اسلام آباد میں ایک کروڑ پودے لگانے کا منصوبہ، ایم سی آئی اور نجی کمپنی کا ایم او یو سائن

اسلام آباد : کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اورمیٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی ) شہر بھر میں زیادہ سے زیادہ شجر کاری کے لیے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لارہی ہے۔اس مقصد کے لیے نجی شعبے کا کردار بھی نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ اس ضمن میں نجی شعبہ آئندہ دس سالوں میں تقریباً01 کروڑ پودے لگانے کو یقینی بنائے گا۔میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد میں شجر کاری مہم سے متعلق ایک اجلاس کے دوران کیا۔ اجلاس کے اختتام پر ایم سی آئی اور ایک پرائیویٹ کمپنی کے مابین اس مقصد کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے ایک یاداشت پر دستخط کئے گئے۔ میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز ، چیف آفیسر میٹروپولیٹین کارپوریشن اسلام آباد اسد محبوب کیانی، سی ڈی اے کے ممبر ایڈمنسٹریشن محمد یاسر پیر زادہ یاداشت پر دستخط کی تقریب کے موقع پر موجود تھے۔ڈائریکٹر جنرل انوائرنمٹ نے اجلاس کو مزید بتایا کہ نجی شعبہ آئندہ دس سالوں میں01 کروڑ پودے ایم سی آئی اور سی ڈی اے کے ساتھ مل کر لگانے کے عمل کو یقینی بنائے گا۔ نجی کمپنی مقامی ماحول سے مطابقت رکھنے والے پودے لگائے گی تاکہ ان کی افزائش کو ممکن بنایا جا سکے۔

نجی کمپنی مون سون شجر کاری مہم کے تمام مالی وسائل از خود مہیا کرنے کو یقینی بنائے گی جس کے لیے ایم سی آئی اور سی ڈی اے کسی بھی مالی ذمہ داری سے مبرا ہوں گے۔ یہی کمپنی شجر کاری مہم کے دوران لگائے جانے والے پودوں کی دیکھ بھال چھ ماہ تک کرے گی اور اگر اس سے زیادہ وقت لگتا ہے تو اس کے انتظام کو بھی ضرورت کے مطابق بڑھایا جائے گا۔ اس ضمن میں کمپنی اپنا نام اور لوگو نہ لگانے کے لیے بھی پابند کیا گیا ہے۔ اس مہم کی تمام سرگرمیوں کی نگرانی میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد کی انوائرنمنٹ ونگ کرے گی۔ میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد کے ڈائریکٹر جنرل انوائرنمنٹ نے اجلاس کو بتایا کہ آئندہ مون سون شجر کاری کا آغازرواں ماہ28 اگست کو ہو گا۔ مون سون شجرکاری مہم کا آغاز راول لیک ویو پارک میں 11:00 بجے دن ایک تقریب میں کیا جائے گا۔ اسلام آباد کے میئر و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز تقریب کے مہمان خصوصی ہونگے۔ تقریباً03 لاکھ پودے اس مون سون شجرکاری مہم کے دوران لگائے جانے کو یقینی بنانے کے لیے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے ہدایت کی کہ سی ڈی اے اور ایم سی آئی اس مقصد کے حصول کے لیے پرائیویٹ اداروں، این جی اوز اور سول سوسائٹی کی حوصلہ افزائی کو یقینی بنائیں تاکہ اسلام آباد کے گرین کریکٹر کو اجاگر کیا جائے اور اس کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *