دالبندین میں خودکش حملہ، چینی شہریوں سمیت 6 افراد زخمی

کوئٹہ: دالبندین میں آر سی ڈی شاہراہ پر سیندک منصوبے کے ملازمین کی بس کے قریب خودکش حملے میں 6 افراد زخمی ہوگئے۔

بلوچستان کے علاقے چاغی، دالبندین میں آر سی ڈی شاہراہ پر سیندک منصوبے کے ملازمین کی بس پر بم حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں 6 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر دالبندین اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ زخمیوں میں 2 سیکیورٹی اہلکار، 2 چینی شہری اور 2 مقامی ملازمین شامل ہیں۔

اطلاعات کے مطابق بارودی مواد سے بھری ایک پک اپ گاڑی کو بس کے قریب دھماکے سے اُڑادیا گیا۔ واقعے میں بس کو نقصان پہنچا تاہم کسی بھی ہلاکت کی اطلاعات نہیں ملی۔ سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ بس ملازمین کو لے کر ایئرپورٹ جارہی تھی کہ دھماکا ہوگیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی بم ڈسپوزل اسکواڈ اور سیکیورٹی  اہلکار فوراً موقع پر پہنچ گئے اورعلاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کرکے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔

سیندک بلوچستان کے ضلع چاغی کا شہر ہے جہاں سونے اور تانبے کے بڑے ذخائر دریافت کیے گئے ہیں۔ اس علاقے سے چینی ماہرین کی نگرانی میں یہ ذخائر نکالے جارہے ہیں۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *