ہیڈلائن

پاکستان میں کورونا وائرس بے اثر، 95 فیصد مریض صحتیاب، فعال کیسز 9 ہزار سے کم

Share

پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال دن بدن بہتری کی جانب گامزن ہے اور تقریباً 95 فیصد مریض شفایاب ہوگئے ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 95 ہزار 849 ہوچکی ہے جس میں سے 2 لاکھ 80 ہزار 682 صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ 6 ہزار 294 کا انتقال ہوا ہے۔

آج 31 اگست کی صبح تک ملک میں مزید 186 مریضوں اور 6 اموات کی تصدیق ہوئی جبکہ 135 افراد صحتیاب ہوگئے جبکہ بلوچستان کے گزشتہ روز کے اعداد و شمار آج رپورٹ ہوئے جس کے مطابق وہاں مزید 27 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔

دنیا کے بیشتر ممالک میں اس عالمی وبا کے پھیلاؤ میں اضافے کے برعکس پاکستان میں صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے۔‎

تاہم ماہرین صحت نے خبردار کیا ہے کہ ذراسی لاپرواہی اور بے احتیاطی اس وائرس کے دوبارہ پھیلاؤ کا سبب بن سکتی ہے۔

اگرچہ مجموعی صورتحال کی بات کریں تو پاکستان میں اس عالمی وبا نے 6 ماہ سے زائد عرصہ پورا کرلیا ہے اور اس دوران یہ مختلف مراحل سے گزری ہے۔

26 فروری کو کورونا وائرس کی وبا کے پہلے کیس سے 31 مارچ تک ملک میں کورونا کیسز کی تعداد کافی کم تھی، تاہم اپریل کے مہینےمیں اس میں اضافہ شروع ہوا جو مئی میں کافی حد تک بڑھ گیا۔

تاہم جون کا مہینہ ایسا تھا جس میں یہ وائرس اپنی بلندیوں کو پہنچا اور یومیہ کیسز 6 ہزار اور اموات 100 سے تجاوز کرنے لگیں جبکہ ہسپتال پر دباؤ بھی بڑھ گیا۔

بعد ازاں جولائی کے مہینے میں کیسز اور اموات میں کمی آنا شروع ہوئی اور اگست کے مہینے میں صورتحال بہتر ہوگئی اور یومیہ کیسز سیکڑوں اور اموات اوسطاً درجن بھر تک پہنچ گئیں۔

آج 31 اگست کو سامنے آنے والے اعداد و شمار کے بعد صورتحال کچھ اس طرح کی ہے۔

سندھ

سرکاری سطح پر قائم پورٹل کے مطابق سندھ میں 30 اگست کو جو کیسز رپورٹ ہوئے ان کی تعداد 80 تھی۔

31 اگست کو سامنے آئے ان اعداد و شمار کے مطابق مزید 80 مریضوں کے بعد مجموعی کیسز ایک لاکھ 29 ہزار 348 ہوگئی۔

مزید یہ کہ 3 افراد کے انتقال کرنے سے وہاں اموات کی مجموعی تعداد 2401 تک پہنچ گئی۔

پنجاب

پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 28 مریضوں اور 2 اموات کی تصدیق ہوئی۔

سرکاری پورٹل کے مطابق صوبے میں ان نئے مریضوں کے بعد مجموعی کیسز 96 ہزار 769 تک پہنچ گئے۔

اس کے علاوہ 2 نئی اموات صوبے کی مجموعی اموات کی تعداد کو 2198 تک لے گئیں۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس مزید 14 افراد کو متاثر کرگیا۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں سامنے آئے ان 14 مریضوں کے بعد وہاں کیسز کی مجموعی تعداد 15 ہزار 625 ہوگئی۔

بلوچستان

بلوچستان میں کورونا وائرس کے مزید 27 کیسز کی تصدیق ہوئی، جس سے وہاں کیسز کی تعداد 12 ہزار 869 ہوگئی۔

یہ اعداد و شمار 30 اگست کے تھے جو 31 اگست کی صبح رپورٹ ہوئے۔

گلگت بلتستان

ملک میں دوسرے نمبر پر کم متاثر علاقے گلگت بلتستان میں کورونا وائرس مزید 33 افراد کو متاثر کرگیا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں سامنے آئے ان نئے کیسز کے بعد وہاں مجموعی تعداد 2 ہزار 896 تک پہنچ گئی۔

آزاد کشمیر

پاکستان کے سب سے کم متاثر حصے آزاد کشمیر میں مزید 4 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ ایک کا انتقال ہوا۔

اعداد و شمار کے مطابق ان 4 نئے مریضوں کے بعد وہاں کیسز کی مجموعی تعداد 2 ہزار 298 ہوگئی۔

اس کے علاوہ ایک فرد کے انتقال کرنے سے اموات 62 تک جا پہنچیں۔

صحتیاب افراد

ملک میں کورونا وائرس سے تقریباً 95 فیصد مریض صحتیاب ہوگئے ہیں اور اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کا صحتیاب ہونا باقی رہ جانے والے مریضوں کے لیے امید کی کرن ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ان صحتیاب افراد کی تعداد میں 135 کا اضافہ ہوا اور مجموعی تعداد 2 لاکھ 80 ہزار 682 ہوگئی ہے۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 295849

اموات: 6294

صحتیاب: 280682

فعال کیسز: 8873