پاک فوج کا اعلی سطحی وفد افغانستان پہنچ گیا!

راولپنڈی / کابل -پاک فوج کے اعلیٰ سطح کے وفد نے افغانستان کا دورہ کیا ہے جہاں اعلیٰ افغان حکام کے ساتھ ملاقات میں آرمی چیف کی جانب سے مزار شریف حملے میں مارے جانے والے افغان فوجیوں کی ہلاکتوں پر اظہار افسوس کیا گیا جبکہ حملے میں زخمی ہونے والوں کو مفت علاج کی پیشکش بھی کی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ہدایت پر پاک فوج کے اعلیٰ سطح کے وفد نے چیف آف جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبر کی سربراہی میں افغانستان کا دورہ کیا۔ پاک فوج کے وفد نے افغانستان کے قائم مقام وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل طارق شاہ براہمی اور افغان آرمی چیف محمد شریف یفتالی سے ملاقات کی۔ چیف آف جنرل سٹاف نے آرمی چیف کی جانب سے افغان حکام کے ساتھ مزار شریف حملے میں ہونے والے جانی نقصان پر اظہار افسوس کیا اور افغان فوج اور عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔پاک فوج کے وفد نے افغان حکام کو حملے میں زخمی ہونے والوں کیلئے مفت علاج کی سہولت کی بھی پیشکش کی ۔

ملاقات کے دوران بارڈر سیکیورٹی کیلئے باہمی روابط بڑھانے کیلئے بھی بات چیت کی گئی۔ افغان حکام کو بتایا گیا کہ سرحدی علاقوں میں پاکستان کا مکمل کنٹرول ہے اور وہ اپنی سرزمین افغانستان کے خلاف استعمال ہونے کی کسی صورت اجازت نہیں دے گا۔ پاکستانی وفد نے کہا کہ دہشتگرد دونوں ملکوں کے مشترکہ دشمن ہیں جنہیں شکست دینا ضروری ہے :-

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *