بل گیٹس نے پاکستان کی امداد بڑھانے کا اعلان کر دیا

4

اسلام آباد ۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان کی سیکیورٹی امداد معطل کرنے کے اعلان کے بعد بل گیٹس نے وعدہ کیا ہے کہ ان کی فاؤنڈیشن پاکستان کی مالی امداد میں اضافہ کرے گی۔ نیشنل ہیلتھ سروسز (این ایس ایس) کی وزیر سائرہ افضل تارڑ کو موصول ایک خط میں بل گیٹس نے پولیو کے خاتمے کے لیے حکومت کے عزم کی تعریف کی۔ اس کے علاوہ مائیکروسافٹ کے بانی نے صحت کے شعبے میں ہونے والی جدت اور خاص طور پر ماں اور بچے کی دیکھ بھال اور تولیدی صحت کو مضبوط بنانے کے عمل کو تسلیم کیا۔ خط میں یہ تجویز دی گئی کہ ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) ہیلتھ ڈاکٹر اسد حفیظ کو وزارت اور بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے درمیان رابطے کے ذریعے کے طور پر نامزد کیا جائے۔ اس حوالے سے این ایچ ایس کے حکام نے بتایا کہ فاؤنڈیشن کی جانب سے ان کی مدد میں اضافے کی توقع ہے اور نہ صرف پولیو کے خاتمے کے پروگرام بلکہ دیگر شعبہ جات میں اضافہ ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ بل گیٹس نے اپنے تکنیکی ٹیم کو نامزد کر دیا ہے۔ امید ہے کہ وہ جلد وزارت کے نمائندوں سے ملاقات کرے گی اور مختلف شعبوں میں اپنی معاونت کو حتمی شکل دے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ فاؤنڈیشن کی جانب سے اب تک پاکستان کو 72 ارب روپے دیئے جا چکے ہیں، توقع یہ ہے کہ مستقبل میں امداد کی اس رقم میں اضافہ ہو گا۔خیال رہے کہ بل اور میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن مخصوص ویکسینیشن مہم، معمول کے حفاظتی ٹیکوں، آگہی فراہم کرنے کے لیے تکنیکی اور مالی وسائل فراہم کرتی ہے۔ اگرچہ ماضی میں اس کا واحد مقصد پولیو کے خاتمے کی مہم کی حمایت کرنا تھا مگر حالیہ بات چیت اس بات کی طرف اشارہ کرتی ہے کہ فاؤنڈیشن صحت کے دیگر شعبوں میں بھی اپنی مدد کو بڑھانا چاہتی ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ دنوں ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے پاکستان کی سیکیورٹی امداد روک دی گئی تھی اور امریکی سٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی ترجمان ہیتھر نوریٹ نے بتایا تھا کہ واشنگٹن کی جانب سے کیا گیا یہ اعلان ہمیشہ کے لیے نہیں ہے اور اس سے صرف فوجی امداد پر اثر پڑے گا:۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *