دھاون اور کوہلی کی سنچریاں، سری لنکا شکست کے دھانے پر

Sri Lanka India Cricket

کپتان ویرات کوہلی اور شیکھر دھاون کی سنچریوں کی بدولت سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ پر انڈیانے گرفت مضبوط کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو اننگ کی شکست کے خطرے سے دوچار کردیا ہے۔ گال میں کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن ہندوستان نے 128 رنز دو کھلاڑی آؤٹ سے اپنی نامکمل اننگ دوبارہ شروع کی تو دھاون اور کوہلی وکٹ پر موجود تھے۔ دونوں کھلاڑیوں نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی سنچریاں مکمل کیں اور تیسری وکٹ کیلئے 227 رنز کی شراکت قائم کر کے سری لنکا کے خلاف بھاری برتری کی بنیاد رکھی۔ کوہلی 103 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو مجموعی اسکور میں دو رنز کے اضافے سے 257 پر اجنکیا راہانے بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ دھاون اور وری دھیمان ساہا نے اسکور کو 294 رنز تک پہنچایا لیکن اسی اسکور پر دھاون کی ہمت جواب دے گئی اور وہ 134 رنز کی شاندار اننگ کھیلنے کے بعد نوان پرادیپ کی وکٹ بن گئے۔ اس کے بعد ہندوستانی وکٹیں وقفے وقفے سے گرنا شروع ہو گئیں لیکن ساہا نے 60 رنز کی اننگ کھیل کر اپنی ٹیم کو پہلی اننگ میں 192 رنز کی برتری لینے میں مدد فراہم کی۔ ہندوستان کی پوری ٹیم 375 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، کشال پریرا پانچ وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب سری لنکن باؤلر رہے لیکن اس کیلئے انہیں 134 رنز کی پٹائی برداشت کرنا پڑی۔ جواب میں سری لنکا نے اپنی دوسری اننگ شروع کی تو وہ شروع سے ہی بھاری برتری کے دباؤ میں نظر آئی اور صفر پر پہلی وکٹ گنوا بیٹھی۔ ابھی وہ اس نقصان سے سنبھلے بھی نہ تھے کہ ایک کے مجموعے پر امیت مشرا نے کشال سلوا کی وکٹیں بکھیر دیں۔ جب دوسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو سری لنکا نے دو وکٹ کے نقصان پر پانچ رنز بنائے تھے جبکہ اسے ابھی بھی ہندوستان کی برتری ختم کرنے کیلئے مزید 187 رنز درکار ہیں۔ واضح رہے کہ پہلی اننگ میں سری لنکن ٹیم 183 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *