بادام کیسے آپ کو دل کے دورے سے محفوظ رکھتا ہے؟

بادام کا باقاعدہ استعمال ایک جانب تو ایچ ڈی ایل کولیسٹرول کی مقدار کو بڑھاتا ہے تو ایل ڈی ایل کولیسٹرول کو کم کرتا ہے۔ فوٹو: فائل

پنسلوانیا -ایک مطالعے سے معلوم ہوا ہے کہ باقاعدگی سے بادام کھانا جسم میں مفید کولیسٹرول بڑھا سکتا ہے۔ ایک مختصر مطالعے سے انکشاف ہوا ہے کہ بادام ایچ ڈی ایل کولیسٹرول کو بڑھاتا ہے جسے ’’اچھا کولیسٹرول‘‘ کہا جاتا ہے جبکہ دوسری جانب یہ جسم سے برے کولیسٹرول کو بھی نکال باہر کرتا ہے۔

اس مطالعے میں لوگوں کو دو گروہوں میں تقسیم کیا گیا اور ان میں سے ایک کو روزانہ بادام کھلائے گئے جبکہ دوسرے گروپ کو چھوٹے کیک دیئے گئے۔ اس دوران دونوں گروپس میں ہائی ڈینسٹی لائپوپروٹین (ایچ ڈی ایل) کی مقدار کو نوٹ کیا جاتا رہا۔ اس مطالعے سے واضح ہوا کہ بادام کھانے والے افراد میں جسم کے لیے موزوں ایچ ڈی ایل کی مقدار بڑھی اور اس کی کارکردگی بھی بہتر ہوئی۔

پنسلوانیا اسٹیٹ یونیورسٹی کی سائنسداں پینی کرس ایتھرٹن نے اپنی تحقیقات کو جرنل آف نیوٹریشن میں شائع کرایا ہے۔ پینی کرس کہتی ہیں کہ اس سے قبل کئی تحقیقات سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ بادام کھانا خود ایل ڈی ایل کولیسٹرول کو بھی کم کرتا ہے جس کی مقدار بڑھ جائے تو دل کے امراض کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔ اس طرح بادام کھانے سے اچھا کولیسٹرول بڑھتا ہے اور دل دشمن کولیسٹرول کم ہوتا ہے۔

اہم بات یہ ہے کہ بادام ایچ ڈی ایل کولیسٹرول کی کارکردگی اور انجذاب کو بھی بڑھاتا ہے اور دل کی شریانوں سے ایل ڈی ایل کشید کرکے جسم سے باہر نکال دیتا ہے۔ ماہرین نے بادام کھانے والوں کے خون میں ایچ ڈی ایل کولیسٹرول کی مقدار معلوم کی تو تصدیق ہوئی کہ یہ اہم میوہ دل کے لیے بھی بہت مفید ہے :-

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *