میرا پیارا چوکیدار

tariq ahmed

میں نے محلے کے آوارہ لونڈے لپاٹوں سے حفاظت کی خاطر ایک چوکیدار رکھا ھوا ھے۔ یہ چوکیدار دن میں پہرا دیتا ھے اور رات کو جاگتا ھے تاکہ میں آرام سے اپنے گھر میں سو سکوں ۔ اس چوکیدار کی مستعدی اور بہادری سے میں بہت خوش ھوں اور اس کی قدر کرتا ہوں ۔ اسے وقت پر تنخواہ دیتا ھوں اور اس کے کھانے پینے کا خیال رکھتا ھوں۔ حالانکہ چوکیداری کرنا اس کا پیشہ ھے اور اس کا فرض ھے۔ لیکن میں محسوس کرتا ھوں ۔ اس کی دن رات کی قربانیاں زیادہ ھیں۔ چناچہ اب میں نے اس کو اپنے گھر کے معاملات چلانے کی مشاورت میں شامل کر لیا ھے۔ اس سے مجھے بہت فائدہ ھوا ھے۔ چوکیدار کے ساتھ ساتھ مجھے ایک مخلص مشیر کی خدمات بھی میسر آ گئ ھیں۔ کئ بار یہ چوکیدار مجھ سے پوچھے بغیر ھی میرے گھر کی بہتری کے لیے فیصلے کر لیتا ھے۔ جو میں رضا و رغبت مان لیتا ہوں ۔ آخر یہ چوکیدار میرا دشمن نہیں ۔ ابھی پچھلے دنوں اس نے مجھے مشورہ دیا ھے۔ میں اپنے چھوٹے بیٹے کا بیاہ کہاں کروں ۔ اور یہ کہ کونسی لڑکی میرے گھر کے لیے بہتر ھو سکتی ھے۔ اسی طرح وہ مجھے بتاتا ھے۔ مجھے چینی کا استعمال کم کرنا چاھیے ۔ اس سے شوگر ھو جاتی ھے۔ نمک اور مرچ کے استعمال میں یہ چوکیدار ایک مکمل حکیم ھے۔ اور ضرورت کے مطابق کم یا زیادہ کا مشورہ دیتا رھتا ھے۔ مجھے یہ بات اسی نے بتائ ھے۔ کہ مجھے گوبھی اور آلوؤں سے پرھیز کرنا چاھیے ۔ کیونکہ یہ بادی سبزیاں ھیں۔ اور پیٹ میں ھوا کرتی ھیں۔ جس سے بدن کے امن و امان کا مسئلہ پیدا ھو سکتا ھے۔ اس نے مجھے سختی سے منع کر رکھا ھے۔ کہ رات کو میں نے مولی بلکل نہیں کھانی۔ یہ اپھار کر دیتی ھے۔ یہ چوکیدار مجھے بہت عزیز ھے اور میں اس کے اخلاص اور اخلاق کی وجہ سے اس سے شدید محبت کرتا ھوں ۔ حال ھی میں میری اپنے کچھ رشتہ داروں سے ان بن ھو گئ ھے۔ اس موقعے پر یہ چوکیدار میرے ساتھ کھڑا رھا بلکہ ایک موقعے پر تو اس نے میرے ان رشتہ داروں کو گریبان سے پکڑ کر میرے گھر سے باھر نکال دیا۔ مجھے اس کا یہ دلیرانہ عمل بہت اچھا لگا۔ مجھے کچھ ڈپریشن رھنے لگا تھا۔ اس پر میرے اس پیارے چوکیدار نے مجھے مشورہ دیا۔ میں صبح سویرے نہار کلیجے گاجریں کھایا کروں۔ اس سے کلیجے میں ٹھنڈک رھتی ھے۔ اور ڈپریشن کم ھوتا ھے۔ اسی طرح رات کو دودھ میں اسبغول ڈال کر پیا کروں ۔ اس سے قبض نہیں ھوتی ۔ اور طبیعت ھشاش بشاش رھتی ھے۔ میں نے اس کے مشورے سے دھی کلچہ بھی کھانا شروع کر دیا ھے۔ بات یہ ھے۔ پہلے میں آپا زبیدہ کے ٹوٹکوں پر بھی عمل کرتا تھا۔ لیکن جب سے یہ نیک روح اللہ کو پیاری ھوئ ھے۔ یہ چوکیدار مجھے اور پیارا ھو گیا ھے۔
میں محسوس کرتا ھوں ۔ میرے چوکیدار کی قربانیاں اس سے کہیں زیادہ ھیں ۔ چناچہ ان قربانیوں کے اعتراف میں میں نے اسے اپنے کاروباری معاملات میں بھی شامل کر لیا ھے۔ پچھلے دنوں مجھے کاروبار میں نقصان ھوا تھا اور میرا سٹے میں لگا پیسہ ڈوب گیا تھا۔ چوکیدار اگرچہ مالی معاملات میں کوالیفائیڈ نہیں ھے۔ لیکن اس کا اخلاص اور اس کی قربانیاں اتنی زیادہ ھیں۔ کہ میں نے اسے اجازت دے رکھی ھے۔ وہ میرے مالی اور معاشی مسائل کی بھی دیکھ بھال کرے۔ چناچہ اس کے کہنے پر میں نے پلاٹوں اور پلازوں میں سرمایہ کاری شروع کر دی ھے۔ اپنی ذمہ داریوں سے فراغت کی وجہ سے میں گالف کھیلتا ھوں ۔ اور کلبنگ کرتا ھوں ۔ سیر سپاٹے پر نکل جاتا ھوں ۔
میرے اس چوکیدار نے میرے ھمسائیوں سے بڑے اچھے تعلقات بنا رکھے ھیں۔ وہ ان کے دکھ درد میں شامل ھوتا ھے۔ ان کی سبزی گوشت لے آتا ھے۔ بھاگ کر نکڑ والی دکان سے انڈے پکڑ لاتا ھے۔ اور ضرورت پڑنے پر ان کے روتے بچوں کو گود میں اٹھا کر چپ کرا دیتا ھے اور لوریاں سنا دیتا ھے۔ جنازوں پر کندھا دیتا ھے اور شادیوں پر لڈیاں ڈالتا ھے اور بھنگڑے ڈالتا ھے۔ کھبی کبھار چھوٹے بچوں کی جوئیں نکال دیتا ھے۔ اور لڑکوں کے ختنے کروا لاتا ھے۔ محلے کے معززین اور دانشور حضرات سے اس کے دوستانہ مراسم ھیں۔ اور یہ معزز افراد دن رات اس چوکیدار کی مدح سرائی میں مصروف رھتے ھیں۔ اس سے مجھے بہت حوصلہ ملتا ھے۔ اور مجھے اپنی نالائقی پر پردہ ڈالنے کا موقع مل جاتا ہے ۔
میرا یہ پیارا چوکیدار ریٹائرڈ حولدار ھے۔ خوب لمبا تڑنگا اور کسرتی بدن کا مالک ھے۔ ورزش کرتا ھے۔ اور کندھے سے بندوق لٹکا کر رکھتا ھے۔ مردانہ وجاہت کا شاہکار ھے۔ اور سارا محلہ اس سے ڈرنے کی بجائے اس سے محبت کرتا ھے۔ اس چوکیدار نے محلے کے اوباش لونڈے لپاٹوں سے مستقل مذاکرات کا ڈول ڈال رکھا ھے۔ اور ھر وقت محلے کے آرام اور امن و امان کے لیے کوشاں رھتا ھے۔ سچی بات ھے۔ یہ چوکیدار میرے لیے اللہ کا ایک گفٹ ھے۔ میں سوچتا ھوں اگر یہ چوکیدار نہ ھوتا۔ تو میرا کیا بنتا۔ اس محلے کو متحد کون رکھتا ۔ میں تو کہتا ہوں ۔ رب کا شکر ادا کر بھائی جس نے ھماری حفاظت فرمائ

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *