یہ لوگ چوڑیاں کیوں نہیں پہن لیتے؟

syed arif mustafa

یہ ملک ایسے نہیں چلے گا...ہرگز نہیں چل سکتا ... کیونکہ قاعدے قوانین پہ عمل سے انکار تہذیب کی موت ہے اور معاشرے کا کوڑھ ان دنوں جس طرف بھی نظر ڈالی جائے ہر طرف منہ زوریوں کی فصل لہلہا رہی ہے ...کہیں کالا کوٹ پہن کرعدالتوں میں توڑپھوڑ کی جارہی ہے تو کہیں اسٹیتھوسکوپ گلے میں ڈالے جدید مسیحاؤں کے غول ہسپتالوں میں بیمار اور سسکتے مریضوں کو تڑپا رہے ہیں اور ایڑیاں رگڑ رگڑ کے مرنے پہ مجبور کر رہے ہیں ۔۔۔ یہ تو ہیں پڑھے لکھوں کی جہالت کے مناظر لیکن ایک بدبودار منظر نامہ اور بھی ہے کہ جس میں سڑکوں پہ کھڑے آئل ٹینکروں کے پس منظر میں کلف لگی پھڑپھڑاتی شلوار قمیض پہنے شور مچاتے دھمکاتے پھنے خان ہڑتال کرکے انسانی تحفظ پہ مبنی کسی ملکی قانون کو نہ ماننے کا صاف اور دو ٹوک اعلان کرتے پھر رہے ہیں کیونکہ یہ دراصل وہ زور آور ہیں کہ جو جب بھی موقع ملتا ہے ان قوانین کو ٹھوکر ماردیتے ہیں اور پھر اپنے ناجائز مطالبات منوانے کے لیئے پیٹرول اور ڈیزل کی سپلائی روک دیتے ہیں اور اپنے آئل ٹینکر کھڑے کردیتے ہیں اور یوں ملک کی معشت کا پہیہ جام کرڈالتے ہیں
وکیلوں کا احوال جانیئے تو پتا چلتا ہے کہ خود ہی ہر طرف قانون کو اپنے پیروں تلے روندتے نظر آتے ہیں ۔۔۔ آئے روز کسی نہ کسی معاملے پہ رولا ڈال دیتے ہیں، ابھی جو ہوا وہ سب کے سامنے ہے -پہلے ایک جج کے خلاف ملتان بار وکلاء کی طالبانیت دیکھنے میں آئی اور پھر لاہور ہائیکورٹ بار کے چنیدہ وکلاء کی بدمولاء گردی انتہا کو پہنچی اورہائیکورٹ کا دروازہ تک توڑ ڈالا ، ایک جج کے نام کی تختی بھی اکھاڑ ڈالی -

cho

یہ سب بہت دنوں سے ہورہا ہے اور ہوتا چلا جارہا ہے اور اب ملک میں ان جیسے وکلاء کی وجہ سے اب شرفاء کی اکثریت نے اپنے بچوں کو وکیل بننے سے روک دیا ہےکیونکہ وہ انہیں پڑھے لکھے گینگسٹر کے روپ میں نہیں دیکھنا نہیں چاہتے -یقینناً سب وکلاء ایسے نہیں ہیں  لیکن جو ایسے نہیں ہیں وہ ہاتھوں میں چوڑیاں پہن لیں تو بہتر ہے کیونکہ مافیا کے سامنے پھر یہی آپشن سب سے سہل تر ہے۔۔دوسری طرف وکلاء تحریک چلانے والے شرفاء تو کونوں میں بیٹھے نظریں‌ چرا رہے ہیں لیکن اس تحریک کی پیٹھ میں خنجر گھونپنے والے جیسے کے احسن بھون وغیرہ ٹائپ کے یہ کالے کوٹی گلو بٹ اس پیشے کی تقدیس کو آئے روز اور بات بے بات چوراہے چوبارے پہ بری طرح پامال کرتے نظر آتے ہیں ان سرکشوں کا سرغنہ احسن بھون وہی شخص ہے کہ جو وکلاء تحریک کے عین آزمائش کے زمانے میں افتخار چوہدری کو بیچ رستے میں دغا دے کے پرویز مشرف سے مل گیا تھا اور اس نے اپنی اس ممنافع بخش حرکت اور غداری پہ اس ڈکٹیٹر سے جج کی کرسی خیرات میں پائی تھی  اب لگتا یہ ہے کہ یہی احسن بھون ایک بار پھر کالے کوٹ کی تذلیل کا ارادہ کیئے بیٹھا ہے- اب وقت آگیا ہے کہ دھونس اور دھمکی کے سامنے ڈٹ کے کھڑا ہوا جائے اور شرپسندی کرنے والے وکلاء خواہ کتنا ہی ہنگامہ کیوں نہ کریں انکو گردنوں سے پکڑ پکڑ کے کال کوٹھریوں میں ٹھونس کے ان سے انسدد دہشتگردی کے قانون کے تحت نپٹا جائے-

ادھر لاہور میں ینگ ڈاکٹرز نے ہر چند دن بعد جو طوفان بدتمیزی مچارکھا ہے اسنے عوام کو عاجز کرکے رکھ دیا ہے  وہ بری طرح سے رل گئے ہیں اور علاج کے لیئے ادھر ادھر دھکے کھاتے مارے مارے پھرنے پہ مجبور کردیئے گئے ہیں  لیکن جب مسیحا ہی جلاد کا دل سینوں میں لیئے پھریں تو انکے کسی مطالبے کو آخری سمجھنا محض حماقت کے سوا کچھ بھی نہیں،،، یہ نجانے کب سے ہوتا چلا آرہا ہے کہ جب انکی بلیک میلنگ سے تنگ آکر صوبائی حکومت انکے چند مطالبات منظور کرلیتی ہے تو وہ اسکا جشن مناکے تازہ دم ہوکے پھر نئے مطالبات کی فہرست لے کر آجاتے ہیں اور عوام و انتظامہ ، دونوں کو خون کے آنسو رلاتے ہیں - ان لوگوں کی بےلگامی روز بروز بڑھتی ہی جارہی ہے اور اس میں خوف خدا کی رمق بھی نظر نہیں آتی -مسیحائی کے نام پہ بنی اس تنظیم کی اخلاقی کیفیت کا اندازہ اس حقیقت سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ گزشتہ دنوں زبردستی گردے نکال کے فروخت کردینے والے جلاد صفت ڈاکٹروں کا جو ریکٹ پکڑا گیا تھا اس کا کرتا دھرتا اسی ینگ ڈاکٹرز تنظیم کا جنرل سیکریٹری تھا ۔۔۔

عوام کی بھاری اکثریت اپنے علاج معالجہ کے لیئے نجی ہسپتالوں کے اخراجات کی سکت نہیں‌رکھتی اس لیئے سرکاری ہسپتالوں ہی کا رخ کرنے پہ مجبور ہے لیکن وہاں ہونے والی آئے دن کی ہڑتالوں نے ان ہسپتالوں کو بھیانک روپ دیدیا ہے لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ سرکاری ملازمت میں موجود ڈاکٹروں‌ کی سروس کو ' لازمی سروس' کیڈر کا حصہ بنادیا جائے اور انکے مابین کسی بھی قسم کی انجمن سازی پہ پابندی عائد کردی جائے تاہم انکے جائزمسائل کی شنوائی کے لیئے ہر سرکاری ہسپتال میں ایک کوآرڈینیٹر متعین کیا جائے جو پولیس سروس سے ہو ، اور ڈاکٹروں کی جانب سے علاج سے انکار کو دہشتگردی کے مترادف قرار دیدیا جائے اور انکے بائیکاٹ کو اسی قانون کی شقوں کے تحت ڈیل کیا جائے اور ہڑتال پہ جانے والوں کی قطعی طور پہ کوئی بات ہرگز نہ سنی جائے،، مزید یہ کسی بحران کی صورت میں آرمی کے ڈاکٹرز اور پرائیویٹ اسپتالوں اور کلینکس کے ڈاکٹروں کی خدمات مستعار لے لی جائیں اور ہڑتالی و انکاری ڈاکٹرز کو کسی صورت کام پہ واپس نہ لیا جائے بلکہ ترنت جیلوں میں ٹھونس دیا جائے

جہانتک آئل ٹینکرز کا معاملہ ہے تو اس انتہائی حساس کام کو چند لالچی و سرکش لوگوں کا یرغمالی نہ بننے دیا جائے اور اس اہم کام کو کسی بھی طرح کی بلیک مینگ سے محفوظ کیا جائے اور منہ زوروں کے چنگل سے نکال لیا جائے کیونکہ ایسے لوگ کبھی اپنی ہڑتال کی وجہ سے پیٹرول کے اسٹاک کو کمترین سطح پہ لے جاکے ایک بڑا بحران کھڑا کرسکتے ہیں اور دشمن ملک کو جارحیت کے لیئے راغب کرسکتے ہیں - لہٰذا اب ضروری ہوچلا ہے کہ ملک میں ایندھن کی سپلائی کے کام کو اب فوج کی تحویل میں دیا جائے جو کہ اسکا ایک الگ شعبہ 'لاجسٹک کور' بناکے اس امر کو یقینی بنائے کہ ملکی معیشت کا پہیہ کبھی نہ رک سکے اور کوئی فرد یا گروہ اپنی منفعت اندوزی یا کسی اور ناجائز مفاد کی خاطر شہریوں کو انکی نقل و حرکت اور کاروبار کے آئینی حق کو مجروح نہ کرسکے اور نہ ہی کسی طور ملکی معیشت کا بازو کبھی مروڑ سکے
اب ملک کو چلانا ہے تو ضابطوں اور قاعدوں کو بروئے عمل لانا ہوگا ورنہ یہ بہتر ہے کہ فاٹا کی مانند اس سارے ملک کو قبائلی علاقہ دٰکلیئر کرکے آئین و قانون کی پاسداری کی اہمیت کے راگ الاپنے بند کردیئے جائیں-

arifm30@gmail.com

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *