جمالیات

مایا علی کا سوشل میڈیا سے عارضی طور پر دوری اختیار کرنے کا اعلان

Share

پاکستان کی نامور اداکارہ مایا علی لاک ڈاؤن کے دوران اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر دلچسپ پوسٹ شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو محظوظ کررہی تھی تاہم اب انہوں نے سوشل میڈیا سے عارضی طور پر دوری اختیار کرنے کا اعلان کردیا۔

یہ اعلان اداکارہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک تصویر کے ساتھ کیا۔

مایا علی نے انسٹاگرام پر اپنی ایک خوبصورت تصویر شیئر کی جس میں وہ سفید رنگ کے جوڑے میں موجود ہیں۔

اس پوسٹ پر مایا علی نے لکھا کہ ’میں جانتی ہوں ہر کوئی اس صورتحال سے مختلف انداز میں نمٹ رہا ہوگا اور جیسا کہ میں پہلے بھی کہہ چکی ہوں کہ ہمیشہ ایک امید ہوتی ہے اور یہ وقت بھی گزر ہی جائے گا‘۔

اداکارہ نے مزید لکھا کہ ’میں عارضی طور پر سوشل میڈیا سے دوری اختیار کررہی ہوں، ہر کوئی اپنی بہترین کوشش کررہا ہے کہ اس وقت کو کیسے گزارا جائے، میں نے بھی سوچا کہ یہ بہترین وقت ہے جب میں اپنے اندر کے سکون کو تلاش کروں اور خود کو بہتر کروں‘۔

مایا علی کے مطابق ’میں اللہ کا بے حد شکر ادا کرتی ہوں کہ اس نے مجھے اتنی رحمتوں سے نوازا، کبھی کبھار ہمیں سوچنا چاہیے ان رحمتوں کے بارے میں جو خدا نے ہمیں دیں‘َ۔

خیال رہے کہ اس مشکل کی گھڑی میں مایا علی ضرورت مندوں کے لیے راشن بھی جمع کررہی ہیں اور اس حوالے سے انہوں نے لکھا کہ ان کی ٹیم ان راشن بیگز کے حوالے سے مداحوں کو آگاہ کرتی رہیں گی جبکہ انہیں نے اس موقع پر عطیہ کرنے والے افراد کا شکریہ بھی ادا کیا۔

آخر میں مایا علی نے مداحوں کو اپنی حفاظت کرنے اور گھروں میں رہنے کا پیغام دیا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل مایا علی ایک ویڈیو بھی جاری کرچکی ہیں جس میں وہ اپنے پورے گھر کی صفائی کرتی نظر آئیں تھی۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس دنیا بھر کے ساتھ ساتھ پاکستان میں بھی تیزی سے پھیل رہا ہے۔

ملک میں اس وائرس سے اب تک 3800 سے زائد افراد متاثر جبکہ 54 جان کی بازی ہار چکے ہیں۔