تو کھینچ میری فوٹو۔ ۔ ۔

razia syed

میری اہمیت اب آپ کیا پوچھیں گے ؟ کیونکہ اصل میں میری حیثیت اب کچھ رہی بھی نہیں ۔ مجھے نہیں معلوم تھا کہ اب لوگوں کے پاس اپنے اپنے سمارٹ فون آجائیں گے کہ وہ ناک اور منہ ٹیٹرھے کر کر کے بندر جائیں گے اور ڈارون کی انسان کے پہلے بندر ہونے کی تھیوری سچ ثابت ہو جائے گی ۔
اچھا یہ سمارٹ فون سے بھی مجھے بہت اختلاف ہے ، لوگ کہتے ہیں کہ جناب جدید ٹیکنالوجی ہے ، لیکن کوئی مجھے بتائے گا کہ چھ چھ انچ کے فون کب سے سمارٹ ہونے لگے؟ جس چیز کو اٹھا کر ہاتھ دکھنے لگ جائیں وہ کبھی سمارٹ تو نہیں ہوسکتی ۔
مجھے تو اب لگ رہا ہے کہ ایک دن لیپ ٹاپ جتنا موبائل وجود میں آجائے گا اور سب اسے ہی اپنے ننھے ننھے کانوں پر لگا لیں گے اور دور سے ہی کوئی ہمارے جیسا دیہاتی یہ سمجھے گا کہ ریڈیو پر کمنٹری سنی جا رہی ہے بلکہ لائیو کال کر کے بھی اپنے خیالات کا اظہار ہو رہا ہے ۔
دیکھا میں نے اب تک آپ کو اپنے بارے میں نہیں بتایا کہ میں ہوں کون ؟ جناب میں ایک فوٹو گرافر ہوں اور ایک ایسا فوٹو گرافر ہوں جس نے بیرون ملک سے یہ پیشہ ورانہ تربیت حاصل کی ہے ۔ مجھے یاد ہے کہ جب میں نے پاکستان آکر اپنی فوٹو شاپ کھولی تو کئی وزرا اور مشیر باقاعدگی سے مجھ سے تصاویر بنوانے آتے تھے ۔ بلکہ مجھے ایک سابق وزیر اعظم کا فیملی فوٹو گرافر ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے ۔
میں نے کئی مشہور جریدوں اور اخبارات میں بھی کام کیا ، ملکی اور غیر ملکی سطح پر میری خدمات کا اعتراف کیا گیا اور کئی اعزازات بھی میرا مقدر بنے ۔ لیکن سچ پوچھئیے تو اب میں کئی چیزوں کی وجہ سے اس پیشے سے مایوس ہو چکا ہوں ۔ پہلی چیز تو سیلفیاں لینے کا رحجان ہے ، کوئی پتا نہیں کہ بیک گراونڈ کیا ہے بس دھڑا دھڑ تصاویر لی جا رہی ہیں ، ایک تصویر میں پس منظر میں اونٹ ہے تو ہاتھ میں گل دان ، ایک میں پیچھے نلکا ہے تو آگے چار بت کھڑے ہوئے ہیں ۔ منہ الگ ٹیڑھا ، ان سب لڑکے لڑکوں سے میں یہ پوچھنا چاہتا ہوں کہ اگر یہ سب کو محبت کا پیغام دینا چاہتے ہیں تو بندر بننے کی ضرورت جو اتنا پیار ڈل رہا ہے ان کا ، اور اگر یہ اپنے گھر والوں کو پیار کرنا چاہتے ہیں تو گھر میں ان کے ہونٹوں پر تالے تو نہیں پڑے ہوتے ۔۔
دوسری وجہ میرا روایتی ’’ ٹھرک پن ‘‘ ہے ،ایک مرتبہ میں ایک گرلز کالج میں کانووکیشن پر گیا ، آپ بھی اس بات سے اتفاق کریں گے کہ جوانی سب پر ہی آتی ہے ، مجھے بھی ایک لڑکی اتنی بھائ کہ میں نے باقی لڑکیوں کی تصویریں تو جو لیں سو لیں ، لیکن اس کی بطور خاص ایک الگ تصویر لے کر اخبار میں لگوا دی اب باقی ماندہ تو آپ کو پتا ہی ہوگا ۔
میری حرکات و سکنات بھی میری تنزلی کی ایک اہم وجہ ہیں کیونکہ میں اب کتنی دفعہ کہوں کہ جناب سمائل پلیز کبھی تو میں نے ہاتھ اور آنکھ سے بھی اشارہ دینا ہے لیکن نہیں جناب کل ایک خاتون اپنے موٹے تازے بھائی کے ہمراہ آئیں کہ فوٹو گرافر نے مجھے آنکھ ماری ہے ۔
عینک والے صاحبان کو میں یہ کہتا ہوں کہ اگر انھوں نے ڈرائیونگ لائسنس لینا ہے تو عینک نہ لگائیں لیکن جب وہ عینک اتار دیں تو ان کی شکل چینی باشندوں جیسی ہو جاتی ہے ۔ پاسپورٹ والی تصاویر بنوانے والوں سے بھی مجھے گلہ رہتا ہے ، کل پرسوں کی بات ہے کہ ایک لڑکا آیا اور مجھے کہنے لگا کہ جلدی سے پاسپورٹ سائز تصویریں بنا دیں ، میں نے بیک گراونڈ کے متعلق بھی پوچھا تو کہنے لگا جو آپ کا دل کرے ، خیر میں نے تصویریں بنا دیں دومنٹ ہی ہوئے تھے کہ آتے ہی گویا ہوا کہ یہ کیا کیا ہے ، مجھے نیلا نیلا چاہیے تھا ، غصہ تو مجھے بہت آیا آخر میں نے کہا
’’ نالائق پانڈے اٹھویں فیل میں نے جو بیک گرائونڈ پوچھا تھا وہ یہی تھا کھیلنے کا میدان نہیں تھا ۔ ‘‘
آج کی بات بھی آپ کو سنا ہی دوں ایک خاتون اپنے شوہر کے ساتھ میرے سٹوڈیو آئیں جن کی خواہش تھی کہ ان کے شوہر کی تصاویر پینٹ کوٹ میں آئیں ، میں نے انھیں بات کرنے کا موقع نہیں دیا اور دروازے سے ہی یہ کہہ کر واپس کر دیا کہ ’’ محترمہ جائیں یہ صاحب تصویر میں تو کیا کپڑوں میں ہی پھٹ جائیں گے میری مانیں تو انھیں بیلٹ والی پینٹ کی جگہ گیلس پہننے کا مشورہ دیں َ‘‘ خیر وہ تو اونہہ کہہ کے چلی گئیں ۔
لیکن ان سب باتوں کی باوجود میرا دل خون کے آنسو روتا ہے جب لوگ ون ٹین کے کیمرے سے تصویریں کھینچ کر توقع یہ کرتے ہیں کہ ان کا رزلٹ یاشیکا کے کیمرے کا آئے ۔ نیچرل بیوٹی آئے اب جناب سٹوڈیو میں میں فطری مناظر کیسے لے کر آئوں ، وہی پلاسٹک کے پھول پودے ہی ہوں گے ناں ۔ کئی لوگ اتنا اتنا میک اپ تھوپ کر آجاتے ہیں کہ مجھے خود ہی تصویر کھینچنا مشکل لگنے لگتا ہے ۔
چلیں یہ سب اچھے برے تجربات تو زندگی کا حصہ ہیں ، جاتے جاتے آپ کو ایک خوش خبری سنائوں کہ کل ہی دو افراد میرے پاس آئے اور کہنے لگے کہ میری اور میرے بچوں کی تصویریں بھی آپ نے ہی بنائی تھیں ، اب ان کی شادی کی تصویریں بھی آپ ہی سے بنوانے کا ارادہ ہے جاتے جاتے آپ سے التماس ہے کہ ہماری طویل العمری کو نظر بد سے بچنے کی دعا ضرور دیجئیے گا ۔۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *