کیا ن لیگ کا ووٹر گالی کا مستحق ہے؟

faiza rasheed

فائزہ رشید

عطااللہ عالی نامی کسی صاحب کی پوسٹ نظر سے گذری جس میں انہوں نے لکھا ہے کہ ن لیگ کو سپورٹ کرنے والوں کی اکثریت ٹیکس چور،کمیشن چور، دونمبر، ان کے رشتے دار وغیرہ سب دو نمبر ہیں - عالی صاحب فرماتے ہیں کہ یہ میرا ذاتی تجربہ ہے- میں نے ان کی وال کھول کر دیکھی تو پتا چلا کہ موصوف سکرپٹ رائٹر ہیں اور ٹی وی کے لیے ڈرامے لکھتے ہیں- ایک لمحے کے لیے تو میں سن ہوگئی کہ کیا ایک پڑھا لکھا شخص اس طرح کی بیہودہ ترین بات لکھ سکتا ہے؟ پہلے بات ن لیگ تک تھی اب ان کو ووٹ دینے والے بھی گالی کے مستحق ہوگئے؟ عطااللہ عالی صاحب! اگر کوئی یہ کہے کہ پی ٹی آئی کی حمایت کرنے والے بہو بیٹیوں کو نچانے والے ہوتے ہیں(انتہائی معذرت)  تو کیا آپ ان کا یہ ذاتی تجربہ تسلیم کریں گے؟ آپ  کو شرم آنی چاہیے کہ آپ نے محض دو مخالف سیاسی پارٹیوں کو "دو قومی نظریہ" بنا کر پیش کردیا ہے- آپ کس قدر گھٹیا سوچ کے مالک ہیں، کیا یہ ہے آپ کا نیا پاکستان جس میں آپ کا ہر مخالف گندی ترین گالیوں کا مستحق قرار پائے گا -ڈر لگنے لگا ہے آپ کی سوچ سے، آپ تواپنے ہر مخالف کو جان سے مار دینے کے درپے نظر آتے ہیں- مجھے یقین ہے کہ خود آپ جیسا ایماندار، صاف ستھرا، شفاف اور کھرا انسان شائد ہی دنیا میں کوئی ہو- ذرا اپنا جائزہ لیجئے اور قرآن پر ہاتھ رکھ کر کہیے کہ آپ خود کتنے پانی میں ہیں؟پتا نہیں آپ کو کس نے سکرپٹ رائٹر مان لیا ہے، آپ کو تو اختلاف رائے کرنا بھی نہیں آتا-ہمارے آفس میں بے شمار لوگ پی ٹی آئی کے سپورٹرز ہیں لیکن کبھی ان کے منہ سے اس قدر بیہودہ بات نہیں سنی، کوئی پی ٹی آئی کو سپورٹ کرے، جماعت اسلامی کو، ن لیگ کو یا پیپلز پارٹی کو۔۔۔۔۔آپ کون ہوتے ہیں انہیں ذاتی سطح پر اتر کر گالیاں دینے والے؟ آپ کے ملنے جلنے والوں سے پوچھا جائے تو مجھے امید ہے وہ بھی آپ کے بارے میں ایسے ہی انکشافات کریں گے-پتا نہیں آپ جیسے لوگوں کو کیوں یہ زعم ہوگیا ہے کہ آپ کے علاوہ سارا ملک جاہل اور گنوار ہے- محترم ! اس ملک میں ہر کسی کو کسی بھی پارٹی کو پسند کرنے اور ووٹ ڈالنے کا حق ہے- آپ مخالفین کو گالیوں سے نوازیں گے تو قلعی آپ ہی کی کھلے گی، بالفرض آپ کے خاندان، آپ کے رشتہ داروں یا آپ کے دوستوں میں سے کوئی ن لیگ کا ووٹر نکل آئے تو کیا اسے بھی دو نمبر سمجھیں گے؟ آپ کے بچوں کی شادیاں جہاں ہوں گی اگر وہ ن لیگ کے ووٹر ہوئے تو کیا وہ بھی دو نمبر کہلائیں گے؟ اور بائی دی وے 2013 سے پہلے آپ نے کس کو ووٹ دیا تھا؟ اگر پی ٹی آئی کو نہیں دیا تھا تو اس کا مطلب ہے آپ بھی کسی دونمبری میں ملوث تھے؟میں حیران ہوں کہ آپ کی موٹی عقل میں اتنی سی بات بھی نہیں آئی کہ سیاسی مخالفت کوئی جانی دشمنی تو نہیں ہوتی- ن لیگ کے ووٹر ہوں یا پی ٹی آئی کے۔۔۔۔کیا شودر ہیں؟ کیا کافر ہوگئے ہیں؟ آپ جیسے گھٹیا لوگوں نے ہی نوجوانوں کے ذہنوں یں زہر گھول دیا ہے، شرم کریں اور تعصب کو اپنے ذہن سے نکالیں، پاکستان سب کا ہے اور ووٹ دینے کا حق بھی سب کا- آپ اپنے سیاسی فتوے اپنے پاس رکھیں -آپ  پی ٹی آئی کو ووٹ دینا چاہتے ہیں، بالکل دیں، بڑے شوق سے دیں لیکن اگر کوئی ن لیگ کو ووٹ دیتا ہے تو آپ کون ہوتے ہیں اسے گالی دینے والے؟ پہلے ہی ملک میں تعصبات کیا کم ہیں کہ آپ جیسے لوگ بھی اس آگ پر پٹرول چھڑکنے آن پہنچے ہیں-

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *