"سلک روڈ" ویب سائیٹ کے "معاون" گرفتار

rossانٹرنیٹ کی عام دنیا سے دور موجود ’ڈارک ویب‘ پر کالے بازار کی مشہور ویب سائٹ ’سلک روڈ‘ کو چلانے میں مبینہ طور پر مدد کرنے والے شخص کو تھائی لینڈ میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ کینیڈا سے تعلق رکھنے والے راجر تھامس کلارک پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ وہ سلک روڈ کے بانی راس البرکٹ کے اہم مشیر کا کرداد ادا کرتے تھے۔ امریکی محکمہ انصاف نے راجر کلارک پر الزام عائد کیا ہے کہ انھوں نے راس البرکٹ کو اُن کی غیر قانونی ویب سائٹ چلانے میں مدد فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اُنھیں پولیس سے بچنے کے طریقے بھی بتائے تھے۔ سنہ 2013 کے اختتام پر امریکہ میں تحقیقات کے وفاقی ادارے (ایف بی آئی) اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کی جانب سے کی گئی ریڈ کے بعد ’سلک روڈ‘ بند کر دی گئی تھی۔ سلک روڈ ’ڈارک ویب‘ پر ایک آن لائن کالا بازار تھا جس میں منشیات کی غیر قانونی خرید و فروخت ہوتی تھی۔ رواں سال مئی میں راس البرکٹ کو اس غیر قانونی ویب سائٹ کے بنانے اور چلانے پر عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

silkامریکی محکمہ انصاف کا کہنا ہے کہ راجر کلارک سلک روڈ کے ایک اعلیٰ سطح کے عہدیدار تھے اور یہ بھی کہ انھوں نے ویب سائٹ کو چلانے میں بہت اہم کردار ادا کیا تھا۔ امریکی اہلکاروں کے مطابق وہ ویب سائٹ سے متعلق ٹیکنالوجی کو بہتر بنانے کے طریقوں کے بارے میں مشورے دیتے تھے، ویب سائٹ پر فروخت کو فروغ دینے میں مدد کرتے تھے اور راس البرکٹ کو اپنی شناخت چھپانے کے طریقے بھی بتاتے تھے۔ امریکی محکمہ انصاف نے راجر کلارک کی گرفتاری کا اعلان کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا: ’راجر کلارک کو اپنے مشورے فراہم کرنے کے بدلے میں کم از کم لاکھوں ڈالر تو دیے جاتے تھے۔‘ ایف بی آئی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈیاگو رادریگیز نے کہا کہ ’راجر کلارک نے سوچا ہوگا کہ تھائی لینڈ میں رہنے سے وہ امریکی اہلکاروں سے بچ جائیں گے لیکن ہماری بین الاقوامی شراکت داریوں نے انھیں غلط ثابت کر دیا ہے۔‘

کہا جاتا ہے کہ راجر کلارک سلک روڈ کے علاوہ دیگر خفیہ ویب سائٹس پر ’ورائیٹی جونز‘، ’وی جے‘، ’سائمن‘ اور ’پلورل آف مونگوس‘ جیسے نقلی ناموں کا استعمال کرتے تھے۔ راجر کلارک کو تھائی لینڈ کی جیل سے امریکہ بھیجنے کے لیے کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ اُن پر منشیات کی غیر قانونی خرید و فروخت اور منی لانڈرنگ کے الزامات عائد کیے جائیں گے۔ اگر انھیں مجرم قرار دیا جاتا ہے تو انھیں 30 سال قید کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔

"سلک روڈ" ویب سائیٹ کے "معاون" گرفتار” پر ایک تبصرہ

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *