کھیل

جوفرا آرچر نے اپنا ورلڈ کپ میڈل گُم کردیا

Share

انگلینڈ کے نوجوان فاسٹ باؤلر جوفرا آرچر نے انکشاف کیا ہے کہ ان کا ورلڈ کپ 2019 کا میڈل کہیں گم ہوگیا ہے اور انتہائی کوشش کے باوجود بھی وہ اسے ڈنوڈ نہ سکے۔

انگلینڈ نے 2019 ورلڈ کپ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد فتح حاصل کر کے تاریخ میں پہلی مرتبہ چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا اور جوفرا آرچر بھی اس فاتح ٹیم کے اہم رکن تھے۔

تاہم کیریبیئن سرزمین سے تعلق رکھنے والے انگلش فاسٹ باؤلر نے انکشاف کیا کہ ان کا میڈل کہیں گم ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی نے مجھے تصویر کا حامل ایک پورٹریٹ تحفے میں دیا تھا اور میں نے میڈل کو اسی میں ٹانگ دیا تھا لیکن جب میں نے اپنا فلیٹ تبدیل کیا تو وہ پورٹریٹ تو تھا البتہ وہ میڈل غائب تھا۔

انہوں نے بتایا کہ میں نے میڈل کو ڈھونڈنے کے لیے ایک ہفتے اپنے پورے گھر کو الٹ پلٹ کرکے دیکھ لیا لیکن میں اسے ڈھونڈنے میں ناکام رہا۔

میڈل ملنے کے لیے پرامید فاسٹ باؤلر نے کہا کہ مجھے معلوم ہے کہ وہ گھر میں ہی کہیں موجود ہے اور میں اسے ڈھونڈنے کی بھی کوشش کر رہا ہوں تاہم میں اسے ڈھونڈ ڈھونڈ کر پہلے ہی پاگل ہو چکا ہوں۔

انگلینڈ کی نمائندگی کرنے والے فاسٹ باؤلر نے ورلڈ کپ میں اپنی تیز رفتار باؤلنگ سے دنیا بھر کے بلے بازوں کو خوب پریشان کرتے ہوئے 20 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

انہوں نے ورلڈ کپ میں سپر اوور کرایا تھا اور نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے نیوزی لینڈ کو آخری گیند پر درکار 2 رنز بنانے کا موقع نہیں دیا تھا اور مقابلہ ٹائی ہونے پر انگلینڈ کو فاتح قرار دیا گیا تھا۔