ورلڈکپ: پاک-سری لنکا میچ میں بارش، ٹاس تاخیر کا شکار

پاکستان ٹیم آج ورلڈکپ میں اپنا تیسرا میچ سری لنکا کے خلاف برسٹل کے مقام پر کھیلنے جارہی ہے اور کپتان سرفراز احمد جیت کا تسلسل برقرار رکھنے کے لیے پُر عزم ہیں تاہم مسلسل بارش کی وجہ سے میچ کے دوران ٹاس بھی تاخیر کا شکار ہوگئی۔

دونوں ٹیموں کی جانب سے میچ کی بہترین تیاری کی گئی ہے تاہم موسم کے حوالے سے امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ اس میچ میں بارش ہوسکتی ہے۔

پاکستان ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ 'میں خوش ہوں کہ ہماری ٹیم جیت کی راہ پر گامزن ہوچکی ہے، ہمارے پاس دنیا کی کسی بھی ٹیم کو شکست دینے کی صلاحیت ہے۔'

سرفراز احمد نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنی جیت کا تسلسل برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔

سری لنکا کی ٹیم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ 'اس ٹیم کے پاس اچھا باؤلنگ اٹیک ہے جسے لاستھ ملنگا، نوان پردیپ، تھیسارا پریرا اور سرنگا لکمل جیسے باصلاحیت کھلاڑیوں کی خدمات حاصل ہے۔'

ادھر سری لنکن کوچ چندیکا ہتھرو سنگھے کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے دن پر دنیا کی کسی بھی ٹیم کو حیران کر سکتی ہے، اس کا ثبوت ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے خلاف ہونے والے اس کے میچز ہیں۔

سری لنکن کوچ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ٹیم ورلڈکپ جیسے ٹورنامٹ میں اچھا پرفارم کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سری لنکا کی ٹیم بھی اسی طرح کی صلاحیت کی حامل ہے اور بھی دنیا کی کسی بھی ٹیم کو اپنے دن پر شکست دے سکتی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کا سری لنکا کے خلاف ورلڈکپ میچز میں ریکارڈ بہترین ہے جہاں اسے اپنے ایشین حریف سے آج تک میگا ایونٹ میں شکست کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

خیال رہے کہ میچ بارش کی وجہ سے منسوخ ہونے کی صورت میں دونوں ٹیموں کو قانون کے مطابق ایک ایک پوائنٹ دے دیا جائے گا۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *