منی ماؤس کے کارٹون کردار کو آواز دینے والی روسی ٹیلر چل بسیں

30 برس سے زائد عرصے تک ڈزنی کے مشہور زمانہ کارٹون کردار مِنی ماؤس کو آواز دینے والی روسی ٹیلر 75 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں ہیں۔

والٹ ڈزنی کمپنی کے مطابق اداکارہ کا انتقال امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر گلینڈیل میں جمعے کے روز ہوا۔

سنہ 1986 سے ٹیلر نے اینیمیٹڈ ٹی وی کارٹون، فلموں اور تھیم پارکس میں مکی ماؤس کی تیکھی اور کھلکھلاتی آواز والی ساتھی منی ماؤس کا کردار نبھایا تھا۔

انھوں نے دی سمپسنز کے بھی چند کردار نبھائے جس میں انھوں نے بارٹ کی ہم جماعت مارٹن کا کردار بھی نبھایا تھا۔

اپنے کردار کی طرح ٹیلر نے مکی ماؤس کو آواز دینے والے فنکار وین آلوائن سے شادی کی تھی جن کا انتقال سنہ 2009 میں ہوا تھا۔

منی

اپنے کردار کی طرح ٹیلر نے مکی ماؤس کو آواز دینے والے فنکار وین آلوائن سے شادی کی تھی جن کا انتقال سنہ 2009 میں ہوا تھا (فائل فوٹو)

ڈزنی کے چیئرمین باب اگر نے سنیچر کے روز ایک اعلامیے میں ٹیلر کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

'30 برس سے زائد عرصے تک منی اور روسی نے مل کر دنیا بھر میں لاکھوں افراد کو محظوظ کیا۔ اس شراکت نے منی کو ان سے پیار کرنے والے مداحوں کی بدولت عالمی شہرت بخشی اور روسی کو ایک ڈزنی لیجنڈ بنا دیا۔‘

ہمیں اس بات پر اطمینان ہے کہ ان کا کام آنے والی نسلوں کو بھی اپنے سحر میں مبتلا رکھے گا۔

ٹیلر چار مئی سنہ 1944 کو امریکہ کی ریاست میساچوسٹس کے شہر کیمبرج میں پیدا ہوئیں۔ انھیں سنہ 1986 میں مِنی ماؤس کے کردار کی آواز کے لیے 200 امیدواروں میں سے چنا گیا۔

جب نوجوانی میں ٹیلر ڈزنی لینڈ گئیں تو ان کی ملاقات منی اور مکی کی تب کی آواز والٹ ڈزنی سے ہوئی۔

ڈزنی کے مطابق ٹیلر نے انھیں بتایا کہ 'ہماری بات چیت کے دوران ایک موقع پر انھوں نے مجھ سے پوچھا کے تم بڑے ہو کر کیا کرنا چاہتی ہو تو میں نے کہا کہ میں آپ (ڈزنی ) کے لیے کام کرنا چاہتی ہوں تو انھوں نے کہا ٹھیک ہے اور اب میں یہاں کام کر رہی ہوں۔'

منی

ڈزنی کے مطابق 'ٹیلر نے آل وائن سے سنہ 1991 میں شادی کی تھی اور دونوں وائن کی وفات تک اپنے کرداروں کی طرح ساتھ رہے'

ڈزنی کے مطابق 'ٹیلر نے آل وائن سے سنہ 1991 میں شادی کی تھی اور دونوں وائن کی وفات تک اپنے کرداروں کی طرح ساتھ ساتھ رہے۔‘

جب انھیں سنہ 2008 میں ڈزنی لیجنڈ کا خطاب دیا گیا تو ٹیلر نے کہا تھا کہ وہ امید کرتی ہیں کہ 'میرے اور میرے شوہر کی جگہ جو بھی ان کرداروں کو نبھائے وہ ان سے اتنی ہی محبت کرے جتنی ہم نے کی۔‘

ٹیلر سے پہلے جن آوازوں نے منی کا کردار نبھایا ان میں مارسیلائٹ گارنر (سنہ 1930)، تھیلما بورڈ مین (سنہ 1940) اور رتھ کلفورڈ (سنہ 1940 اور 1950)۔

ڈزنی کے کرداروں کے علاوہ ٹیلر نے اپنی آواز ٹیلی ویژن کے کلاسک سلسلہ وار کارٹون ٹیل سپن، دی لٹل مرمیڈ، بز لائٹ ایئرآف سٹار کمانڈ اور کم پوسیبل کے کرداروں کو بھی دی۔

انھوں نے کہا تھا کہ 'میں کبھی مشہور نہیں ہونا چاہتی تھی۔ جو کردار میں نبھاتی ہوں وہ مقبول ہیں اور میں اس حوالے سے مطمئن ہوں۔‘

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *