سائنس

طویل عرصے بعد موٹرولا کے تین فون پیش

Share

امریکی اسمارٹ موبائل فون کمپنی موٹرولا نے طویل عرصے بعد اپنے تین موبائل فونز پیش کردیے، جنہیں اچھے فیچرز کے ساتھ مہنگائی کے اس دور میں سستے فون قرار دیا جا رہا ہے۔

کمپنی نے سب سے بہترین فون ’موٹرولا ایج پلس‘ متعارف کرایا ہے، جسے آئی فون 14 اور سام سنگ گلیکسی ایس 23’ کے ٹکر کا موبائل قرار دیا جا رہا ہے، تاہم اس کی قیمت بہت ہی کم رکھی گئی ہے۔

موٹرولا ایج پلس

—فوٹو: کمپنی
—فوٹو: کمپنی

کمپنی نے اپنے سب سے بہترین فون ایج پلس کو تین بیک کیمروں اور ایک فرنٹ کیمرا کے ساتھ متعارف کرایا ہے۔

موٹرولا ایج پلس کو 67۔6 انچ اسکرین اور اسنیپ ڈریگن جنریشن 8 کی چپ کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔

فون کو طاقتور بیٹری اور 68 واٹ فاسٹ چارجر اور 5 واٹ وائرلیس چارجر کے فیچر کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔

موٹرولا ایج پلس کو 8 جی بی ریم جب کہ 256 اور 512 جی بی میموری کے ماڈیولز میں پیش کیا گیا ہے۔

فون کے بیک پر تین کیمرے دیے گئے ہیں، جس میں سے دو کیمرے پچاس پچاس میگا پکسل جب کہ تیسرا 12 میگا پکسل کا ہے۔

کمپنی کا دعویٰ ہے کہ فون کے کیمروں کی ٹیکنالوجی کو اپگریڈ کرکے انہیں سام سنگ اور آئی فون کے کیمروں سے بہتر بنایا گیا ہے۔

موٹرولا ایج پلس کے فرنٹ پر 62 میگا پکسل کا سیلفی کیمرا دیا گیا ہے اور فون فنگرپرنٹ سینسر سمیت دیگر فیچرز سے لیس ہے۔

فون کی قیمت 800 امریکی ڈالر یعنی پاکستانی 2 لاکھ 27 ہزار روپے تک رکھی گئی ہے اور اسے سام سنگ اور آئی فون کے مقابلے سستا فون قرار دیا جا رہا ہے۔

موٹو جی اور موٹو جی اسٹائلس

—فوٹو: کمپنی
—فوٹو: کمپنی

کمپنی نے دیگر دو مڈ رینج کے فون بھی متعارف کرائے ہیں، جنہیں مہنگائی کے دور میں معیاری قرار دیا جا رہا ہے۔

کمپنی نے موٹو جی فائیو جی کو 5۔6 انچ اسکرین اور اینڈرائیڈ 13 کے آپریٹنگ سسٹم کے ساتھ پیش کیا ہے۔

فون میں پانچ ہزار ایم اے ایچ کی بیٹری کو 33 واٹ فاسٹ چارجر کے ساتھ دیا گیا ہے اور اسے 4 جی بی ریم اور 128 جی بی میموری کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔

فون کے بیک پر دو کیمرے دیے گئے ہیں، جس میں سے مین کیمرا 48 میگا پکسل جب کہ دوسرا 2 میگا پکسل کا ہے، اسی طرح فون کے فرنٹ پر 8 میگا پکسل سیلفی کیمرا دیا گیا ہے۔

اس فون کی قیمت 250 امریکی ڈالر یعنی پاکستانی 70 ہزار روپے تک رکھی گئی ہے اور حیران کن طور پر گزشتہ سال اسی فون کے پہلے ماڈیول کی قیمت 400 ڈالر تک رکھی گئی تھی۔

فون نے تیسرا سستا فون بھی متعارف کرایا ہے، جسے کمپنی کا رواں سال کا سستا فون کہا جا رہا ہے۔

کمپنی نے موٹو جی اسٹائل کو 8۔6 انچ اسکرین اور اینڈرائیڈ 13 کے آپریٹنگ سسٹم کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔

اس فون کو بھی 4 جی بی ریم اور 128 جی بی میموری کے ماڈیول میں پیش کیا گیا ہے جب کہ اس میں بھی 5 ہزار ایم اے ایچ کی بیٹری کو فاسٹ چارجر کے ساتھ دیا گیا ہے۔

موٹو جی اسٹائل کے بیک پر دو کیمرے دیے گئے ہیں، جس میں سے مین کیمرا 50 میگا پکسل جب کہ دوسرا 2 میگا پکسل ہے، اسی طرح فرنٹ پر 8 میگا پکسل کیمرا دیا گیا ہے۔

حیران کن طور پر اس فون کو 170 امریکی ڈالر یعنی پاکستانی 48 ہزار روپے کی قیمت پر فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے جب کہ گزشتہ سال اسی ماڈیول کے پرانے فون کو پاکستانی ایک لاکھ روپے تک کی قیمت میں پیش کیا گیا تھا۔

کمپنی نے تینوں فونز کو فوری طور پر صرف امریکی مارکیٹ میں پیش کیا ہے، تاہم امکان ہے کہ انہیں جلد پاکستان سمیت دیگر ممالک میں بھی پیش کردیا جائے گا۔