دنیائے کرکٹ کے کون کون سے مشہور کھلاڑی بالی وڈ اداکاراؤں کی زلفوں کے اسیر ہوئے ؟

17

نئی دہلی ۔ بھارت کے معروف کرکٹر ظہیر خان اور اداکارہ ساگریکا گھاٹگے نے رواں ہفتے اپنی منگنی کا علان کر کے سب کو چونکا دیا تھا ،گوکہ یہ کوئی ’’انہونی ‘‘ نہیں تھی کیونکہ گذشتہ چند ماہ سے خبریں گردش میں تھیں کہ بھارت کے معروف سابق فاسٹ باؤلر بالی ووڈ حسینہ ساگریکا گھاٹکے کی نہ صرف زلفوں کے اسیر ہو چکے ہیں بلکہ ظہیر خان اکثر و بیشتر اسی ’’گھاٹ ‘‘ پر پانی بھرتے دیکھے جا چکے ہیں ۔

ابھی حال ہی میں بھارتی کرکٹ ٹیم کے ایک اور کھلاڑی یوراج سنگھ نے معروف ماڈل ہیزل کیچ سے شادی رچائی تو اس شادی کی تقریب میں ظہیر خان ساگریگا گھاٹکے کے ہاتھوں میں ہاتھ ڈالے پہنچے تو میڈیا نے اس ’’جوڑی ‘‘ کے بارے میں مزے لے لے کر خبریں نشر کیں ۔ویسے یوراج سنگھ اور ظہیر خان ہی نہیں دنیا بھر کے کئی معروف کرکٹرز ایسے تھے جو بالی ووڈ حسیناؤں کے سحر میں جکڑے گئے اور کئی ایک نے تو بھارتی فلم انڈسٹری کی نامور حسیناؤں سے شادی بھی کر لی تھی۔آ ج ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ ایسے کون کون سے کرکٹرز تھے جنہوں نے بھارتی فلم انڈسٹری کی مشہور ادکاراؤں سے شادی کی ۔


شرمیلا ٹیگور اور منصور علی خان پٹودی
ٹائیگر پٹودی کے نام سے مشہور منصور علی خان کو بھارتی کرکٹ ٹیم کے بہترین کپتانوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے، 60 کی دہائی میں نواب پٹودی’’ کشمیر کی کلی‘‘ کے نام سے مشہور اپنے وقت کی مشہور بھارتی فلمی حسینہ شرمیلا ٹیگور کی بے باکی اور چنچل اداؤں کے آگے اپنا دل ہار بیٹھے ،پہلے سلام دعا ،پھر ملاقاتیں اور پھر اندھیرے سویرے ہونے والی یہ ملاقاتیں ’’دوطرفہ محبت‘‘ میں تبدیل ہو گئیں جس کے بعد انڈیا کے دونوں معروف ستاروں نے سال 1969 میں شادی کر لی۔شادی کے بعد شرمیلا نے اپنا نام تبدیل کرتے ہوئے عائشہ سلطانہ رکھ لیا ،اس جوڑی کے ہاں تین بچے پیدا ہوئے جن میں 2بیٹیاں سوہا علی خان اور صبا علی خان جبکہ بھارتی فلم انڈسٹری میں ’’چھوٹے نواب‘‘ کے نام سے مشہور سیف علی خان پیدا ہوئے ۔نواب منصور علی خان کا 70سال کی عمر میں 22ستمبر2011ء کو انتقال ہوا ۔42سال رشتہ ازدواج میں گذارنے والے یہ میاں بیوی بھارت کی مثالی جوڑی تصور کی جاتی تھی ۔یاد رہے کہ اس شادی کے 43 سال بعد بھارتی حسینہ کرینہ کپور خان نے شرمیلا کی شادی کا جوڑا اپنی شادی میں پہنا تھا، کرینہ اور سیف علی خان اکتوبر 2012ء میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے۔


رینا رائے اور محسن خان
اپنے دور کی انتہائی بے باک اور چلبلی اداکارہ رینا رائے نے پاکستانی کرکٹر محسن حسن خان کو اپنی اداؤں سے ایسا ’’پاگل ‘‘ کیا کہ پاکستان کا یہ ’’ گورا چٹا پٹھان کرکٹر‘‘بھارتی فلم انڈسٹری کی اس مشہور اداکارہ کے آگے دل ہار گیا ،جس کے بعد ان دونوں نے 1983ء میں شادی کر لی جبکہ بھارت کی معروف اداکارہ رینا رائے شادی کے بعد  اپنا کامیاب فلمی کیرئیر اور ہندوستان چھوڑ کر کراچی شفٹ ہو گئی ۔کچھ عرصہ بعد اس حسینہ کو ممبئی کی یاد ستانے لگی تو رینا رائے90کی دہائی میں محسن حسن خان سمیت ممبئی لوٹ گئی جہاں محسن حسن خان نے بھی بالی ووڈ نگری میں اپنی قسمت آزمانے کی کوشش کی ،محسن حسن خان نے معروف فلمساز جے پی دتہ کی ’’بٹوارہ ‘‘ اور مہیش بھٹ کی ’’ساتھی ‘‘ سمیت ’’میڈیم ایکس ‘‘ اور گناہ گار کون‘‘ نامی فلموں میں کام کیا لیکن پاکستان کا سابق کرکٹر بھارتی فلم انڈسٹری میں اپنے قدم جمانے میں کامیاب نہیں ہو سکا ۔محسن حسن خان اور رینا رائے کے ہاں ایک بیٹی ’’جنت ‘‘ پیدا ہوئی لیکن یہ شادی  بھی زیادہ عرصہ تک نہیں چل سکی اور رینا رائے کو طلاق دینے کے بعد محسن حسن خان نے بالی وودڈ کو بھی ہمیشہ کے لئے خیر آباد کہہ دیا ۔

محمد اظہر الدین اور سنگیتا بجلانی
محمداظہر الدین بھارت کرکٹ ٹیم کا ایسا کامیاب نام ہے ،جن کے ذکر کے بغیر انڈین کرکٹ کی تاریخ ادھوری ہے ،ہندوستان کی کرکٹ ٹیم کے اس کامیاب مسلمان کرکٹر نے شادی شدہ ہونے کے باوجود بالی ووڈ کی معروف اداکارہ سنگیتا بجلانی کے عشق میں ’’مبتلا ‘‘ ہونے کے بعد اپنی پہلی بیوی نورین سے طلاق لے کر 1996ء میں سنگیتا بجلانی سے شادی کر لی ،شادی کے بعد محمد اظہر الدین کا نام بہت سارے تنازعات میں گھر ا رہا ، میچ فکسنگ کے الزام اور مصدقہ ثبوتوں کے بعد ان پر ’’تاحیات‘‘ کرکٹ کے دروازے بند کر دیئے گئے ۔کرکٹ کے دروازے بند ہونے کے بعد محمد اظہر الدین کی نجی زندگی بھی کوئی بہت خوش گوار ثابت نہیں ہوئی اور دونوں نے 2010ء میں علیحدگی اختیار کرتے ہوئے طلاق لے لی ۔ابھی حال ہی میں محمد اظہر الدین کی زندگی پر ’’اظہر ‘‘ نامی ایک فلم بھی بنی جس میں معروف بھارتی کرکٹر کا کردار عمران ہاشمی نے ادا کیا ۔


ویوین رچرڈز اور نینا گپتا
ویسٹ انڈیز کے افسانوی کھلاڑی ویوین رچرڈز اور نینا گپتاکی ’’پیار کہانی ‘‘ 80کی دہائی میں بالی ووڈ کی مقبول ترین کہانیوں میں شمار ہوتی ہے ،ویوین رچرڈز 80کی دہائی میں دنیائے کرکٹ کے مشہور ترین کھلاڑی تھے بھارتی اداکارہ نینا گپتا اس ’’کالے کرکٹر‘‘ کی دیوانی تھی ،ویوین بھارت میں کھیلنے کے لئے آئے تو نینا گپتا نے نہ صرف اپنے ’’محبوب‘‘ سے ملاقات کی بلکہ بے دھڑک اظہار محبت بھی کر ڈالا ،ویوین رچرڈ بھارتی فلموں کی اس حسینہ کی اداؤں سے مسحور اور لمبی زکفوں کے اسیر ہو گئے۔دونوں نے ایک ساتھ رہنے کا فیصلہ کیا ،اور کچھ عرصہ شب و روز اکھٹے گذارے ،اس دوران ان کے ہاں ایک بیٹی ’’مسابا ‘‘ بھی پیدا ہوئی ، بعض لوگ کہتے ہیں کہ ان دونوں نے با ضابطہ شادی نہیں کی تھی لیکن یہ ’’رشتہ ‘‘زیادہ دیر نہیں چل سکا اور دونوں میں علیحدگی ہو گئی ۔نینا گپتا نے 2008ء میں امریکہ میں رہائش پذیر چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ویویک مہرا سے شادی کر لی تھی ۔ویوین رچرڈز اور نینا گپتا کی بیٹی مسابا ممبئی میں رہتی ہیں اور معروف فیشن ڈیزائنر ہیں اور انہوں نے 2015ء میں شادی کی تھی ۔
سر گیری سوبرز اور انجو مہنیدرو


ویسٹ انڈیز کے سرگیری سوبرز کو دنیا کا سب سے عظیم آل راؤنڈر تسلیم کیا جاتا ہے اور دنیائے کرکٹ میں انہیں یکساں احترام کی نظر سے دیکھا جاتا ہے، ان کی ذاتی زندگی بھی خاصی دلچسپ ہے۔سرگیری سوبرز جب 1966۔67ء میں ہندوستان کے دورے پر آئے تو بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ انجو مہندرو سے ان کی ایک پارٹی میں ملاقات ہوئی،گیری سوبر بھارتی حسینہ کا بے باک رقص دیکھ کر ’’ہوش کھو بیٹھے‘‘جبکہ دنیائے کرکٹ کے اس عظیم کرکٹر کی شہرت سے انجو مہیندرو کی آنکھیں بھی ’’چندھیا ‘‘گئیں اور دونوں نے منگنی کر لی ۔اکثر ایک ساتھ دیکھے جانے والا یہ جوڑا شادی بھی کرنا چاہتا تھا لیکن گیری سوبرز اپنے مصروف کرکٹ کیرئیر کی وجہ سے اکثر غیر ملکی دوروں پر رہتے تھے جس کی وجہ سے شادی تو نہ ہو سکی لیکن ان دونوں نے ایک دوسرے سے مکمل علیحدگی اختیار کر لی ،ویسٹ انڈیزکے اس بڑے کرکٹر نے 1969ء میں آسٹریلوی خاتون پریو کربی سے شادی کی جن سے ان کے دو بیٹے ہیں جبکہ انجو مہیندرو گیری سوبرز سے علیحدگی کے بعد بھارتی فلموں کے مشہور ہیرو راجیش کھنہ سے پیار کی پینگیں لڑاتی رہیں لیکن اس بالی ووڈ ہیرو نے بھی انجو سے شادی نہ کی ۔
ورات کوہلی اور انوشکا شرما


بھارت کرکٹ ٹیم کے کپتان اور مشہور بلے باز ورات کوہلی اور بھارتی فلموں کی خوبرو اداکارہ انوشکا شرما کی ’’لو سٹوری‘‘ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں رہی ،ان دونوں کی ’’پیار کہانی ‘‘ میں کئی مرتبہ بریک اَپ کی خبریں بھی آئیں لیکن اس جوڑی کی محبت بڑھتی جا رہی ہے اور بھارت میں اس جوڑی کو پسند بھی کیا جاتا ہے ۔4سال سے محبت کی ڈوری میں بندھی یہ جوڑی نے گو کہ اب تک شادی نہیں رچائی لیکن ہر جگہ دن ہو رات’’ محبت کے یہ مسافر‘‘ ایک ساتھ دیکھے جاتے ہیں ،کچھ عرصہ پہلے تک اپنی ’’محبت ‘‘ کو چھپانے والے ورات کوہلی نے رواں سال ’’ویلنٹائن ڈے ‘‘ کے موقع پر اپنے معاشقے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ جلد ہی شادی کرنے والے ہیں ۔
یوراج سنگھ اور ہیزل کیچ


معروف بھارتی کرکٹر یوراج سنگھ اپنے ساتھی کرکٹر ہربجھن سنگھ کی شادی کے موقع پر معروف برطانوی ماڈل ہیزل کیچ کی سنہری زلفوں کے اسیر ہوئے ، پھر محبت کا اقرار کیا اور منگنی کی اور گذشتہ سال نومبر میں شادی کر لی ۔یوراج سنگھ نے ہیزل کیچ سے چندی گڑھ اور گوا میں شادی کی تقریبات منقعد کیں جبکہ دہلی میں بھی خوبصورت استقبالیہ دیا تھا جس میں بھارتی کرکٹ ٹیم اور بالی ووڈ فلم انڈسٹری کی اہم شخصیات نے شرکت کی تھی ۔
ہربھجن سنگھ اور گیتا بسرا


بھارتی کرکٹ ٹیم کےء معروف آف سپنرہربھجن سنگھ اور اداکارہ گیتا بسر انے تقریبا 5سال تک محبت کا کھیل کھیلنے کے بعداکتوبر 2015ء میں شادی کے بندھن میں بندھ گئے تھے ،ان دونوں بھارتی ستاروں کی شادی نے کافی دھوم مچائی تھی جس میں کرکٹ اور بالی وڈ کے کئی بڑے ستارے شامل ہوئے تھے،گذشتہ سال اس بھارتی جوڑے کے ہاں ایک بیٹی پیدا ہوئی تھی جس پر دونوں انتہائی خوش دکھائی دیئے تھے۔یاد رہے کہ حال ہی میں ہر بھجن سنگھ اور گیتا بسرا نے معروف ریالٹی شو ’’ نچ بلیئے‘‘ میں خصوصی اپیرنس دی تھی ۔
سلیم درانی اور پروین بوبی


اب چلتے ہیں عالم کرکٹ کے ایک اور خوبرو کھلاڑی سلیم درانی کی طرف۔ وہ کابل میں پیدا ہوئے، پٹھان تھے لیکن جام نگر میں پرورش پائی۔ سلیم درانی کو اس پہلے ہندوستانی کرکٹر کا اعزاز حاصل ہے جس نے کسی فلم میں اہم رول ادا کیا ہو۔ 1973 ء میں انھوں نے بالی ووڈ فلم چرترا میں حسین اداکارہ پروین بوبی کے مقابل ہیرو کا کردار ادا کیا۔ کہا جاتا ہے کہ دونوں کے درمیان مختصر سے عرصہ تک عشق بھی جاری رہا جو بالی ووڈ سے لے کر کرکٹ کی دنیا میں موضوع بحث بنا رہا۔ سلیم درانی کے بارے میں یہ بھی کہا جاتا ہے کہ وہ ہندوستان کے اْن چار کرکٹ کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں جن کی لڑکیاں دیوانی ہوا کرتی تھیں۔ دیگر تین میں گنڈپا وشوانا، کپل دیو اور یقیناًسچن تنڈولکر شامل ہیں۔ سلیم درانی کے بارے میں یہ بھی مشہور ہے کہ 1972۔73 ء میں ٹونی گرے اور درانی کی دلچسپی ایک ہوٹل ریسپشنسٹ کی تئیں بڑھ گئیں اور دونوں میں اس بات کے لئے مقابلہ شروع ہوگیا اور دونوں نے شرط لگائی کہ وہ حسینہ پہلے کس کے دام اْلفت میں گرفتار ہوگی لیکن صرف آدھے گھنٹے میں وہ لڑکی سلیم درانی کے کمرے میں موجود تھی جبکہ انگلینڈ کے سابق کپتان اپنے ہاتھ اور آنکھ ملتے رہ گئے۔
روی شاستری اورامریتا سنگھ


بھارتی کرکٹ ٹیم کے لیجنڈ کرکٹر روی شاستری اور اور بالی ووڈ اداکارہ امریتا سنگھ کے بارے میں بھی یہ بات مشہور تھی کہ دونوں ایک دوسرے کے عشق میں گرفتار ہیں۔ روی شاستری کے ساتھ بالی ووڈ کی دیگر حسیناؤں کے نام بھی جوڑے گئے لیکن انھوں نے کسی ہیروئن سے شادی کرنے کی غلطی نہیں کی، بلکہ ریتو نامی ایک حسینہ سے شادی کرلی تھی جبکہ امریتا سنگھ نے چھوٹے نواب سیف علی خان سے شادی کی لیکن یہ جوڑی بھی نہ چل سکی اور بات طلاق تک جا پہنچی ۔
اس کے علاوہ اگر دیکھا جائے تو ہندوستانی کرکٹ میں سندیپ پاٹل کو بہت ہی ہینڈسم کہا جاتا تھا۔ ان کا نام دیبا شری رائے اور دیگر کئی اداکاراؤں سے جوڑا گیا۔ دیبا شری رائے فلم’’ کبھی اجنبی‘‘ میں سندیپ پاٹل کی ہیروئن تھیں۔ اس وقت شائقین کرکٹ میں سندیپ پاٹل کا جادو سر چڑھ کر بول رہا تھا۔ فلم’’ کبھی اجنبی‘‘‘ بری طرح ناکام رہی جس کے بعد سندیپ پاٹل نے فلموں کے ساتھ ساتھ ’’عشق سے بھی توبہ‘‘ کر لی تھی ۔ ہندوستان کو 1983 ء میں پہلا ورلڈ کپ جتانے والے کپل دیو کے بارے میں یہ کہا جاتا تھا کہ ہندی فلموں کی اداکارہ ساریکا کے عشق میں وہ گرفتار تھے۔ 1980 ء کی بات ہے ان کے بارے میں یہ بھی افواہیں تھیں کہ وہ دوسری لڑکیوں کے ساتھ بھی وقت گزارا کرتے تھے۔ لیکن ساریکا اور نہ ہی کوئی دوسری محبوبہ ان کی بیوی بن سکی بلکہ رومی بھاٹیہ کو ان کی بیوی بننے کا اعزاز حاصل ہوا۔

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے ایک اور کھلاڑی اجے جدیجہ کے عشق کے بھی کافی چرچے رہے، مادھوری ڈکشٹ، روینہ ٹنڈن اور تبو جیسی بڑی اداکاراؤں کے ساتھ ان کے نام جوڑے گئے لیکن ان میں سے کسی کے ساتھ بھی ان کی شادی نہیں ہوئی۔ بنگالی بابو سارو گنگولی کے بارے میں بھی کہا جاتا ہے کہ وہ جنوبی ہند کی اداکارہ نغمہ کے عشق میں گرفتار تھے اور انہوں نے ایک ساتھ کئی مقامات کا دورہ بھی کیا لیکن نغمہ کے ساتھ ان کی شادی نہ ہو سکی۔ دپیکا پڈوکون کی زندگی میں آنے والے مردوں میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مہندر اسنگھ دھونی کا نام بھی سرفہرست ہے لیکن بعد میں دھونی نے ساکشی سنگھ سے شادی کرلی اور دپیکا پڈوکون کو بالی ووڈ میں ہی نئے عاشق مل گئے۔ عاشقی کے معاملہ میں بھارتی کرکٹ ٹیم کے میڈیم فاسٹ باؤلر سری سانتھ بھی کافی بدنام ہوئے لیکن کسی بھی بالی ووڈ اداکارہ سے ان کی بھی شادی نہ ہو سکی۔

ماضی میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور زینت امان کے معاشقہ نے کافی دھوم مچائی تھی لیکن وہ’’ عشق ‘‘ بھی ماضی کی ایک داستان بن کر رہ گیا۔ پاکستان کرکٹ کے ایک اور بڑے نام وسیم اکرم اور سشمیتا سین کے عشق کے چرچے بھی عام رہے لیکن انھوں نے آسٹریلوی گرل فرینڈ شانیرا تھامسن سے شادی کرلی تھی: ۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *