کیا ہم سلمی آنٹی اور جاوید انکل نہیں بن سکتے؟

raazia syedجلدی چلو ہم نے آج گھر میں ختم قرآن پاک رکھا ہے ۔آنٹی سلمی نے ہمارے گھر کے دروازے پر زوردار دستک دی ۔۔لیکن آنٹی بات تو سنیں آج تو کوئی خاص دن کسی کی برسی وغیرہ بھی نہیں پھر آج یہ اہتمام کیوں ؟میری طرح بہت سے لوگوں کا 25 دسمبر ،21 اپریل ،9 نومبر اور 6 ستمبر کو یہی سوال ہوتا ہے ۔
ذکر ہو رہا ہے جاوید انکل اور آنٹی سلمی کا ، جن دونوں میاں بیوی کا یہ کہنا ہے کہ یہ سب دن ہمیں ہمارے محسنوں کی یاد دلاتے ہیں ۔
یوم اقبال ہو یا ولادت قائد اعظم یا جنگ ستمبر کے شہیدوں کی یاد ، ان سب دنوں کی ایک خاص اہمیت ہے لیکن کیا قائد کی محبت کا محض یہی تقاضا ہے کہ چند سیمینار ، تقریبات ، گارڈز کی تبدیلی کی تقریبات میں شرکت کر لی جائے یا انھیں منعقد کر لیا جائے ، ہمیں تو ان کے احسان کو یاد رکھنا ہے ناں ۔ ان کی محبت کو اپنی نسلوں میں منتقل کرکے زندہ اور قائم رکھنا ہے۔تو بس اس لئے ہم ا ن روشن ہستیوں کے درجات میں بلندی کے لئے دعائے مغفرت کرتے ہیں ۔ان کے ایصال ثواب کی کوشش کرتے ہیں ۔
آنٹی کی باتوں سے مجھے یہ بات یاد آئی کہ کسی کو بھی یاد رکھنا ہو تو دعا ایک بہترین اور تیر بہدف شے ہے ، جس کے توسل سے ہم اس ہستی سے رابطے میں رہتے ہیں ، میرا دعا کے بارے میں ایک فلسفہ ہے کہ یہ ایک ایسی واحد چیز ہے کہ جس کی ضرورت انسان کو اسکی زندگی اور اسکے اس دنیا سے چلے جانے کے بعد بھی رہتی ہے ۔ خواہ آپ کتنی بھی دور ہوں کتنے ہی فاصلے پر ہوں ، کسی کے لئے بھی دعا کر کے اس کو اپنی محبتوں کی ڈور میں باندھ لیتے ہیں ۔
ہم قائد ، اور شاعر مشرق کے لئے تقریبات منعقد کرتے ہیں ، آرٹیکلز لکھتے اور پڑھتے ہیں لیکن ہم میں سے گنے چنے افراد ہی ایسے ہیں جو قائد اور علامہ اقبال کے لئے دعا کرتے ہیں ، ان کے لئے قرآن خوانی کرتے ہیں ، ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ کوئی بھی قوم تب ہی قوم بنتی اور کہلاتی ہے جب تک کہ وہ اپنے قائدین کو نہیں بھلاتی ۔اپنے محسنوں کو فراموش نہیں کرتی ۔ ان کے احسانات کو یاد رکھتی ہے۔ میرا یہ ایقان ہے کہ روشنی کی ایک ننھی سی لکیر بھی ایک اندھیرے کمرے کی تاریکی کو دور کر سکتی ہے ۔آج انہی رہنماﺅں کی وجہ سے ہم آزادی کی فضاوں میں سانس لے رہے ہیں۔ہم ان کے احسانات کے مقروض ہیں ۔ کیا ہم سلمی آنٹی اور انکل جاوید جیسے نہیں بن سکتے ؟ ان دو روشن چراغوں کی طرح نہیں ہو سکتے ؟

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *