بلاگ

آغا خان ہائیر سیکنڈری اسکول سین لشٹ میں تقسیم اسناد و انعامات کی تقریب

Share

آغا خان ایجوکیشن سروس پاکستان ملک بھر میں تعلیم بالخصوص بچیوں کی تعلیم کے حوالے سے بہت موثر کردار ادا کر رہی ہے ۔
کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس کرنل بلال جاوید

چترال (نمائندہ )کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس کرنل بلال جاوید نے آغا خان ایجو کیشن سروس پاکستان چترال کے زیر اہتمام آغا خان ہائیر سیکنڈری سکول سین لشٹ چترال میں آغاخان ا متحانی بورڈ کے سال 2023 کے امتحان میں صوبائی سطح پر مجموعی اور مختلف مضامین میں انفرادی طور پر نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا ؤ طالبات کے اعزاز میں سائٹیشن تقریب سے خطاب کرتے کہا کہ آغا خان ایجوکیشن سروس پاکستان ملک بھر میں تعلیم بالخصوص بچیوں کی تعلیم کے حوالے سے بہت موثر کردار ادا کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خواتین مردوں سے کسی صورت پیچھے نہیں ۔ پاکستان آرمی ، فضائیہ سمیت ہر شعبہ ِ زندگی میں ان کا کردار قابل ستائش ہے ۔ انہوں نے اہل ِ چترال کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ چترال کے لوگ امن پسند ، محنتی اور باصلاحیت ہیں ۔ مجھے یہ جان کر خوشی ہوئی کہ چترال شرح ِ خواندگی میں بھی خیبر پختون خواہ کے زیادہ تر اضلاع سے آگے ہے ۔

ہم نصابی سرگرمیوں کے مقابلے کی تقریب کے مہمان ِ اعزاز ڈپٹی کمشنر لوئر چترال محمد علی نے اپنی تقریر میں کہا کہ قوموں اور ملکوں کی ترقی میں تعلیم کو بنیادی حیثیت حاصل ہے ۔ آغا خان ایجوکیشن سروس پاکستان ، پاکستان میں تعلیم کے فروغ کے لیے جو کام کر رہی ہے وہ آج کے بچوں کے پرفامنس سے جھلک رہا تھا ۔ مجھے پروگرام میں شریک طلبہ کی خود اعتمادی اور قابلیت دیکھ کر مسرت کا احساس ہوا ۔ یہی طلبہ آگے جا کر ملک و قوم کی بہتری میں اپنا کردار بہ خوبی ادا کریں گے ۔
معروف ماہرِ تعلیم ڈاکٹر میر بائض خان نے حاضرین سے کلیدی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دورِ حاضر مقابلے کا دور ہے ۔ زندگی میں آگے جانے کے لیے مقابلہ ضروری ہے لیکن مقابلہ ہمیشہ باوقار اور مثبت ہونا چاہیئے ۔ اسلام کے سنہرےدور میں بھی مقابلے کا رجحان رہا ۔ اس لیے مسلمانوں نے ساری دنیا پر حکومت کی ۔ قرطبہ سے لے کر شام اور بلخ و بخارا تک کی شاہکار تعمیرات بھی اس بات کی گواہ ہیں ۔ طلبہ کوبھی مقابلے کی اس دوڑ میں پیچھے نہیں رہنا چائیے ۔
آغاخان ایجوکیشن سروس پاکستان ، گلگت بلتستان اور چترال کے جنرل منیجر بریگیڈئر (ریٹائرڈ ) خوش محمد نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور پروگرام کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ آغا خان ایجوکیشن سروس پاکستان چترال اور گلگت بلتستان ، پاکستان میں معیاری تعلیم کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل کوشاں ہے ۔ طلبہ کی متوازن شخصیت سازی کے لیے نصابی کاموں کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں پر بھی بھر پور توجہ دی جاتی ہے اور اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت کے لیے بھی موقع فراہم کیا جا رہا ہے ۔

آج کی تقریب میں ہم نصابی سرگرمیوں میں آغاخان سکولز چترال کے تین” آر ایس ڈی یوز ” کے طلباؤ طالبات کے درمیان
حسنِ قرات ، حمد ، نعت ،ملی نغموں ، قومی ترانے ، اُردو اور انگریزی تقاریر و مضمون نگاری،اُردو انگریزی خطاطی اور مصوری کے مقابلے ہوئے۔
اس تقریب کے مہمانِ خصوصی کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس کرنل بلال جاوید تھے ، جب کہ صدرِ مجلس کی نشست پر سی ای او آغا خان ایجو کیشن سروس پاکستان امتیاز مومن براجمان تھے ۔ مہمانان خاص میں ڈپٹی کمشنر لوئر چترال محمد علی ، ڈی پی او لوئر چترال اکرام اللہ خان ، معروف ماہر تعلیم ڈاکٹر میر بائض خان ، اے کے ای ایس پی چترال کے ذمہ دران ، آغا خان سکولز اپر اور لوئر چترال کے پرنسپلز،اساتذہ وطلبہ کے علاوہ امتحان میں اعلیٰ پوزیشن حاصل کرنے والے طلباؤ طالبات کے والدین شریک ہوئے ۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا ۔ اس کے بعد آغا خان ہائیر سیکنڈری سکول چترال کے طالب علم صہیب نظیر نے ہدیہ نعت پیش کیا ۔

تقر یب میں آغا خان یو نیورسٹی امتحانی بورڈ کے سالانہ امتحانات میں ملکی اور صوبائی سطح پر امتیازی پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو تعریفی اسناد اور انعامات سے نوازا گیا اور ساتھ آج کے ہم نصابی سرگرمیوں کے مقابلوں میں پہلی ، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طلباؤ طالبات کو بھی انعامات دیے گئے ۔