بلاول بھٹوکس منہ سے لیاقت آباد جارہے ہیں؟

زور و شور سے اعلانات ہو رہے ہیں کے بلاول بھٹو آج یعنی اتوار 29 اپریل کو لیاقت آباد میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرینگے۔۔۔ اس سے قبل انکے نانا یعنی وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو 1976 میں یہاں بڑے طنطنے سے پہنچے تھے کہ جب وہ یہاں لیاقت آباد سپر مارکیٹ کا افتتاح کرنے آئے تھے اور جیسے ہی انکے منہ سے یہ طعنے بھرے الفاظ نکلے تھے کے " کچھ لوگ کہتے تھے کہ مجھے کبھی لیاقت آباد نہیں آنے دیں گے ۔۔۔ لیکن دیکھ لو آج میں یہاں کھڑا ہوں ۔۔" تو یکایک ان پہ جوتوں کی برسات شروع ہوگئی تھی اور وہ تقریر ادھوری چھوڑ کے بھاگ نکلے تھے ۔۔۔۔ میں چونکہ خود اس جلسے کی دوسری صف میں موجود تھا لہٰذا اس جوتاباری کا عینی شاہد ہوں ۔۔۔ اس کے بعد پھر کبھی مڑ کے بھی انہوں نے سرفروشوں کی اس بستی کا رخ کرنے کی ہمت نہیں کی تھی ۔۔۔ حتٰی کہ انکی صاحبزادی یعنی بینظیر جنہیں انکے مداح جرآت اور بہادری کی علات قرار دیتے نہیں تھکتے تو دو مرتبہ اقتدار میں آنے کے باوجود انکی بھی کبھی یہاں کسی جلسے کے انعقاد کی ہمت نہیں ہوسکی تھی ۔۔۔

Image result for bilawal

لیکن خیر اب جبکہ پلوں کے نیچے سے بہت پانی بہ گیا ہے، تو بعضے بھٹو پرستوں کا یہ سمجھنا ہے کہ اب فضا بدل چکی ہے اور پہلے والا لیاقت آباد اب ویسا نہیں رہا ۔۔۔ ! لیکن کیا واقعی ایسا ہی ہے ؟ ۔۔ میرا خیال ہے کہ لیاقت آباد ایسا بھی تبدیل نہیں ہوا کہ 10 نمبر لیاقت آباد کے موڑ پہ واقع مسجد کے احاطے میں مدفون ان شہداء کی قبروں ہی کو بھول جائے کہ جو شہدائے اردو کہلاتے ہیں اورجو 7 جولائی 1972 کے بدنام زمانہ لسانی بل کے خلاف احتجاج کرنے کی پاداش میں وحشی و متعصب پویس کی گولیوں سے بھون دیئے گئے تھے اور اسی طرح کی چند قبریں ضلع ملیر میں کھوکھرا پار کالونی اور سعودآباد کی درمیانی چورنگی پہ آج بھی موجود ہیں - یہ لسانی بل اردو کو یکسر ہٹاکے سندھی کو سرکاری زبان کے طور پہ مسلط کردینے کی وہ سیاہ کاری بلکہ سیاسی کارو کاری تھی کے جسکے رد عمل میں رئیس امروہوی کی وہ شہکار نظم وجود میں آئی تھی کہ۔۔۔۔ اردو کا جنازہ ہے ذرا دھوم سے نکلے۔۔۔ درحقیقت یہ طرز عمل بھٹو کی اس نفرت کا کھلا مظہر تھا جو کہ وہ اردو بولنے والوں کے خلاف اپنے دل میں رکھتا تھا اور اسی لیئے اس نے اپنے دور اقتدار میں اردو بولنے والے طبقے سے تعلق رکھنے والے بیورو کریٹس کو بڑی رحمی سے نکالنے کی پالیسی اپنائے رکھی-

رسوائے زمانہ لسانی بل کے خلاف شدید عوامی احتجاج کے بعد گو کہنے کی حد تک ایک ترمیمی دولسانی بل پیش ضرور کردیا گیا تھا لیکن عملاً بھٹو حکومت نے اس معمولی سی پسپائی کا بدلہ بھی اس بھیانک انداز میں لیا تھا کے اگلے ہی برس نئے آئین میں سندھ میں وہ ذلت آمیز کوٹا سسٹم نافذ کردیا تھا کہ جس سے سندھ کی شہری آبادی کو اچھوت بناکے رکھ دیا گیا تھا اورپھر انہیں ہر سرکاری شعبے میں بری طرح سے نظرانداز کردیا گیا تھا اور شہری کوٹے پہ بھی پچھلے دروازے سے نسلی سندھیوں ہی کو مسلط کرنے کی اندھی مچادی گئی تھی جو کہ آج اس سے بھی زیادہ زور و شور سے جاری و ساری ہے اور اسی عمل کے تسلسل کی وجہ سے سندھ میں سرکاری ملازمتوں میں اردو بولنے والوں کا تناسب شرمناک حد تک کم کردیا گیا ہے اور نوبت یہ ہے کہ کراچی کے قلب میں واقع سندھ سیکریٹیریٹ میں اردو وال طبقے کے لوگ بس اتنے ہی دکھائی دیتے ہیں جتنے کہ کسی بڑی جنج یا دھوم دھام کی بارات میں چند بینڈ باجےوالے ۔۔۔۔

پیپلز پارٹی کی اردو بولنے والوں سے بیزاری کی تاریخ محض انہی چند باتوں تک محدود نہیں بلکہ اسکے ہر دور اقتدار میں انکے ساتھ شدید نفرت کی داستان بہت سے نکات اور واقعات سے لبریز ہے ۔۔۔ اس ضمن میں ایک خونچکاں باب سانحہء پکا قلعہ حیدرآباد کا بھی ہے کہ جب بنیظیر کے پہلے دور حکومت میں مئی 1990 میں اس طقے کی ایک بڑی بستی کے خلاف ایک خونی آپریشن کیا تھا اور پہلے تو یہ وحشتناک ظلم ڈھایا گیا تھا کے پولیس کی ایگل اسکواڈ کی درجنوں موبائلوں‌نے اس علاقے کو اپنے محاصرے میں لے لیا تھا اور کئی روز تک پانی بجلی اور اشیائے خوردو نوش کی سپلائی منقطع کرکے محبوس مکینوں‌ کو بھوکا پیاسا مارا گیا تھا اور پھر جب سر پہ قرآن رکھے ، خواتین ، بچوں اور بزرگوں کی ایک بڑی تعداد احتجاج کرنے کے لیئے باہر سڑک پہ آنے پہ مجبور ہوگئی تو 27 مئی کی خونی دوپہر انہیں گولیوں سے بھون ڈالا گیا اور کتنے ہی بےگناہ افراد خاک و خون میں تڑپا تڑپا کے مار دیئے گئے تھے۔۔۔ چونکہ ان اردو بولنے والوں کا لہو دراصل خون خاک نشیناں تھا سو رزق خاک ہوا اور اٹھائیس برس گزر جانے کے باوجود آج تک جی ہاں آج تک اس ننگی بربریت کی چھان بین نہیں کی گئی اورکبھی کسی قسم کا کوئی تفتیشی ٹریبونل قائم کرنے کا تکلف تک روا نہیں رکھا گیا ۔۔۔

آج جب میں چار برس قبل ہوئے سانحہء ماڈل ٹاؤن لاہور کے 14 مقتولین پہ سیاسی لوگوں کو بلبلاتے اور شور مچاتے دیکھتا ہوں تو یہ سوچنے پہ مجبور ہوجاتا ہوں کہ کیا پکا قلعہ کے یہ شہداء انسسان نہیں تھے اور آخر انکے اس وحشیانہ قتل پہ ہماری سیاسی قیادتوں کی پاکستانیت بلکہ انسانیت کیوں نہیں جاگتیِ ؟ بلکہ انکے سیاسی قاتلوں کے ساتھ ہمارے آج کے سیاسی گرو بڑے طمراق سے کھڑے ہوتے ہیں اور انہیں جھپیاں ڈالتے ذرا نہیں شرماتے اور انہیں سر آنکھوں پہ بٹھاتے ہیں ۔۔۔ میرا سوال معزز عدلیہ سے بھی ہے کہ اس نے آخر ابتک شہری آبادی پہ ڈھائی اس وحشت و بربریت کا ابتک کوئی نوٹس کیوں نہیں لیا اور اسکے نزدیک بھی صرف ماڈل ٹاؤن کے مقتولین ہی انسان مسلمان اور پاکستانی تھے ۔۔۔؟؟ یہ جو کچھ چند نکات میں نے یہاں بیان کیئے ہیں یہ کسی افسانے سے نہیں لیئے گئے بلکہ وہ تاریخی سچائیاں ہیں کہ جنہیں کبھی جھٹلایا نہیں جاسکتا ۔۔۔ لیکن بعد میں بھی پیپلز پارٹی کی یہ مہاجر دشمنی ختم نہیں ہوئی بلکہ یوں کہنا چاہیئے کہ کسی تادیب اور سزا نہ ہونے سے اسکے منہ کو خون لگ چکا ہے اور اب تو اسکے تازہ صوبائی دور حکومت میں صرف اردو بولنے والے ہی نہیں تمام شہری آبادی ہی کو دیوار سے لگادیا گیا ہے انکے لیئے سرکاری ملازمتیں اور سندھ کے اندرونی شہروں میں اعلیٰ تعلیمی ادروں میں انکے داخلے عملاً ناممکن بنادیئے گئے ہیں ۔۔ لہٰزا جب تک اس طبقے کے ساتھ یہ گھناؤنا طرز عمل جاری ہے کچھ بھی تبدیل نہیں ہوسکتا۔۔ اور اب اتنے بڑے شہر کراچی کے لیئے صرف دس بسوں کی فراہمی سے تو یہ بالکل واضح طور پہ ثابت ہوچکا ہے کہ اس شہر سے اسکی نفرت اور بیزاری کا کیا عالم ہے

اس شرمناک صورتحال کو دیکھتے ہوئے یہ کیسے کہا جاسکتا ہے کہ پیپلز پارٹی کی نسل پرستی کی پالیسی میں کوئی بڑی کایا کلپ واقع ہوچکی ہے۔۔۔ ایسے میں سرکاری مشینری کی وحشیانہ طاقت کے بل پہ کسی شہری علاقے میں وہ اگر اندرون سندھ اور لیاری و ملیر سے اپنے نسل پرست حامیوں یا خود فریبی کا شکار چند اردو وال افراد کو اکٹھا کرکے بلاول کا کوئی جلسہ کرنے میں بھلے کامیاب ہو بھی جائیں لیکن انہیں اس طبقے کا حقیقی التفات اس وقت تک نہیں میسر آسکتا کے جبتک وہ اپنی نسل پرستی کی ننگی پالیسی ترک کرکے ان کے زخم زخم دلوں‌ پہ محبت اور ہمدردی کا حقیقی مرہم نہیں رکھتے اور وہ اور انکے بابا خود اپنے اور اپنے حواریوں کے ہاتھوں اس شہر کو وسائل لوٹنے کی جگہ اس شہر کے لیئے تعمیر و ترقی کا دور شروع نہیں کرتتے اور یہاں کے رہنے والوں کے لیئے بڑے پیمانے پہ روزگار اور تعلیم کے دروازے نہیں کھولتے ،،، اور جبتک ایسا نہیں ہوتا تو میں انکی خدمت میں اہل کراچی کی جانب سے یہی شعر پیش کرسکتا ہوں کہ "
” ھم بدلے نہ تم بدلے نہ دل کی آرزو بدلی ! ،، میں کیسے اعتبارِ انقلابِ آسماں کرلوں ...

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *