پارٹی فنڈز کے غلط استعمال پر عمران خان سے جواب طلب

imran khanالیکشن کمیشن آف پاکستان  نے پاکستان تحریک انصاف  کے سربراہ عمران خان سے پارٹی فنڈز کے مبینہ غلط استعمال اور خردبرد پر وضاحت طلب کرلی ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان اور سیکرٹری جنرل کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے 23 فروری کو کمیشن کے سامنے ذاتی یا اپنے نمائندے کے ذریعے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ٹی آئی کے بانی رکن اور سابق نائب صدر اکبر ایس بابر نے گزشتہ سال نومبر میں ای سی پی میں ایک پٹیشن دائر کرتے ہوئے " پارٹی کے اندر مالیاتی بے ضابطگیوں" کی تحقیقات اور ذمہ داران کے احتساب کی استدعا کی تھی۔انہوں نے پی ٹی آئی قیادت پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ پولیٹیکل پارٹیز آرڈر 2002 کی خلاف ورزی اور عملدرآمد نہیں کررہی۔اکبر ایس بابر نے اپنی پٹیشن کے ہمراہ ' دستاویزی شواہد' بھی جمع کرائے تھے جن میں پارٹی فنڈز کے ایک آڈٹ کی نقل اور بیرون ملک سے ملنے والے ڈونیشنز کی رسیدیں بھی شامل تھیں۔انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کی درخواست پر گزشتہ سال مارچ میں ہونے والے خصوصی آڈٹ رپورٹ میں یہ ثابت ہوا تھا کہ پی ٹی آئی فنڈز میں خردبرد ہوئی ہے۔
ایک مثال دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ امریکا سے پی ٹی آئی اراکین نے فروری 2010 سے جون 2013 کے درمیان دو لاکھ ڈالرز بھجوائے تاکہ ضلعی دفاتر کا قیام عمل میں لایا جاسکے مگر یہ فنڈز اس مقصد کے لیے استعمال نہیں ہوئے۔اکبر ایس بابر نے کہا کہ آڈٹ رپورٹ نے ان کے 2011 میں پیش کیے گئے خدشات کی شہادت پیش کی کہ ڈونیشنز کی رقوم پی ٹی آئی رہنماﺅں کے بینک اکاﺅنٹس میں منتقل ہورہی ہے۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *