میں، میری پہچان اور قادیانی

سید بدر سعید

syed badar saeed

بطور مذہب میرا  قادیانیوں سے کوئی جھگڑا نہیں کیونکہ موجودہ دور کے قادیانی مرتد نہیں ہیں ، وہ ایک مذہب پر پیدا ہوئے اور اسی مذہب پر قائم ہیں ۔ میرا جھگڑا اپنی شناخت کا ہے ۔ میں مسلمان ہوں اور میں مانتا ہوں کہ آقا دو جہان حضرت محمد ؐ اللہ کے آخری نبی اور رسول ہیں ۔ میں حضرت محمد ؐ سے قبل آنے والے تمام انبیا کو بطور مسلمان اللہ کا نبی مانتا ہوں ، میں ان کی ہدایات اور پیغام کو برحق مانتا ہوں ۔ میرا ایمان مکمل نہیں ہوتا جب تک ان تمام انبیا پر ایمان نہ لائوں ۔ میں یہودی یا عیسائی نہیں ہوں لیکن میں یہودیوں اور عیسائیوں کو اللہ کے ایک نبی کی قوم مانتا ہوں ۔ بطور مسلمان میرے نزدیک ایک یہودی یا عیسائی سے شادی جائز ہے ، اس صورت مین بھی کہ وہ اپنے مذہب پر کاربند رہے کیونکہ یہ اہل کتاب قوم ہے ۔ اب اگر شادی جائز ہے تو ملنا ملانا ، اکٹھے کھانا  پینا ، ایک جگہ پر اپنی اپنی عبادات کرنے پر تو سوال ہی نہیں اٹھتا ۔ مجھے قادیانیوں ستے تب اختلاف ہوتا ہے جب وہ مجھ سے میری پہچان چھیننے کی کوشش کرتے ہیں ۔ میں قادیانی نہیں ہوں ، میں آقا دوجہان ؐ کے بعد کسی کی نبوت کا قائل نہیں ہوں تو پھر  ایسا شخص جو حضرت محمد ؐ کے بعد کسی اور کی نبوت کا قائل ہو اور میں جو کہ ان کو آخری نبی مانتا ہوں، ہم دونوں مسلمان کیسے ہو سکتے ہیں ؟ اگر میں قادیانی کو مسلمان مانتا ہوں تو اس کا مطلب ہے کہ میں مسلمان نہیں ہوں ۔ سر ! یہ جھگڑا ہے ، قادیانیوں کو پاکستان میں وہ تمام حقوق حاصل ہیں جو کسی بھی پاکستانی کو حاصل ہیں لیکن اس صورت میں جب وہ میرا حق غضب نہ کریں ۔ میری عبادت گاہ کا نام مسجد ہے اور 14 سو سال سے یہ نام چلا آ رہا ہے ۔ آپ کا مذہب بعد میں آیا تو آپ اپنی عبادت گاہ کا نام کچھ اور رکھ لیں ۔ میں نے بھی تو اپنی مسجد کو چرچ یا کچھ اور نہیں کہا ۔ آپ مجھ سے میری شناخت چھینیں گے تو یقینا جھگڑا ہو گا ۔ آپ اپنی شناخت قائم کریں ۔ کافر برا لگتا ہے تو غیر مسلم یا کوئی اور مذہبی پہچان بنائیں ، رجسٹر کروائیں اور اس مذہب کے تحت رہیں۔ دنیا کے بے شمار مذاہب آقا دو جہان کو سرے سے نبی ہی نہیں مانتے تو کیا آپ نے مجھے ان سے اس بنیاد پر جھگڑا یا اختلاف کرتے دیکھا ہے ؟ کیونکہ وہ اپنے مذہب پر ہیں اور مجھ سے میری پہچان چھیننے کی کوشش نہیں کرتے ۔ ہندو کہاں مانتے ہیں ؟؟؟  سکھ بابا گوروناننک کو مانتے ہیں اور بابا گرو ناننک تو حضرت محمدؐ کے بہت بعد میں آئے تھے ۔ کیا آپ کو میں سکھوں سے لڑتا نظر آیا ؟ سر یہ جھگڑا میری شناخت کا ہے ، اگر قادیانی مسلمان ہیں تو پھر یقینا میں نہیں ہوں اور مجھے بطور مسلمان اپنی پہچان کرانی ہے تو واضح رہے کہ پھر میں قادیانی کو مسلمان نہیں مان سکتا

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *