مچھروں کو دور بھگانے والا موبائل فون آگیا!

— فوٹو بشکریہ ایل جی

اسمارٹ فون بنانے والی کمپنیوں کے لیے اپنی ڈیوائسز کو دیگر فونز سے منفرد بنانا مشکل سے مشکل تر ہوتا جارہا ہے اور وہ عجیب و غریب فیچرز متعارف کرارہی ہیں۔ مگر جنوبی کورین کمپنی کے اس نئے فون نے تو ایک 'نئی بلندی' کو چھولیا ہے جو مچھروں کو صارفین کے ارگرد نہیں آنے دے گا۔

جی ہاں واقعی ایل جی نے 'کے سیون آئی' نامی اسمارٹ فون متعارف کرایا ہے جس کی پشت پر مچھروں کو دور بھگانے کے لیے ایک الٹراساﺅنڈ سنسر نصب ہے۔ اس فون میں الٹرا ساﺅنڈ سنسر سے ایسی لہریں خارج ہوتی ہیں جو انسانوں کے لیے تو بے ضرر ہیں مگر مچھروں کو صارف سے دور رکھتی ہیں، کم از کم کمپنی کا تو یہی دعویٰ ہے۔

ایل جی کی جانب سے یہ ٹیکنالوجی پہلے ہی واشنگ مشینوں اور دیگر گھریلو مصنوعات میں استعمال کی جارہی ہے۔ مچھر دور بھگانے والا یہ اسمارٹ فون اس سے ہٹ کر کچھ خاص فیچرز کا حامل نہیں۔ اس میں اینڈرائیڈ مارش میلو آپریٹنگ سسٹم، 5 انچ اسکرین جو کہ ایچ ڈی ریزولوشن کی بھی حامل نہیں، کواڈ کور پراسیسر جیسے مِڈ رینج فیچرز موجود ہیں۔

فوٹو بشکریہ ایل جی

اس فون میں مچھر کو دور بھگانے کی صلاحیت تو ہے مگر یہ فیچر بھی اُسی وقت کام کرے گا جب وہ ہاتھ میں ہو، اگر اسے جیب یا بیگ میں رکھ لیا تو یہ بیکار ہوجائے گا۔ اس فون کو فی الحال بھارت میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے جس کی قیمت 121 ڈالرز رکھی گئی ہے۔ کمپنی کے خیال میں ترقی پذیر ممالک میں مچھر بہت بڑا مسئلہ ہیں اور وہاں یہ فون کامیابی حاصل کرسکے گا :-

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *