کیا ہم cheeseکی وجہ سے دیوالیہ ہورہے ہیں؟

کل میرے گھر کے کک رمضان نے ناغہ کر دیا۔ اس نے پیغام بھیجا کہ اسے کھانسی اور بخار ہے  جب کہ میرا خیال ہے کہ وہ  تو صحت مند ہوا ہو گا اور اپنے کوارٹر میں  ٹی وی دیکھ رہا ہو گا۔ مجھے لگتا ہے کہ اس نے نیا ٹی وی بھی میرے کچن سے چیزیں چوری کر کر کے خریدا ہو گا۔ مجھے لگتا ہے کہ جب میں اسے چھوٹا گوشت کے پیسے دیتی ہوں تو وہ ہمیں بڑا گوشت لا کر کھلا دیتا ہے۔ اور دیسی انڈے کھلانے کی بجائے برائلر کے انڈے کھلاتا ہے۔ اگر وہ کچن کے خرچ سے  کل کلاں ڈیم  فنڈ کے لیے ایک لاکھ روپے چندہ کا اعلان کرتا ہے تو بھی مجھے حیرانی نہیں ہو گی۔  اس کے ناغہ اور نخرہ کی وجہ سےمیں نے کئی بار سوچا کہ اس سے جان چھڑا لوں  لیکن پھر مجھے اس پر ترس آ جاتا ہے اور میں کہتی ہوں کہ چلو، ہر گلاب کے ساتھ کانٹے تو ہوتے ہی ہیں ۔ کلچو کو بھی بہانہ چاہیے ہوتا ہے۔ جیسے ہی رمضان نے ناغہ کیا، اس نے پیزا آرڈر کر دیا۔

لیکن جب پیزا آیا، یہ چیز سے بھرا پڑا تھا۔ اچانک میں نے اپنے آپ کو ایک مشکل صورتحال میں گرفتار پایا۔ میرا مطلب یہ ہے کہ چونکہ میں بہت محب وطن شہری ہوں اس لیے میں چیز کیسے کھا سکتی ہوں جب عمران خان نے کہا ہے  کہ چیز کی وجہ سے ہم دیوالیہ ہو رہے ہیں۔ اگر ہم چیز سے بچت نہیں کریں گے تو اسلامی فلاحی ریاست کیسے بنے گی؟ چین سب سے اچھا ملک ہے کیونکہ وہاں چیز نہیں کھائی جاتی۔ کیا آپ نے کبھی چینی مینیو پر چیز کا ذکر دیکھا ہے؟ نہیں نا؟

اگر آپ  چیز نہیں کھاتے تو پیزا کیسے کھائیں گے؟  کیا پیزا کے اوپر سے چیز کھرچنی ہو گی ؟ اس سے بہتر یہ نہیں ہے کہ چپاتی کھا لیں؟ لیکن پھر مجھے خیال آیا کہ اس وقت اگر میں کھا بھی لوں تو عمران کو کونسا پتا چلے گا۔ پھر سوچا اللہ تو دیکھ رہا ہے۔ پھر خیال آیا: اللہ کو کیا پروا ہے؟  کیا اللہ نے چیز کے بارے میں کوئی حکم دیا ہے؟ یہ ساری غلطی رمضان کی ہے۔  اگر وہ ناغہ نہ کرتا تو مجھے یہ پیزا نہ کھانا پڑتا  اور اس طرح میں ملک سے غداری سے بچ جاتی۔  اسی دوران جب میں نے پگھلتی چیز کی خوشبو محسوس کی تو چپکے سے کہا: اللہ معاف کرے،  اور پھر تیزی سے کھانا شروع کر دیا۔ یہ بہت ہی مزیدار تھا ویسے۔ کل ہی میں چیز پر پابندی لگا دوں گی۔ لیکن اسے پہلے رمضان کو نوکری سے نکالنا ہو گا۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *