یاسمین راشد کو نوازشریف کی خالی نشست سے الیکشن لڑنے کا گرین سگنل!

لاہور -نواز شریف کے نااہل ہونے پر خالی ہونے والی این اے 120 کی نشست پر تحریک انصاف کی سابق ٹکٹ ہولڈر ڈاکٹر یاسمین راشد کو چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ضمنی الیکشن لڑنے کے لئے گرین سگنل دے دیا۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز تحریک انصاف کے بنی گالا میں ہونے والے اجلا س کے بعد ڈاکٹر یاسمین راشد نے عمران خان سے کہا کہ حلقہ این اے 120 کے ضمنی الیکشن بھی اب جلد آ جائیں گے، اس حوالے سے میرے لئے کیا حکم ہے، جس پر عمران خان نے انہیں کہا کہ اس حلقے سے گزشتہ عام انتخابات میں آپ ہی پارٹی کی ٹکٹ ہو لڈر تھیں اور آپ ہی کی تیاری مکمل ہے، اس لئے آپ ضمنی الیکشن کی اب تیاری کریں۔

گزشتہ عام انتخابات میں ڈاکٹر یاسمین راشد نے 52730 ووٹ لئے تھے، جبکہ نواز شریف 91000 سے زائد ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے ذرائع سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے انہیں حلقہ این اے 120 میں ضمنی الیکشن لڑنے کے لئے گرین سگنل دے دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ میں نے گرشتہ عام انتخابات کے بعد اپنی الیکشن مہم ختم نہیں کی تھی بلکہ جاری رکھی ہوئی ہے، اب اس حلقے کے ضمنی الیکشن میں مجھے الیکشن مہم میں کوئی مشکل نہیں ہوگی۔

پیپلزپارٹی کے سابق ٹکٹ ہولڈر حافظ زبیر کاردار بھی ضمنی الیکشن میں بطور امیدوار سامنے آگئے ہیں، زبیر کاردار نے گزشتہ عام انتخابات میں 2600 ووٹ حاصل کئے تھے۔ زبیر کاردار نے ذرائع سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اس حلقہ میں گزشتہ چار سال سے انتخابی مہم جاری رکھی ہوئی ہے، جب پارٹی قیادت پارٹی ٹکٹ دے دے گی تو الیکشن مہم میں بجلی کی سی تیزی لے آؤں گا :-

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *