیم ہیں اب ا س کوٹہ کی مدد سے وہ اپنی سوجورنو تبدیل کر سکیں گے
4000ایسے شہریوں کواٹلی کی مستقل امیگریشن مل سکے گی جو اٹلی میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور اسٹڈی ویزہ پر قانونی طور پر مقیم ہیں اب اس کوٹہ کی مدد سے اگر انہیں جاب مل جائے تو وہ اپنے اسٹڈی ویزہ کو نارمل سوجورنو میں تبدیل کر سکیں گے
500 ایسے شہریوں کواٹلی کی مستقل امیگریشن مل سکے گی جو اٹلی میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور اسٹڈی ویزہ پر قانونی طور پر مقیم ہیں اب اس کوٹہ کی مدد سے وہ اپنی سوجورنو کو بزنس سوجورنو میں تبدیل کر سکیں گے
100ایسے شہریوں کو اٹلی کی امیگریشن مل سکے گی جن کے پاس کسی دوسرے یورپی ملک کی لا محدود مدت کا کارڈ ہے
اس کے علاوہ جو اطالوی شہری پاکستان سے مزدوروں کو بلائیں گے ان کی درخواست اٹلی کی وزارت داخلہ کی ویب سائیٹ سے 21مارچ کو تیار کی جائے گی اور 28مارچ کو بھیجی جا سکے گے یہ امیگریشن اٹلی کے امیگریشن قانون کے آرٹیکل نمبر 24کے تحت کھلتی ہے اس قانون کے تحت کوئی بھی اطالوی مالک یا اٹلی میں قانونی طور پر رہائش پذیر تارک وطن شہری جسے موسمی کام اور محدود مدت کے لئے کسی غیر یورپی مزدو ر کی ضرورت ہو یعنی زراعت میں کوئی پھل وغیرہ توڑنے یا کسی فصل کی کٹائی کا سیزن ہو اور اس کی مزدوری کے لیے اگر کسی کام کے مالک کو ورکرز کی ضرورت ہو یا پھراٹلی کے کسی تفریحی مقام پر ریسٹورنٹ اور ہوٹل میں سیر کے موسم میں ورکرز کی ضرورت پیش آجائے تو وہ اس قانون کے تحت کسی دوسرے ملک سے مزدوراٹلی بلا سکتا ہے امیگریشن اوپن ہونے کے بعد مالکان کی ایسوسی ایشن انٹرنیٹ کے ذریعے آن لائن درخواست بھیجتی ہیں اور اپنے مطلوبہ ورکرکو دوسرے ملک سے بلاسکتی ہیں درخواست منظور ہوجانے کے بعد علاقہ کا امیگریشن آفس ’پریفیتورا‘ ویزا لیٹر جاری کردیتا ہے کام کا مالک اپنے ورکر کویہ لیٹر بھیج دیتا ہے اور وہ اپنے ملک میں موجود ایمبیسی سے ویزہ لیکر اٹلی کام کرنے آسکتا ہے

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *