عمران خان وزیراعظم منتخب

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ملک کے 22ویں وزیر اعظم منتخب ہوگئے۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی سربراہی میں قومی اسمبلی کا اجلاس جاری ہے۔ جس میں قائد ایوان کا انتخاب عمل میں آیا۔ ایوان میں نئے قائد کا انتخاب ڈویژن کے ذریعے کیا گیا۔ جس میں عمران خان اور شہباز شریف کے درمیان مقابلے کے دوران ارکان دائیں اور بائیں دو حصوں میں تقسیم ہوگئے۔

رائے شماری کا عمل مکمل ہونے کے بعد اسپیکر نے نتائج کا اعلان کیا جس کے تحت عمران خان قائد ایوان منتخب ہوگئے، عمران خان کو 176 جب کہ جب کہ شہباز شریف کو  96 ووٹ ملے۔

تحریک انصاف کا نمبر گیم؛

رائے شماری میں عمران خان کو تحریک انصاف کے علاوہ متحدہ قومی موومنٹ، بلوچستان عوامی پارٹی، مسلم لیگ (ق)، بلوچستان نیشنل پارٹی، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس، عوامی مسلم لیگ اور جمہوری وطن پارٹی کے ارکان نے ووٹ دیا۔

ایوان میں مسلم لیگ (ن) کی عددی قوت؛

مسلم لیگ (ن) کے شہباز شریف کو ان کی جماعت کے علاوہ متحدہ مجلس عمل اور عوامی نیشنل پارٹی کے ارکان کی بھی حمایت حاصل تھی۔

پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی لاتعلق؛

قائد ایوان کے انتخاب کے لیے پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی نے قائد ایوان کے انتخاب میں کسی بھی امیدوار کو ووٹ نہیں دیا۔

ایوان میں ہنگامہ آرائی؛

عمران خان کے قائد ایوان منتخب ہونے کے بعد مسلم لیگ (ن) نے نعرے بازی شروع کردی، مسلم لیگ (ن) نے نواز شریف کے حق میں اور عمران خان کے خلاف نعرے لگائے۔

حلف برداری کی تقریب؛

نومنتخب وزیر اعظم عمران خان کل اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں ہوگی اور صدر مملکت ممنون حسین ان سے حلف لیں گے۔ تقریب میں شرکت کے لیے خصوصی دعوت نامے جاری کئے جاچکے ہیں جب کہ بھارت سے عمران خان کے دوست نوجوت سنگھ سدھو تقریب میں شرکت کے لیے خصوصی طور پر پاکستان آئے ہیں۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *