’’عاشقی ٹو‘‘کی آفر ٹھکرانے کا افسو س ہے ،عمران عباس

karachi-liyari_400

ماڈل و ٹی وی اداکار عمران عباس نے کہا ہے کہ پاکستانی فلموں میں کام کرنے کی آفرز مل رہی ہیں۔ اپنے ملک کی فلموں میں کون کام کرنا نہیں چاہتا مگر میرے ساتھ اب مجبوری یہ ہے کہ بھارتی و ہالی ووڈ کی فلموں میں کام کرنے کے لئے شیڈول ترتیب دے چکا ہوں۔ اس وقت بھارتی فلم ’’کری ایچر‘‘میں کام کرنے کی وجہ سے مصروف ہوں،جو بالی ووڈ میں3-D آئی میکس ٹیکنالوجی پر بنائی جانے والی اپنی نوعیت کی پہلی فلم ہے۔ پاکستا ن کا پہلا اداکار ہوں جو ایک معروف اداکارہ بپاشا باسو کے ساتھ ہیرو آرہا ہوں۔ بھارتی فلم ’’عاشقی ٹو‘‘کی آفر کو ٹھکرانے کا افسوس ہے ، فلم کی ریکارڈساز کامیابی نے بھارتی فلمسازوں کو بھی حیران کردیا ہے ۔ سو کروڑ کے کلب کی ممبر بن جانے والی اس فلم میں کام کرنے کے بارے میں بھارتی اداکار اکشے کمار سے مشورہ کیا تھااور ان کے کہنے پر فلم ’’عاشقی ٹو‘‘میں کام کرنے سے انکار کیا تھا لیکن اب ایسی کوئی غلطی نہیں کرنا چاہتا ۔ مزید دو اور بھارتی فلمیں سائن کی ہیں،جس کے بارے میں تفصیلات سے آگا ہ کرنا قبل از وقت ہوگا۔ میرے شائقین کو پہلی فلم کی ریلیز تک انتظار کرنا ہوگا۔ ایک پاکستانی فلم ‘‘عبداﷲ ’’میں بھی اپنا کام مکمل کراچکا ہوں، جس میں میرے ساتھ سعدیہ خان،ماجد حسن اوردیگر فنکار ہیں۔ فلم کی کہانی ہاشم ندیم کے ناول پر مبنی ہے ،جس میں بلوچی کا کردار اداکیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ممبئی سے پاکستان آمد پر نمائندہ دنیا سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ عمران عباس نے ملکی فلم انڈسٹری کے سوال پر کہاکہ اب وقت بدل چکا ہے ،نئی فلمیں میں ہوں شاہد آفریدی، جوش ، وار اور دیگر سے کافی امیدیں وابستہ ہیں۔ ہمایوں سعید ، آمنہ شیخ اور دیگر ٹی وی فنکار پاکستان فلم انڈسٹری کی بحالی کے لیے اچھا کام کررہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ہالی وڈ کی فلم کے لیے بھی بات چیت چل رہی ہے ۔فلموں کی بناء پر 2014 ء تک مصروف رہوں گا۔ ٹی وی ڈراموں میں کام کرنے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ مومل پروڈکشنز کے ساتھ سیریل کرکے اچھا لگا ،جو لوگ کہہ رہے ہیں کہ اب میں ان کے ساتھ کام نہیں کروں گا ، اس میں حقیقت نہیں ،ان سے میرا فیملی سا تعلق ہوچکا ہے ۔اس سیریل کی کامیابی نے میرے حوصلے بلند کردیے ہیں۔ فلم ‘‘کری ایچر’’ اپنی طرز کی جراسک پارک ٹائپ مووی ہے جس میں بپاشا باسو کے ساتھ کام کرکے لطف آیا ۔وہ ایک بالی وڈ کی سینئر اداکارہ ہے ،انہوں نے بہت گائیڈ کیا۔فلم کے ہدایت کار وکرم بھٹ ہیں۔انہوں نے مرکزی کردار کے لیے کاسٹ کیا ہے ۔بالی وڈکی 100 سالہ فلم انڈسٹری کی تاریخ میں بنائی جانے والی پہلی تھری ڈی آئی میکس فلم کا ہیرو کا اعزاز ایک پاکستانی کو حاصل ہونے والا ہے ۔ پاکستانی فلم و ٹی وی کے نئے پروجیکٹس کی آفرز پر غور 2014 ء کے دوران ہی کیا جاسکے گا۔ عمران عباس آئندہ چند دنوں بعد دوبارہ ممبئی چلے جائیں گے ۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ اس بار عید ممبئی میں ہی منائیں گے ۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *