ایم کیو ایم پاکستان کا مارچ منسوخ، صرف سینئر قیادت یادگار شہدا پر حاضری دے گی

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان MQM MARCHنے عائشہ منزل سے یادگار شہدا تک مارچ منسوخ کردیا، جس کے بعد اب صرف ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما یادگار شہدا پر حاضری دیں گے۔

دوسری جانب ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں کی حاضری کے پیش نظر عزیزآباد اور اطراف کے علاقوں میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

ایم کیو ایم پاکستان کے ڈپٹی کنونیر کامران ٹیسوری نے جیو نیوز سےگفتگو میں بتایا کہ رابطہ کمیٹی،  فاروق ستارکے ہمراہ یادگار شہدا پرحاضری دےگی، جہاں عمران فاروق اور دیگر شہدا کی قبروں پر فاتحہ خوانی کی جائےگی۔

واضح رہے کہ سربراہ ایم کیو ایم پاکستان فاروق ستار نے آج عائشہ منزل سے یادگار شہدا تک مارچ کا اعلان کیا تھا، جسے منسوخ کردیا گیا ہے۔

ترجمان ایم کیو ایم پاکستان کے مطابق یادگار شہدا پر حاضری کے موقع پر پروگرام محدود کیا جا رہا ہے ، جس میں عوام اور کارکن شریک نہیں ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق ریلی یا جلوس کے انعقاد کے لیے ضروری انتظامات کرنے پڑتے ہیں اور اس سلسلے میں پیشگی اطلاع دینا اور اجازت لینا بھی ضروری ہے۔

تاہم ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان نے ضلعی انتظامیہ سے ریلی اور یادگار شہدا جانے کی اجازت نہیں لی۔

سیکیورٹی کے سخت انتظامات

دوسری جانب پولیس نے یادگار شہداکی طرف جانے والے راستوں کوسیل کرنا شروع کردیا ہے۔

اس مقصد کے لیے یادگار شہدا پر کنٹینر پہنچانا شروع کردیےگئے ہیں جبکہ ہیوی کرین بھی پہنچادی گئی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق لیاقت علی خان چوک سے جانے والے راستے پر بھی کنٹینر لگایا جائے گا۔

ایم کیو ایم پاکستان نے اپنا مارچ ایک ایسے وقت میں منسوخ کیا ہے، جب گذشتہ دو روز کے دوران پارٹی سیاست میں کئی موڑ دیکھنے میں آئے۔

رواں ہفتے 8 نومبر کو فاروق ستار نے پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے سربراہ مصطفیٰ کمال کے ساتھ ہونے والی مشترکہ پریس کانفرنس کے اگلے ہی روز ایک دھواں دار پریس کانفرنس میں سیاست سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا، تاہم بعدازاں انہوں نے اپنا یہ فیصلہ واپس لے لیا۔

کراچی کے علاقے پی آئی بی میں کچھ دیر کے فرق سے اپنی دوسری پریس کانفرنس انہوں نے اپنی والدہ کے ساتھ کی، اس موقع پر پارٹی رہنما عامر خان بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔

فاروق ستار کا کہنا تھا، 'میری والدہ کا حکم ہے کہ سیاست میں بھی رہنا ہے اور ایم کیو ایم پاکستان میں بھی رہنا ہے، میں اپنی والدہ کے حکم کے آگے سرجھکاتا ہوں'۔

ساتھ ہی انہوں نے کہا ’میں نئے عزم اور نئی توانائی کے ساتھ آپ کی محبت کے جواب میں سیاست میں بھی آرہا ہوں اور ایم کیو ایم پاکستان کی دوبارہ ممبرشپ بھی لے رہا ہوں۔‘

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *