ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے

download

لاہور۔ لاہور، اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 6.2ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز کوہ ہندوکش افغانستان تھا، زلزنے کی زیر زمین گہرائی 169 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی۔


پنجاب میں زلزلے کے جھٹکے


ملک کے مختلف شہروں فیصل آباد، شیخوپورہ، سرگودھا، شورکوٹ، حجرہ شاہ مقیم، ظفر وال، کلور کوٹ، گوجرانوالہ، گجرات، منڈی بہاؤالدین، صفدر آباد، شرقپور، جہلم، ننکانہ، میانوالی، بہاولنگر، ڈیرہ غازیخان اور گردونواح میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے، لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔


خیبرپختونخوا زلزلوں کے جھٹکوں سے لرز اٹھا


خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع زلزلے کے جھٹکوں سے لرز اٹھے، پشاور میں لوگ خوف کے مارے کلمہ طیبہ کا ورد کرتے گھروں سے باہر نکل آئے۔ سول سیکرٹریٹ میں بھی ملازمین نے دفاتر خالی کر دیئے۔ زلزلے کے جھٹکے اتنے شدید تھے کہ عمارتیں لرز اٹھیں۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق لنڈی ارباب گرلز سکول میں زلزلے کے باعث بھگدڑ مچ گئی جس سے چار بچیاں معمولی زخمی ہوگئیں جنہیں موقع پر ہی طبی امداد دی گئی۔ زلزلے کے جھٹکےمردان،چارسدہ، کوہاٹ،ہری پور، ایبٹ آباد اور حویلیاں میں بھی محسوس کئے گئے۔ پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا کے ترجمان کے مطابق ان کا عملہ تمام اضلاع کے ساتھ رابطے میں ہے، شہری پی ڈی ایم اے کے کنٹرول روم سے 1700 پر مزید رہنمائی اور امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے معلومات لے سکتے ہیں۔



بلوچستان میں زلزلے کے شدید جھٹکے


بلوچستان کے علاقہ لسبیلا کی تحصیل بیلا بھی زلزے سے لرز اٹھی، بیلا کے رہائشیوں پر صبح سویرے قیامت گزر گئی۔ پہلا زلزلہ 9 بج کر 58 منٹ پر آیا جس کی شدت 4 اعشاریہ 9 جبکہ دوسرا زلزلہ 10 بج کر 59 منٹ پر آیا جس کی شدت 3 اعشاریہ 5 ریکارڈ کی گئی۔ جھٹکے اس قدر شدید تھے کہ بیلا کے غریب محنت کش کے گھر کی چھت گر گئی۔ غریب رہائشی نہ صرف چھت سے محروم ہوا بلکہ اس کی 2 سال کی بیٹی بھی چھت تلے دب کر جاں بحق ہو گئی جبکہ 7 افراد زخمی بھی ہوئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر سول ہسپتال بیلا منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی گئی۔


وزیراعلیٰ پنجاب کی انتظامیہ کو ہدایت


وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے زلزلے کی وجہ سے امدادی سرگرمیوں کے اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی اور کہا متعلقہ ادارے کسی بھی نا خوشگوار واقعہ کی اطلاع پر فوری طور پر امدادی سرگرمیوں کیلئے تیار رہیں۔ انہوں نے کہا انتظامیہ بھی چوکس رہ کر صورت حال پر نظر رکھے۔


بھارت اور افغانستان میں بھی زلزے کے جھٹکے


ہندو کش کے پہاڑی سلسلے میں آئے زلزلے کے جھٹکے پاکستان کے ہمسایہ ملکوں بھارت اور افغانستان میں بھی محسوس کئے گئے۔ 6.1 شدت کے زلزلے نے نہ صرف پاکستان بلکہ ہمسایہ ممالک میں بھی افراتفری پھیلا دی۔ افغان میڈیا نے امریکا کے زلزلہ پیماہ ادارے یو ایس جیولو جیکل سروے کے حوالے سے کہا ہے کہ زلزلہ شہر فیض آباد سے 66 کلومیٹر جنوب مشرق میں آیا، زلزلے کے جھٹکے کابل تک محسوس کئے گئے۔ دوسری جانب بھارتی میڈیا کا کہنا ہے زلزلے سے دارالحکومت دلی بھی لرز اٹھا، مقبوضہ کشمیر سمیت ملک کے شمالی علاقوں میں جھٹکے محسوس کئے گئے، دلی میٹرو ٹرین کی سروس کچھ دیر کے لئے معطل رہی، ابھی تک کہیں سے نقصان کی اطلاع نہیں ملی:۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *