2 اکتوبر کو نواز شریف پر فرد جرم عائد کی جائے گی!

Image result for ‫نوازشریف احتساب عدالت‬‎

اسلام آباد کی احتساب عدالت پاکستان کے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف پر 2 اکتوبر کو فرد جرم عائد کرے گی جبکہ بقیہ ملزمان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے گئے ہیں۔ احتساب عدالت نے مریم نواز، حسین نواز، حسن نواز اور مریم نواز کے شوہر کیپٹن صفدر کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

نواز شریف کے وکیل نے عدالت سے اپنے موکل کی عدالت میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کی جس پر جج محمد بشیر نے کہا کہ فرد جرم عائد کرنے کے بعد اس کا فیصلہ کیا جائے گا۔ اس سے قبل منگل کی صبح سابق وزیر اعظم نواز شریف اسلام آباد میں احتساب عدالت میں پیش ہوئے جہاں مختصر پیشی کے بعد انھیں جانے کی اجازت دے دی گئی۔

منگل کو جب سماعت کا آغاز ہوا تو نواز شریف کے پولیٹیکل سیکریٹری آصف کرمانی نے جج کو بتایا کہ عدالت کے سمن کے حکم کی تعمیل کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم عدالت میں پیش ہو گئے ہیں مگر ان کے بچے اپنی والدہ کی علالت کی وجہ سے ابھی بھی لندن میں ان کے ساتھ ہیں لیکن وہ بھی عدالت کے سامنے پیش ہو جائیں گے۔ اس کے بعد جج نے کہا کہ نواز شریف کی حاضری ہو گئی ہے اور وہ جا سکتے ہیں۔

نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے عدالت میں تین ریفرنسز کے خلاف تین وکالت نامے بھی جمع کرا دیے۔

عدالتی کاروائی کے دوران نواز شریف کے ساتھ ایک کیمرا مین نے تصاویر بنائی جس کے بعد میڈیا کے اراکین نے بھی تصویریں کھینچنا شروع کر دیں۔ اس پر وہاں موجود سیکورٹی اہلکاروں اور میڈیا کے اراکین کے درمیان بحث مباحثہ شروع ہو گئی جو کہ بعد میں ہاتھا پائی میں بدل گئی۔ اس پر وہاں موجود صحافیوں نے احتجاج شروع کر دیا۔

یاد رہے کہ نیب عدالت نے پاناما کیس کے حوالے سے تین ریفرنسز میں میاں نواز شریف، ان کے بیٹوں حسن اور حسین نواز اور ان کی بیٹی مریم نواز اور ان کے خاوند کیپٹین صفدر کو عدالت میں پہلے 19 ستمبر کو طلب کیا تھا تاہم ان کی عدم حاضری پر نیب نے نواز شریف اور دیگر افراد نے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی زبانی درخواست کی تھی جو مسترد کر دی گئی تھی۔ اس موقع پر عدالت نے ان تمام افراد کو 26 ستمبر کو دوبارہ طلب کیا تھا۔

خیال رہے کہ نیب نے نواز شریف، ان کے اہلخانہ اور اسحاق ڈار کے خلاف چار ریفرینس احتساب عدالت میں دائر کیے ہیں۔ ان میں بیرونِ ملک قائم آف شور کمپنیوں کے علاوہ میں العزیزیہ سٹیل مل اور لندن کے ایون فیلڈ فلیٹس کے بارے میں ریفرنس شامل ہیں :-

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *