سر میں گولی لگنے سے رابعہ کی موت ہوئی، پوسٹ مارٹم رپورٹ

میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز لاہور کے مقامی ہوٹل سے ملنے والے لڑکی رابعہ کی لاش کا پوسٹ مارٹم میو ہسپتال میں مکمل ہو گیا ہے جس سے پتہ چلا ہے کہ رابعہ کی موت سر پر گولی لگنے سے ہوئی۔ اس کے علاوہ مقتولہ کے جسم پر تشدد کا کوئی نشان نہیں پایا گیا ۔رپورٹ کے مطابق سر میں گولی انتہائی قریب سے لگی ، دائیں جانب سے لگنے والی گولی آر پار ہو گئی۔ پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثاءکے حوالے کر دی گئی ہے۔ ابتدائی پوسٹمارٹم رپورٹ کے مطابق رابعہ کے سر میں ایک گولی لگی ہے، رابعہ کے سر میں لگنے والی گولی کو نکال کر فرانزک لیب بھجوا دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق رابعہ کے پرس سے برآمد ہونے والی گولی اور سر سے نکالی گئی گولی کو میچ کیا جائے گا، ہوٹل میں دوران تفتیش ملنے والے شواہد بھی فرانزک لیب بھجوا دیئے گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق رابعہ نے خود کشی کی ہے یا اس کو قتل کیاگیا ہے، اس کے بارے میں فی الحال کچھ نہیں کہا جا سکتا، فرانزک رپورٹ کے بعد اصل حقائق سامنے آئیں گے۔ یاد رہے کہ باٹا پور کی رہائشی رابعہ کی لاہور کے نجی ہوٹل میں گزشتہ روز پراسرار طور پر مردہ پائی گئی تھی :-

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *