اگر عائشہ گلالئی کی جگہ مبشر لقمان مجھے بلاتے

فائزہ رشید

aa

مبشر لقمان نے عائشہ گلا لئی کو اپنے پروگرام میں انٹرویو کے لیے نہیں ذلیل کرنے کے لیے بلایا تھا تاکہ وہ پی ٹی آئی سے اپنی وابستگی پر مزید شاباش لے سکیں- ایک لڑکی ہونے کے ناطے میں سمجھ سکتی ہوں کہ عائشہ گلالئی کیوں اتنی جھجک رہی تھیں، فرض کریں عائشہ گلا لئی کی جگہ میں ہوتی تو مبشر لقمان کو ایسے جواب دیتی کہ انہیں لگ پتا جاتا کہ کسی عورت سے بات کیسے کرتے ہیں- چلیں فرض کرلیتے ہیں میں عائشہ گلالئی ہوں اور مبشر لقمان وہی سوالات مجھ سے کر رہے ہیں جو انہوں نے عائشہ گلالئی سے کیے:

مبشر لقمان:آپ کو چار سال پہلے پہلا میسج آیا اور آپ نے اپنے والد کو بھی بتا دیا تو انہوں نے کچھ نہیں کیا؟ آپ تو خود کو عزت دار کہتی ہیں؟

 عائشہ گلالئی: یہی ہماری کمزوری ہےکہ ہم عزت دار ہیں، یہ صرف میرا نہیں پورے معاشرے کا المیہ ہے، کیا آپ نہیں جانتے کہ یہاں لڑکی کو اگر کوئی گلی میں بھی چھیڑ دے اور وہ جاکر گھر بتائے تو کیا ہوتا ہے؟ عزت دار لوگ اپنی بے عزتی کے ڈر سے خاموش ہوجاتے ہیں- میراباپ نے بھی اس لیے چپ سادھ لی کہ انہیں پتا تھا عمران خان پارٹی لیڈر ہے، بدمعاشوں والی زبان استعمال کرتا ہے، پارٹی غنڈوں سے بھری ہوئی ہے- ایک طاقتور کے سامنے میرے باپ کو بولنے سے پہلے ہزار دفعہ سوچنا تھا- ہم اس معاشرے میں رہتے ہیں جہاں بیٹی کی منگنی بھی ٹوٹ جائے تو لوگ طرح طرح کی باتیں بنانے لگتے ہیں- خاموش رہنے میں ہی ہماری عافیت تھی، دیکھ لیجئے ، جب میں بولی ہوں تو کیا حشر ہوا ہے، میری اور میرے باپ کی ذات پر منوں کیچڑ اچھال دیا گیا ہے-

مبشر لقمان: آپ نے اتنے سال اس بات کو چھپائے رکھا، اب کیا مجبوری تھی کہ بتانا پڑا؟اس دوران آپ عمران خان کی میٹنگز میں کیوں جاتی رہیں؟

عائشہ گلالئی: فیس بک کھولئے ، اپنے اردگرد نظر دوڑائیے، بے شمار لڑکیاں جو جاب کرتی ہیں ان کے  کئی عیاش باس انہیں ایسے ہی تنگ کرتے ہیں لیکن وہ مجبورہوتی ہیں، بدنامی سے ڈرتی ہیں اور کسی کو کچھ نہیں بتاتیں،ایسی لڑکیاں باس کے تمام کرتوتوں سے واقف ہونے کے بعد اس کی میٹنگز میں بھی شامل ہونے پر مجبور ہوتی ہیں کیونکہ اگر وہ ایسا نہ کریں تو ایک ہی دن میں نکال دی جائیں- لیکن کچھ ایسی بھی ہوتی ہیں جو اس وقت سامنے آجاتی ہیں جب ضمیر کے بوجھ تلے مرنے والی ہوتی ہیں- ہاں مجھے خوف تھا کہ میں نے اپنی زبان کھولی تو مجھے میرے بولنے سے پہلے ہی پارٹی سے نکال دیا جائے گا اور الٹا مجھے بدکار ثابت کردیا جائے گا- میں نے پارٹی اس وقت چھوڑی جب میں فیصلہ کرچکی تھی کہ اب میں مزید چپ نہیں رہوں گی-

مبشر لقمان:  آپ کے پاس کوئی ثبوت ہیں تو دکھائیں؟

عائشہ گلالئی: آپ کون ہوتے ہیں ثبوت دیکھنے والے؟ محض اپنے پروگرام کی ریٹنگ بڑھانے کے لیے ثبوت لینا چاہتے ہیں- آپ اینکر ہیں، جج نہیں- میں عدالت میں جج کے سامنے ثبوت رکھوں گی- آپ تو ویسے بھی پی ٹی آئی کے حمایتی ہیں، آپ کو ثبوت دکھا بھی دیے تو آپ نے یقین نہیں کرنا-

 مبشر لقمان:  کیا آپ کو ن لیگ نے پیسے دیے ہیں؟

عائشہ گلالئی: آپ کو اے آر وائی نے دیے ہیں یا تحریک انصاف نے؟ آپ کو شرم نہیں آتی مسلسل ایک طرف کی سائڈ لیے جارہے ہیں، آپ میرا نقطہ نظر لینے کے لیے بیٹھے ہیں یا پی ٹی آئی کا دفاع کرنے کے لیے؟کیا کوئی عورت پیسوں کے لیے ایسی بات کرسکتی ہے؟ ایسا کام صرف اینکر پرسن کر سکتا ہے، البتہ ایک عورت ہے، وینا ملک نام ہے اس کا ا اس نے پیسوں کے لیے اپنے کپڑے تک اتار دیے تھے ، آج کل وہ آپکی پسندیدہ پارٹی میں شامل ہوچکی ہے-

مبشر لقمان: آپ کے ساتھ جیو کا رپورٹر کیوں تھا؟

عائشہ گلالئی: اور کیا اے آر وائے کا رپورٹر ہوتا؟ آپ کے رپورٹر سے لے کر اینکر تک بنی گالہ میں گھسے ہوتے ہیں وہاں آپ کو کوئی اعتراض نہیں ہوتا، میرے ساتھ جیو کا رپورٹر رپورٹنگ کے لیے موجود تھا، آپ کون ہوتے ہیں اس بات پراعتراض کرنے والے-

مبشر لقمان: آپ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی خواتین عمران خان سے محتاط رہیں، یہ آپ نے کیا بات کہہ دی، میری تو اپنی بیٹی اور بیوی بھی پی ٹی آئی کے جلسے میں جاتی ہیں-

عائشہ گلالئی: بڑے فخر سے یہ بات کہہ رہے ہیں۔۔۔۔آپ تو اینکر پرسن ہیں، آپ کا کسی پارٹی سے کیا واسطہ؟ یہاں آپ کو غیر جانبداری کا کوئی خیال نہیں،یہاں کوئی آپ سے نہیں پوچھ سکتا کہ آپ کون ہوتے ہیں پی ٹی آئی کے؟

مبشر لقمان:آپ نے اتنی پارٹیاں بدلی ہیں، آپ کو کہیں بھی سکون نہیں؟

عائشہ گلالائی: میں نے اتنی پارٹیاں نہیں بدلیں جتنے آپ نے ٹی وی چینلز بدلے ہیں، آپ کو کہیں سکون کیوں نہیں؟

مبشر لقمان: جو سوال میں پوچھ رہا ہوں اس کا جواب دیں۔

عائشہ گلالئی: جو سوال میں نے پوچھا ہے وہی آپ کا جواب ہے-

مبشر لقمان: آپ جھوٹی ہیں

عائشہ گلالئی: آپ تو منافق ہیں،ملک ریاض سے پیسے پکڑتے ہیں،آپ کی تو وڈیو یوٹیوب پر جگہ جگہ موجود ہے، یہ آپ ہی تھے جنہوں نے پی ٹی آئی کے دھرنے میں پارلیمنٹ پر حملے کے دوران لائیو شو میں چیخ چیخ کر کہا تھا کہ چھ بندے مرگئے ہیں، حالانکہ وہاں کوئی ہلاکت نہیں ہوئی تھی- آپ تحریک انصاف سے پیسے لے کر پروگرام کرتے ہیں اسی لیے ان کے خلاف بات نہیں سنتے-آپ کا دماغ بھی آپ کے قد کی طرح چھوٹا ہے-

مبشر لقمان: خواتین وحضرات۔۔۔۔۔خداحافظ

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *