پی ایس ایل کے خزانے میں ڈالرز کی برسات ہو گی

کراچی:  پی ایس ایل کے خزانے میں ڈالرز کی برسات ہو گی جب کہ پی سی بی نے تین گنا زائد رقم پر ٹائٹل اسپانسر شپ کا معاہدہ کر لیا۔

ذرائع نے بتایا کہ اس حوالے سے تمام معاملات طے پا چکے ہیں اور آئندہ چند روز میں پی سی بی باقاعدہ اعلان کر دے گا، ایچ بی ایل نے ابتدائی تین ایڈیشنز کیلیے تقریباً5.2 ملین ڈالر سالانہ کا کنٹریکٹ کیا تھا، اب چونکہ لیگ کامیابی سے ہمکنار ہو چکی لہذا پی سی بی نے ایک معروف کمپنی سے ٹائٹل اسپانسر شپ کی ویلیو لگوائی۔

ابتدا میں 15 ملین ڈالر کا مطالبہ کیا گیا تاہم بینک نے کہاکہ وہ 105 روپے فی ڈالر کے حساب سے ہی ادائیگی کرے گا، بورڈ نے یہ بات مان لی یوں تقریباً14.30 ملین ڈالر سالانہ کے حساب سے تین سال کے کنٹریکٹ پر اتفاق ہوگیا ہے، یہ سابقہ معاہدے سے تقریباً تین گنا زائد رقم ہے۔

اس سے قبل یہ قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ سابق چیئرمین نجم سیٹھی کے جانے سے پی ایس ایل پر اثر پڑے گا اور بورڈ کو کنٹریکٹس کے اچھے پیسے نہیں مل سکیں گے، البتہ احسان مانی نے پہلا امتحان بااحسن انداز میں پاس کر لیا ہے، اب براڈکاسٹ رائٹس کا مرحلہ باقی اور بورڈ کو اس سے بھی بھاری رقم ملنے کی توقع ہے۔

یاد رہے کہ پی ایس ایل کا چوتھا ایڈیشن آئندہ برس 14 فروری کو شروع ہوگا، ایونٹ کے 8 میچز پاکستان اور باقی یو اے ای میں کھیلے جائیں گے۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *