لاہور اور گردونواح میں موسلادھار بارش، مختلف واقعات میں 6 افراد جاں بحق

لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور اور اس کے گردونواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی جبکہ مختلف واقعات میں 6 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

لاہور اور اس کے گردونواح میں رات گئے تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی، جس کا سلسلہ اب بھی وقفے وقفے سے جاری ہے۔

بارش کے باعث ریواز گارڈن میں بجلی کے تاروں سے کرنٹ لگنے کے نتیجے میں ریواز گارڈن چوکی کے ڈرائیور امانت اور رضاکار شاہ زیب جاں بحق ہو گئے۔

قرطبہ چوک پر موٹر سائیکل پر سوار اکبر نامی نوجوان بجلی کے تاروں سے چھو جانے جبکہ چائنا اسکیم میں بھی کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا۔

دوسری جانب گمٹی بازار میں ایک جوتوں بنانے کے کارخانے کی چھت گرنے سے 2 مزدور جاں بحق ہوئے۔

بارش کے باعث مختلف واقعات میں زخمی ہونے والے 10 افراد مختلف اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔

فیڈر ٹرپ کرجانے سے بجلی معطل

شدید بارش کے باعث 150 سے زائد فیڈر ٹرپ ہو گئے اور شہر کے مختلف علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے۔

لیسکو حکام کے مطابق متاثرہ فیڈرز میں سے زیادہ تر بحال ہوچکے ہیں جبکہ بقیہ کی بحالی کے لیے کام جاری ہے۔

نشیبی علاقوں میں پانی جمع

دوسری جانب تیز بارش سے نشیبی علاقوں میں سڑکوں پر پانی کھڑا ہوگیا، جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔

لاہور ایئرپورٹ پر بھی محکمہ موسمیات نے بارش کے حوالے سے وارننگ جاری کر دی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران مزید بارش ہونے کا امکان ہے۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *