کیا دپیکا اور رنبیر اس ویڈیو میں 'نشے کی حالت' میں ہیں؟

بولی وڈ ہدایت کار اور پروڈیوسر کرن جوہر نے حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں اداکارہ دپیکا پڈوکون، رنبیر کپور، وکی کوشل، ورن دھون، ارجن کپور، ملائیکا اروڑا، شاہد کپور، میرا کپور، فلم ساز ایان مکھرجی، ایکتا کپور اور روہت دھون موجود ہیں۔

یہ ویڈیو کرن جوہر کے گھر میں منعقدہ تقریب کی ہے، جس کے سامنے آنے کے بعد جہاں سوشل میڈیا پر مداحوں نے اس بات کو سراہا کہ تمام اداکار ایک ساتھ ایک ہی تقریب میں موجود ہیں وہیں اب اس ویڈیو پر ایک نیا تنازع کھڑا ہوگیا۔

شیرومانی اکالی ڈال نامی بھارتی سیاسی جماعت کے ممبر منجندر سنگھ سرسا نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کرن جوہر کی اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے اس میں موجود ستاروں پر الزام لگایا کہ وہ اس تقریب میں نشے کی حالت میں تھے۔

منجندر سنگھ سرسا نے ویڈیو شیئر کرنے کے ساتھ اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ 'تصوراتی دنیا بامقابلہ حقیقی دنیا، دیکھیں بولی وڈ کے یہ بڑے ستارے کس طرح نشے کی حالت میں موجود ہیں، میں ان کے خلاف آواز اٹھاتا ہوں'۔

جبکہ انہوں نے صارفین سے مطالبہ کیا کہ اگر وہ بھی ان کی بات ہے حامی ہیں تو ان کی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کریں۔

سیاست دان کے اس الزام کے بعد ٹوئٹر پر کئی صارفین نے ان کی حمایت میں بات کی جبکہ متعدد لوگوں نے انہیں بغیر سوچے سمجھے الزام لگانے پر تنقید کا نشانہ بنایا۔

بھارتی لوک سبھا کے رکن سیاست دان ملند دیورہ نے منجندر سنگھ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کا الزام بے بنیاد ہے جبکہ انہوں نے منجندر سے معافی مانگنے کا مطالبہ بھی کردیا۔

اپنی ٹوئٹ میں ملند نے لکھا کہ 'میری اہلیہ بھی اس ویڈیو میں موجود ہیں، کوئی بھی نشے کی حالت میں نہیں تھا، اس لیے جھوٹی افواہیں پھیلا کر لوگوں کو بدنام کرنا بند کریں، مجھے امید ہے کہ آپ میں اتنا حوصلہ ہوگا کہ آپ ان سے معافی مانگ سکیں'۔

ملند دیورہ کی اہلیہ پوجا شیٹی بھی اس ویڈیو میں موجود ہیں جو پیشے سے ایک فلم پروڈیوسر ہیں۔

ویڈیو میں موجود ستاروں میں سے اب تک کسی نے اس حوالے سے کوئی رد عمل نہیں دیا۔

خیال رہے کہ اس ویڈیو میں ارجن کپور اپنی گرل فرینڈ ملائیکا کے ہمراہ نظر آئے، ورن دھون کے ساتھ ان کی گرل فرینڈ نتاشا دلال بھی موجود تھی جبکہ شاہد کپور اور اہلیہ میرا کپور بھی اس تقریب کا حصہ تھے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ویڈیو میں دپیکا پڈوکون کے ساتھ ساتھ ان کے ماضی کے بوائے فرینڈ اداکار رنبیر کپور بھی موجود ہیں، البتہ دپیکا کے شوہر اداکار رنویر سنگھ اور رنبیر کپور کی گرل فرینڈ اداکارہ عالیہ بھٹ اس تقریب کا حصہ نہیں بن سکے کیوں کہ وہ دونوں اپنی اپنی فلموں کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔

 

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *