کتاب دوست - ڈاکڑ انعام الحق جاوید اور نیشنل بک فاؤنڈیشن

qamar-riaz-442x400

قمر ریاض

ادارے کے سربراہ قابل اور کام کرنے والے ھوں تو کھنڈر کو بھی ادارہ بنا دیتے ہیں اور اُن کے اندر نئے خیالات اور ویژن مضبوط ھوں تو ادارے ' اپنی مثال آپ ' کی منہ بولتی تصویر بن جاتے ہیں -نیشنل بُک فاؤنڈیشن کا چارج جب ڈاکٹر اِنعامُ الحق جاوید نے سنبھالا تو اِس ادارے کے نام پر کوئی خاطر خواہ کام نہ ھونے کے برابر تھا 1972 میں پارلیمنٹ میں ایک قرارداد کے نتیجہ میں یہ ادارہ دارالحکومت اسلام آباد میں قائم ھوا جس کا مقصد سستی کُتب کا مہیا کرنا اور کتاب بینی کو فروغ دینا تھا یہ ادارہ اِس مقصد پر بن تو گیا مگر اس کے نین نقش کوئی زیادہ واضح نہ ھو سکے کئی لوگ سربراہ رھے اور اپنی بساط کے مطابق کام بھی کرتے رھے مگر ڈاکڑ انعامُ الحق جاوید کا چارج سنبھالنا تھا کہ اس میں اِنقلاب برپا ھوا-

ڈاکٹر انعام الحق جاوید مختلف اداروں میں خدمات سر انجام دے چکے تھے جِن میں مُقتتدرہ قومی زبان ، ادارہ ادبیات ، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور الخیر یونیورسٹی شامل ہیں۔ اِس کے علاوہ بطور مزاح نگار اور شاعر اُنہیں بے مثال کامیابیاں ملیں بیرون ممالک ایک وقت تھا کوئی بھی مزاحیہ مشاعرہ ھوتا تو انور مسعود ، ضمیر جعفری ، ڈاکٹر انعام الحق جاوید ، سرفراز شاھد اور خالد مسعود کو ضرور مدعو کیا جاتا جس میں کمی ڈاکٹر انعام الحق جاوید کےحوالے سے اس ادارے کا سربراہ بننے کے بعد آئی کہ یہ قومی ذمہ داری تھی جس پر ذاتی شہرت کو زیرِ خاطر نہ لایا گیا - دیکھتے ہی دیکھتے نیشنل بُک فاؤنڈیشن کا نقشہ ہی بدل گیا ادارے کے اندر میوزیم قائم ھوا، سستی کتابیں شائع ھونے لگیں نئے آوٹ لٹس پاکستان کے ھر بڑے شہر میں کُھلنے لگے یونیورسٹیوں کے اندر سستی کُتب کو میسر بنانے کے لیے معاہدے کئے جانے لگے ائیر پورٹس پر خاص طور پر آوٹ لٹ قائم کیا گیا اور اسلام آباد جیسے بے رونق شہر میں " شہر کتاب میلہ " سجنے لگا اور پورے ملک سے ادیب، شاعر، دانشور، صحافی اِس میلے کا رُخ کرنے لگے کئی مُنتخب اور مُتحرک ادیبوں، شاعروں اور صحافیوں کو نیشنل بُک فاؤنڈیشن کا " سفیرِ کتاب " مقرر کیا جانے لگا یہ ایک ایسی تکریم تھی جو کہیں کسی سوچ میں ابھی تک موجود نہیں تھی درحقیقت اس سب کا مقصد لوگوں کو کتاب سے جوڑنا تھا اور کتاب سے محبت کی ترغیب دینا تھا -

کتاب میلے میں ھر سال پاکستان بھر سے ادیب اور شاعر شریک ھوتے ہیں اور جِسے بُک ایمبیسڈر مُنتخب کیا جاتا ھے اس کے بڑے بڑے پوسٹرز پورے شہر کی شاھراہوں کے کھمبوں پر آویزاں کر دئیے جاتے ہیں یقین کریں یہ سب دیکھ کر ادب سے وابستگی پر فخر کا احساس ھونے لگتا ھے اور محسوس ھوتا ھے کہ اگر کام کرنے والا دماغ ھو ، محنت اور لگن ھو تو کسی بھی ادارے کو کہیں کا کہیں پہنچایا جا سکتا ھے جس میوزیم کی میں نے اوپر بات کی اس میں کئی نامور ادیبوں کے مُجسمے بنائے گئے ہیں اور اُن کے نام سے گوشے مُختص کئے گئے ہیں جن میں قائدِ اعظم محمد علی جِناح ، علامہ مُحمد اقبال ، فیض احمد فیض ، سعادت حسن مَنٹو اور احمد ندیم قاسمی شامل ہیں یہ مجسمے مظہر اسلام نے بنوائے مگر باقی کا پورا کام اب مکمل ھوا ھے یہاں " رائٹرز وال " بھی بنائی گئی ہیں جن پر کئی اینٹیں ہیں اور ھر اینٹ پر ھر پہچان رکھنے والا شاعر ادیب سنہری قلم سے دستخط کر سکتا ھے یہ قلم اِنتظامیہ کی طرف سے مہیا کیا جاتا ھے یہ ایک قدر دانی ھے جو دلوں میں جوت جگا دیتی ھے کہ 'کتاب سے محبت کرو ادب سے محبت کرو' - اِس ادارے کو ادارہ بنانے میں جناب عرفان صدیقی اور محترم عطا الّحق قاسمی کا بھی ذھن شامل ھے البتہ عرفان صدیقی چونکہ اس ادارے کے براہِ راست وزیر ہیں اُن کی ادارے کے لئے ڈاکٹر انعام الحق جاوید کی طرف سے کی گئی کوششوں کی منظوری قابلِ ستائش بات ھے کیونکہ ان کی دلچسپی کی وجہ نےبھی ڈاکٹر انعام الحق جاوید کو کُھل کر بہترین کام کرنے کا موقع فراھم کیا ہے۔

نیشنل بُک فاؤنڈیشن گزشتہ سال سے ' ادارہ ٹیکسٹ بک بورڈ ' کی کتابیں بھی شائع کر رھا ھے اور اس کوشش کا ھزاروں طلباء کو براہِ راست فائدہ حاصل ھو رھا ھے جو کہ 'سستی کتاب' کی شکل میں ھے - نیشنل بُک فاؤنڈیشن کو یہ اعزاز حاصل ھے کہ یہ ادارہ تقریباََ ھر روز ایک نئی کتاب شائع کرتا ھے جو کہ بہت بڑی بات ھے - خام کاغذ کے حُصول کے لئے باقاعدہ اِشتہارات کے ذریعے ٹینڈر کیا جاتا ھے اور سب سے کم اور بہتر کوالٹی کے کاغذ کو پاس کیا جاتا ھے اس عمل کے شفاف ھونے کی وجہ سے ادارے کو گزشتہ تین سالوں میں کئی کروڑ کی بچت ھوئی ھے چَھپائی کا کام بھی کسی ایک پبلشر کی بجائے کئی پبلشرز کو تقسیم کر کے دیا جاتا ھے تاکہ کسی کی اجارہ داری قائم نہ ھو سکے اور ریٹ کم سے کم میں یہ کام لیا جا سکے -

میرے لئے بھی یہ اعزاز اور فخر کی بات ھے کہ میں بھی گزشتہ دو سال سے نیشنل بُک فاؤنڈیشن کا " بُک ایمبیسڈر " ھوں - پاکستان میرا آنا جانا اپنے ماربل کےکاروبار کی وجہ سے لگا رھتا ھے اور اس طرح ادبی اداروں میں آمدورفت کا سلسلہ بھی جاری رھتا ھے اور اپنی ادیب برادری سے مُلاقاتیں بھی چلتی رہتی ہیں گزشتہ ایک سال پہلے تک میں نے پاکستان میں بے حد مشاعرے پڑھے یہاں تک کہ ھفتے میں اگر سات دن ہیں تو چار دن مشاعروں پر خرچ ھو جاتے یہ سلسلہ تب تھما جب تھوڑا رُک کر غور کیا اور سمجھ آئی کہ اصل کہانی مشاعرے نہیں تخلیق ھے اور پھر خدا نے بے حد عزت سے نوازا میں مشاعروں کی کسی دوڑ میں نہیں مگر میرے لئے یہ بات باعثِ احترام ھے کہ سنجیدہ علمی و ادبی حلقوں میں میری بات کو سنجیدہ لیا جاتا ھے -
اس بار سفر اسلام آباد کا تھا گزشتہ ھفتے ھمارے محترم راجہ اَخمت حیات کی صاحب زادی کی شادی تھی، اُن کا دعوت نامہ آیا جو مجھے بھی اپنے چھوٹے بھائیوں کی طرح بیٹوں کی طرح سمجھتے ہیں تو مُجھ پر فرض تھا کہ میں شریک ھوتا شادی اسلام آباد میں تھی مجھے خیال آیا کیوں نا ڈاکٹر انعامُ الحق جاوید صاحب کے ساتھ ایک کپ چائے پی جائے اگر وہ اپنے قیمتی وقت میں سے تھوڑا وقت دیں آخر NBF کے ھم بھی بُک ایمبسڈر ہیں ڈاکٹر صاحب کو کال کرنے کی دیر تھی دوسری طرف ھر لفظ محبت تھا فوری حکم ملا کہ میرے آفس پہنچو وہ دن ہفتہ کا تھا میں فورا چل پڑا رستے میں خیال آیا کہ آج تو چُھٹی ھوتی ھے تو ڈاکڑ صاحب کی عزت اور دل میں بڑھ گئی کہ نہ صرف ڈاکڑ صاحب شلوار قمیض میں گھر سے تشریف لائے بلکہ ایک دو عملے کے افراد کو بھی دفتر بُلوا لیا خاص طور پر میرے لئے میوزیم کُھلوایا میرے ساتھ نوجوان شاعر اور اینکر وقاص عزیز بھی تھا جو آج کل بے رونق اسلام آباد کو با رونق کر رھا ھے اور میری ہی دعوت پر شادی میں شریک ھوا اور وھاں سے ڈاکڑ صاحب کے ساتھ ملاقات میں بھی ساتھ ھو لیا - ھر وقت کا آوٹ سپوکن جہاں نہیں بولنا ھوتا وھاں بھی ضرور بولتا ھے مگر نئی نسل کے مُشاعروں کا آغاز وقاص عزیز کا ایک اھم کام ھے جو جاری رھنا چاہیئے - ھم جب ڈاکٹر اِنعام الحق جاوید کے پاس پہنچے تو ڈاکڑ صاحب کو مُنتظر پایا میٹھی طبعیت اور دھیما پن ڈاکٹر اِنعام الحق جاوید کا خاصہ ھے ھمارے ھمراہ خوبصورت شاعر اور نیشنل بک فاؤنڈیشن کے اھم اِنتظامی افسر اصغر عابد جو کہ خوبصورت شاعر بھی ہیں کو ھمراہ بھیجا کہ میوزیم اور کُتب خانہ دکھا کر لائیں جس طرح انہوں نے بریفِنگ دی اور ایک ایک چیز دکھائی اِس ادارے پر رشک آنے لگا شاہ جہاں کے دور سے بھی پہلے کے نایاب قرانِ مجید کے نُسخے تک یہاں موجود ہیں اور تاریخی زبانوں کے رسم الخط اس عجائب خانہ کے دروازے پر درج ہیں۔ نظامی گنجوی کا گوشہ بھی خوبصورتی سے بنایا گیا ھے ان کے علاوہ غالب ، شاہ عبدالطیف بھٹائی ، پیر وارث شاہ ، شکسپیئر کے گوشے بھی بے حد توجہ کا مرکز ہیں - پہلی بار اردو ، فارسی ، عربی اور انگریزی زبانوں کے نایاب لڑیچر کی جھلک اس میوزیم میں دکھائی دی - ایک Book Tree بھی بنائی گئی ھے جس کی ھر پتی کتاب ھے اور ھر کتاب کے اوپر کچھ نہ کچھ حاصل کتاب درج ھے - " وال آف رائِٹرز " کی ایک اینٹ پر مجھے بھی دستخط کرنے کے لئے سُنہری قلم دیا گیا، اُس دن دستخط کرتے وقت اپنے شاعر اور ادیب ھونے پر بہت تکریم محسوس ھوئی اور یہی وہ آئیڈیاز ہیں جو کسی قاری کو دیکھنے والے کو کتاب سے مزید جُڑنے پر آمادہ کرتے ھیں وھاں ایک Visitors Book بھی رکھی گئی ھے جس پر اِس ادارے کے لئے اور ڈاکڑ انعام الحق جاوید کے لئے میں نے یہ الفاظ تحریر کئے،

" آج پہلی بار نیشنل بُک فاؤنڈیشن کے میوزیم کو دیکھنے کا موقع ملا تو دل سے ڈاکٹر اِنعامُ الحق جاوید کے لیے دُعا نکلی کہ ھمارے ملک میں ایسے بھی گوھرِ نایاب موجود ہیں جو ھمارے کل کی گواھی ہیں اور ھمارے حال اور مُستقبل کا سرمایہ ہیں میں آج نیشنل بُک فاؤنڈیشن میں اتنا نایاب لِٹریچر اور خوبصورت ادبی گیلریاں دیکھ کر انتہائی خوشی محسوس کر رھا ھوں۔
ڈاکٹر انعام الحق جاوید صاحب آپکا دل سے شکریہ "

محبت کی بات تھی سو میں نے محبت سے کر دی- مجھے پورا یقین ہے کہ اگر آنے والے چند سالوں میں ڈاکٹر اِنعام الحق جاوید کو کام کرنے کا بھرپور موقع فراہم کیا جائے تو پورے پاکستان میں 'کتاب کلچر' خوشبو کی طرح پھیل جائے گا۔
آپ بھی کتاب سے محبت کریں اور ایک بار نیشنل بک فاؤنڈیشن اسلام آباد کا وزٹ ضرور کریں -

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *