مسٹر بان کی مون کی پاکستان میں آمد

اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل مسٹر بان کی مون پاکستان کے یومِ آزادی کی تقریبات میں شرکت کرنے کے لیے اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ ان کے دورے کا مقصد اس خوشی کے موقع پر پاکستانیوں سے اظہارِ یک جہتی کے علاوہ یہاں تعلیم کے فروغ اور حالیہ بارشوں کے موقع پر حکومتی انتظامات کا جائزہ لینا بھی ہے۔ وہ چودہ اگست کو ہونے والی پرچم کشائی کی تقریب میں مہمانِ خصوصی ہوں گے۔اس کے علاوہ وہ نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں’’ عالمی امن اور استحکام ‘‘ کے سنٹر کا بھی افتتاح کریں گے۔ اپنے قیام کے دوران وہ اسلام آباد میں طلبہ سے بھی ملاقات کریں گے۔
پاکستان میں دوروزہ قیام کے دوران مسٹر بان کی مون صدرِ پاکستان آصف علی زرداری، وزیرِ ِ اعظم نواز شریف اور سپیکر قومی اسمبلی اور فوجی قیادت سے ملاقات کریں گے۔ پاکستانی صحافیوں سے بات کرتے ہوئے مسٹر مون نے پیش کش کی کہ وہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کم کرانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔ یہ بات قابلِ ذکر ہے کیونکہ آج پاکستان اور بھارت کے درمیان سرحد پر کشیدگی پائی جاتی ہے۔ بھارتی سیکورٹی فورسز متعدد بار فائر بندی کی خلاف ورزی کر چکی ہیں۔ اسی دوران بھارتی میڈیا بھی جلتی پر تیل گراکر دشمنی کے جذبات پیداکرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ اس پسِ منظر میں ناقدین مسٹر مون کے دورے کو خاص اہمیت دے رہے ہیں۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *