بلیو وہیل گیم پاکستان پہنچ گئی، اس گیم میں ایسا کیا ہے جو لوگ اپنی جان لے رہے ہیں؟

کامران اکرم

دنیا بھر میں کئی بچوں کو خودکشی پر مجبور کر دینے والی گیم ’’بلیو وہیل‘‘ پاکستان کا رخ کر چکی ہے اور سوشل میڈیا پر ہر جگہ یہ وارننگ دی جا رہی ہے کہ خود کو اور اپنے بچوں کو اس گیم سے دور رکھیں کیونکہ جو بھی اسے کھیلتا ہے وہ خودکشی کرنے پر مجبور ہو جاتا ہے۔  آخر اس گیم میں ایسا کیا ہے کہ اسے شروع کرنے والا ناتو درمیان میں اسے چھوڑ سکتا ہے اور اگر آخر تک کھیل لے تو اس کی زندگی ختم ہو جاتی ہے۔ درحقیقت یہ عام گیمز کی طرح نہیں جو پلے سٹور یا ایپل سٹور سمیت انٹرنیٹ پر ڈاؤن لوڈ کرنے کیلئے دستیاب ہو، بلکہ شائد یہ وہ واحد گیم ہے جسے لوگ نہیں ڈھونڈتے بلکہ یہ خود لوگوں (ہدف) کو ڈھونڈتی ہے۔

روسی پولیس کے مطابق یہ گیم روس کے سوشل میڈیا نیٹ ورک VK.com پر خفیہ گروپس جنہیں ’’ڈیتھ گروپ‘‘اور ’’سوسائیڈ گروپس‘‘ بھی کہا جاتا ہے پر گھومتی ہے۔ اس گیم کا لنک ان گروپس میں بھیجا جاتا ہے اور اس لنک کو کھولنے پر ایک طرح سے ایڈمنسٹریٹر کو آپ کی ریکوئسٹ چلی جاتی ہے۔
آپ کی یہ درخواست اگر قبول ہو جائے تو پھر ایک ڈاؤن لوڈ لنک دیدیا جاتا ہے جس سے اس گیم کی ایپلی کیشن انسٹال ہوتی ہے اور ساتھ ہی فون بھی ہیک ہو جاتا ہے، تمام معلومات ایڈمنسٹریٹر کے پاس چلی جاتی ہے اور اس ایپلی کیشن کو ان انسٹال کرنا بھی ممکن نہیں رہتا۔
اس گیم کے شروع ہوتے ہی کھیلنے والے کو ٹاسک یا چیلنج ملنا شروع ہو جاتا ہے اور ہر روز ایک نیا چیلنج ملتا ہے جسے مکمل کر کے اس کی تصویر یا ویڈیو بنا کر ثبوت کے طور پر ایڈمنسٹریٹر کو بھیجنا ہوتی ہے اور اس کے بعد ہی اگلے روز کا چیلنج ملتا ہے۔
کہا جاتا ہے کہ جو ایک مرتبہ اس گیم کو شروع کر لیتا ہے وہ اسے چھوڑ نہیں سکتا کیونکہ فون ہیک ہوتے ہی آپ کی تمام معلومات ایڈمنسٹریٹر تک پہنچ چکی ہوتی ہیں اس لئے وہ آپ کے پیاروں کو جان سے مارنے کی دھمکی دیتا ہے۔  اگرچہ اس گیم کو کھیلنے والے مختلف افراد کو مختلف قسم کے چیلنج ملتے ہیں لیکن وہ سب ہی تقریباً ایک طرح کے ہی ہوتے ہیں۔ ابتدائی دنوں میں بڑے آسان چیلنج دئیے جاتے ہیں مثال کے طور پر میوزک سننا، ڈراؤنی فلمیں دیکھنا وغیرہ اور صبح سویرے اٹھنا لیکن جیسے جیسے دن گزرتے ہیں تو ایڈمنسٹریٹر کی جانب سے ملنے والے ٹاسک (چیلنج) انتہائی خطرناک اور نقصان دہ ہو جاتے ہیں۔
مثال کے طور پر خود کو نقصان پہنچانا، کسی جانور کو مارنا وغیرہ اور آخری ٹاسک جو 50 ویں روز ملتا ہے، وہ ہوتا ہے اپنی جان لینا، اور یہ وہ واحد ٹاسک ہے جو یہ گیم کھیلنے والے سب لوگوں کو لئے ایک سا ہے اور کہا جاتا ہے کہ صرف روس میں اب تک 130 کے قریب نوجوان موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔  اس گیم کو کھیلنے والے افراد کو جو ٹاسک یا چیلنج دئیے جاتے ہیں، وہ ذیل میں دی گئی فہرست میں موجود ہیں جو روسی سوشل میڈیا ویب سائٹ پر اپ لوڈ کی گئیں اور بعد ازاں ان کا انگلش میں ترجمہ کیا گیا۔ یہ ٹاسک یا چیلنجز دیکھ کر آپ کو اندازہ ہو جائے گا کہ یہ گیم کس قدر خطرناک ہے اور اس سے دور رہنا کتنا ضروری ہے۔

1۔ بلیڈ کیساتھ اپنے ہاتھ پر "F57" لکھو، اس کی تصویر ایڈمنسٹریٹر کو بھیجو
2۔ صبح 4 بج کر 20 منٹ پر جاگ جاؤ اور ایڈمنسٹریٹر کی طرف سے موصول ہونے والی نفسیاتی، ڈاراؤنی اور بھیانک ویڈیوز دیکھو ۔
3۔ اپنے بازو میں رگ کے اوپر بلیڈ سے کٹ لگاؤ، لیکن زیادہ گہرا نہیں، صرف 3 کٹ، اس کی تصویر ایڈمنسٹریٹر کو بھیجو ۔
4۔ کاغذ پر وہیل کی تصویر بناؤ، ایڈمنسٹریٹر کو تصویر بھیجو ۔
5۔ اگر تم ’’وہیل‘‘ بننے کیلئے تیار ہو تو اپنی ٹانگ پر بلیڈ سے ’ہاں‘ لکھو۔ اگر نہیں تو سزا کے طور پر اپنے جسم پر بار بار کٹ لگاؤ۔
6۔ کسی ہجوم کیساتھ لڑائی کرنا۔
7۔ اپنے ہاتھ پر بلیڈ سے ''F40" لکھو، تصویر ایڈمنسٹریٹر کو بھیجو۔
8۔ روسی سوشل میڈیا VK.com پر اپنے اکاؤنٹ کے سٹیٹس میں "#i_am_whale" لکھو ۔
9۔ تمہیں اپنے ڈر پر قابو پانا ہو گا۔
10۔ صبح 4 بج کر 20 منٹ پر اٹھ اور چھت پر جاؤ (چھت جتنی اونچی ہو گی، اتنی اچھی ہو گی)
11۔ بلیڈ کیساتھ اپنے ہاتھ پر وہیل بناؤ، ایڈمنسٹریٹر کو تصویر بھیجو
12۔ سارا دن نفسیاتی، بھیانک اور ڈراؤنی ویڈیوز دیکھو۔
13۔ ایڈمنسٹریٹرز کی جانب سے بھیجا گیا میوزک سنو۔
14۔ اپنے ہونٹ کاٹو۔
15۔ اپنے ہاتھ پر متعدد مرتبہ سوئیاں مارو۔
16۔ خود کیساتھ تکلیف دہ عمل کرو، خود کو پاگل بنا لو۔
17۔ اس اونچی ترین چھت پر جاؤ جو تم ڈھونڈ سکتے ہو اور چھت کے کنارے پر کچھ دیر کیلئے کھڑے ہو جاؤ۔
18۔ کسی پل پر جاؤ اور کنارے پر کھڑے ہو جاؤ۔
19۔ کسی کرین پر چڑھو یا کم از کم ایسا کرنے کی کوشش ضرور کرو۔
20۔ ایڈمنسٹریٹر یہ دیکھے گا کہ تم اعتماد کے قابل ہو یا نہیں۔
21۔ کسی ’’وہیل‘‘ سے بات کرو( اس گیم کو کھیلنے والے کسی اور شخص کے ساتھ سکائپ پر بات چیت کرو)
22۔ چھت پر جاؤ اور کنارے پر بیٹھ کرٹانگیں سڑک کی جانب لٹکا کر بیٹھ جاؤ
23۔ ہجوم کیساتھ ایک اور مقابلہ۔
24۔ خفیہ چیلنج۔
25۔ کسی ’’وہیل‘‘ کیساتھ ملاقات کرو(اس گیم کو کھیلنے والے دوسرے شخص کیساتھ ملاقات)
26۔ ایڈمنسٹریٹر تمہاری موت کی تاریخ بتائے گا اور تمہیں اسے قبول کرنا ہو گا
27۔ صبح 4 بج کر 20 منٹ پر اٹھو اور قریب ترین واقع ریلوے ٹریک پر جاؤ
28۔ سارا دن کسی سے کوئی بات نہیں کرنی۔
29۔ اقرار کرو کہ تم ایک ’’وہیل‘‘ ہو۔
30-49۔ ہر روز صبح 4 بج کر 20 منٹ پر اٹھو، ڈراؤنی ویڈیوز دیکھو، ایڈمنسٹریٹر کی جانب سے بھیجا گیا میوزک سنو، ہر روز اپنے جسم پر ایک کٹ لگاؤ، کسی ’’وہیل‘‘ سے بات چیت کرو (گیم کھیلنے والے کسی اور شخص سے)
50۔ اونچی عمارت سے چھلانگ لگا دو، اپنی جان لے لو :-

Source : http://dailypakistan.com.pk/blog/09-Sep-2017/639864

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *