چھیڑ چھاڑ

akhtar saeed madan.

*کیا شیر اور بکری میں دوستی ہو سکتی ہے؟
ہاں ،ہو سکتی ہے ،اگر بکری شیر کے پیٹ میں ہو تو۔۔۔۔!
*غریبوں کا دوست بجٹ پیش کر دیا گیا ہے۔کیا بجٹ اور غریب دوست ہو سکتے ہیں؟
جی ہاں اگر بجٹ کی کاپیاں جلا کر غریب روٹی پکا سکیں تو۔۔۔!
*پاکستان کو صدارتی نظام حکومت اپنانے پر غور کرنا چاہئے۔(شوکت عزیز)
آپ ایک دفعہ پاکستان توآئیں ،پھر بیٹھ کر غور کرتے ہیں۔
(اندھی عورت کے پاؤں تلے ایک بار بیٹر آ گیا تھا۔وہ گھر والوں پر ناراض ہونے لگی کہ اندھے ہو !یہاں بٹیروں کے لئے جال کیوں نہیں لگاتے۔)
*پارٹی نے چاہا تو 2018 میں الیکشن لڑوں گی۔(مریم نواز)
ابا جی کی پارٹی نے۔۔؟
*ڈار ،نثار اور مجھے وزیر اعظم بننے کی خواہش نہیں۔(ایاز صادق)
اچھا کیا آپ نے ہمارے راستے کے پتھر صاف کر دیئے۔
*اس سال الیکش ہونگے،نئی حکومت تحریک انصاف بنائے گی۔(عمران خان)
خان صاحب اٹھ جایئے ،سورج چڑھ آیا ہے ۔اتنی دیر تک سونا اچھا نہیں ہے۔
*ملا منصور کو مقامی رہائشی سر ٹیفکیٹ بھی جاری کیا گیا۔(ایف آئی اے)
ذرا تلاشی لیجئے ،ملا منصور کو قومی اسمبلی کا الیکشن لڑنے کا سر ٹیفکیٹ بھی نکل آئے گا۔
*دو عیدوں کو روکنے کے لئے قانون سازی کی جائے۔(علما کرام)
غریب کے لئے خوشی کا موقع صرف عید ہی رہ گیا ہے۔آپ چار پانچ عیدیں منانے کے لئے قانون سازی کیجئے۔
*ڈرون حملے ،خود مختاری کے خلاف ہیں۔معاملہ ہر فورم پر اٹھائیں گے۔(سرتاج عزیز)
اس عمر میں آپ دوکلو وزن نہیں اٹھا سکتے،اتنا وزنی ڈرون کیسے اٹھائیں گے؟
*ڈرون حملوں پر امریکہ آرمی چیف کا اشارہ سمجھ گیا ہو گا۔(عسکری ماہرین)
لاتوں کے بھوت باتوں سے نہیں مانا کرتے۔
*پٹرولیم مصنوعات میں کمی نہ کرنے کے خلاف ہائی کورٹ کاحکومت کو نوٹس۔(اخبار)
جسٹس صاحب پہلے والی بوری نوٹسوں سے بھر چکی ہے،مزید کی جگہ نہیں ہے۔
*حکومت دونوں ہاتھوں سے عوام کو لوٹ رہی ہے۔(درخواست گزار)
شکر کریں ،حکومت کے صرف دو ہی ہاتھ ہیں۔
*سٹیج ڈرامہ کفن کی نمائش الحمرا میں شروع ہو گئی ہے۔(خبر)
اور کفن چوروں کی نمائش اسلام آباد میں شروع ہو گئی ہے۔
*1979 میں مرحوم اداکارہ نمی نے کتاب ’موت کا منظر‘ پڑھی تو اداکاری ترک کردی۔(کلچرل رپورٹ)
تاہم زندگی کی کتاب پڑھی تو ڈیڑھ سال بعد دوبارہ اداکاری شروع کر دی۔
*پیپلز پارٹی کے رہنما میاں منظور احمدوٹو نے وزیر اعظم کے لئے گلدستہ بھجوایا۔(اخبار)
گلدستے کے اندر رکھی چٹ پر کیا لکھا تھاوٹو صاحب۔۔؟
دل 25 کا ،عمر 65 کی۔۔وزیر اعظم کا شہباز شریف سے مکالمہ۔(اخبار)
فلم کا نام تو بہت عمدہ ہے۔۔۔شٹوری پتہ نہیں کیسی ہو گی۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *