وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی ملاقات: نگراں وزیراعظم کے نام پر ڈیڈ لاک ختم

 

اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کے درمیان نگراں وزیراعظم کے نام پر ڈیڈ لاک ختم ہوگیا۔ 

وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات کے دوران وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے ایک مرتبہ پر نگراں وزیراعظم کی تعیناتی کے لیے مجوزہ ناموں پر غور کیا۔

انتہائی اہم ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے مجوزہ ناموں میں سے ایک کو نگراں وزیراعظم کی تعیناتی کے لیے اتفاق کرلیا جس کا اعلان کچھ دیر بعد پریس کانفرنس کے دوران کیا جائے گا۔

وزیراعظم سے ملاقات کے بعد اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ نگراں وزیراعظم کے نام پر ڈیڈ لاک ختم ہوگیا تاہم ان سے پوچھا گیا کہ وہ کون سا نام ہے جس پر ان کا کہنا تھا کہ آج وزیراعظم کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران اس کا اعلان ہوگا۔

یاد رہے کہ نگراں وزیراعظم کی تعیناتی کے لیے پیپلز پارٹی کی جانب سے ذکاء اشرف اور جلیل عباس جیلانی کے نام سامنے آئے ہیں جب کہ حکومت نے جسٹس (ر) تصدق حسین جیلانی اور ڈاکٹر عشرت حسین کے نام تجویز کیے ہیں۔

نگراں وزیراعظم کے لیے اپوزیشن کے ناموں میں سے کسی ایک کا اعلان ہوسکتا ہے اور پیپلز پارٹی کی جانب سے تجویز کردہ سابق سیکرٹری خارجہ و سفیر جلیل عباس جیلانی کو نگراں وزیراعظم تعینات کیے جانے کا قومی امکان ہے۔

یاد رہے کہ نگراں وزیراعظم کے نام پر مشاورت کے لیے اس سے قبل وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان 5 ملاقاتیں ہوئیں جو بے نتیجہ ثابث ہوئیں۔

اپوزیشن کی دوسری بڑی جماعت تحریک انصاف کی جانب سے پیپلز پارٹی کے پیش کردہ ناموں کو مسترد کیا گیا ہے تاہم حکومتی ناموں پر پی ٹی آئی متفق دکھائی دیتی ہے۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *