سنی لیونی کے فلمی فون نمبر سے دلی کا شخص پریشان

کیا آپکو لگتا ہے کہ انٹرنیٹ پر سب سے زیادہ مقبول اداکارہ سنی لیونی کھلے عام اپنا ٹیلی فون نمبر کسی کو دیں گی؟

حقیقت میں تو ایسا نہیں ہوا لیکن فلم ارجن پٹیالہ میں سنی لیونی نے اداکار دلجیت دوسانج کو جو نمبر دیا تھا وہ دراصل دلی کے ایک شخص پُنیت اگروال کا تھا۔

بیچارے پنیت اگروال اس ٹیلی فون نمبر کے سبب راتوں رات مشہور تو ہوئے ہی ساتھ ہی مصیبت کا شکار بھی ہوئے کیونکہ اب انھیں دن بھر میں سینکڑوں ٹیلی فون کالز موصول ہو رہی ہیں۔

پنیت ان کالز سے بیحد پریشان ہیں۔ انکا کہنا ہے کہ لوگ انھیں فون کر کے سنی لیونی سے بات کرنے کی درخواست کر رہے ہیں اور کچھ منچلے انھیں حراساں بھی کر رہے ہیں۔

پنیت کہتے ہیں کہ اس سلسلے میں انھوں نے پولیس میں شکایت درج کروائی ہے کیونکہ لوگ فون پر ان سے بیہودہ باتیں کر رہے ہیں تاہم پولیس نے اب تک کوئی کارروائی نہیں کی اس لیے پنیت نے اب عدالت جانے کا فیصلہ کیا ہے۔

یاد رہے کہ فلم ارجن پٹیالہ 26 جولائی کو ریلیز ہوئی تھی۔

فردوس جمال نے ماہرہ کو کیا کہہ دیا؟

ماہرہ

پاکستان کے ٹی وی ایکٹر فردوس جمال نے ایک ٹی وی شو میں اداکارہ ماہرہ خان کی عمر اور اداکارانہ صلاحیتوں کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ 'اب انھیں ماں کے کردار ادا کرنے چاہیے اور وہ ایک درمیانے درجے کی اداکارہ ہیں'۔

اس کے جواب میں سوشل میڈیا پر انڈسٹری کے کئی فنکاروں نے ماہرہ کی حمایت میں ٹویٹ کی۔

البتہ ماہرہ نے خود انتہائی پروقار انداز اور الفاظ میں انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں کسی کا نام لیے بغیر ایک خط لکھا جس میں انھوں نے پہلے اُن لوگوں کا شکریہ ادا کیا جنھوں نے ماہرہ کے حق میں بیان دیے تھے اور ساتھ ہی لکھا کہ انھیں اپنے کام پر فخر ہے اور ہمیشہ رہے گا۔

ماہرہ نے لکھا کہ 'آئیں، نفرت سے بھری اس دنیا میں محبت کا انتخاب کریں۔ دوسرے لوگوں کی آرا کا احترام کریں اور اس ذہینیت کے خلاف کھڑے ہوں جس کے مطابق ایک عورت کامیاب یا بااختیار ہونا کوئی عیب ہے۔ نہیں، یہ کوئی عیب نہیں بلکہ نعمت ہے۔'

ماہرہ نے ہمسفر جیسے پاکستانی ڈرامہ سیریل کے بعد انڈین سپر سٹار شاہ رخ خان کے ساتھ فلم رئیس میں کام کیا اور انھیں پاکستان کی کامیاب اداکاراؤں میں شمار کیا جاتا ہے۔

جہاں تک فردوس جمال صاحب کا تعلق ہے، وہ ماضی کے ایک کامیاب اداکار ہیں اور آجکل فرصت کے لمحات گزار رہے ہیں۔

کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ ماہرہ جیسے بڑے نام کو نشانہ بنا کر فروس صاحب ایک بار پھر شہرت کی روشنی کے فراق میں ہیں۔

 

رتک

رتک روشن کی کامیابیوں کا سفر جاری

باکس آفس پر فلم ’سپر تھرٹی‘ کی کامیابی کے بعد اب رتک روشن کرش کے سیکوئل ’کرش 4‘ کی تیاری میں ہیں۔

حال ہی میں رلیز ہونے والی رتک کی فلم سپر تھرٹی نے انڈین باکس آفس پر ڈیڑھ سو کروڑ روپے سے زیادہ کی کمائی کر لی ہے۔

رتک روشن نے میڈیا سے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ کرش فور کی شوٹنگ شروع ہونے والی ہے۔ ساتھ ہی رتک نے اس بات کا بھی اشارہ دیا ہے کہ وہ امیتابھ بچن کی ہٹ فلم 'ستے پہ ستہ' کے ری میک میں امیتابھ بچن کا کردار نبھانے والے ہیں۔

سوہا علی خان کی لندن میں چھٹیاں

اداکارہ سوہا علی خان اور انکے شوہر کنال کھیمو آجکل چھٹیاں منانے لندن پہنچے ہوئے ہیں۔

سوہا نے سوشل میڈیا پر اپنی بیٹی عنایہ کے ساتھ اپنی ایک تصویر شئیر کی اور بیچاری بیہودہ ٹرولنگ کا شکار ہوئیں۔

تصویر میں\ سوہا خاصی پتلی نظر آرہی ہیں۔ تصویر پر لوگوں نے جس طرح کہ کمنٹس کیے، انھیں پڑھ کر ایسا محسوس ہوا کہ کچھ لوگ کتنی بے حسی اور بدتمیزی کے ساتھ اپنے بیہودہ خیالات کا اظہار کر سکتے ہیں اور اس کا اندازہ شاید خود انھیں بھی نہیں ہوگا کہ ان کے کچھ جملے کس حد تک کسی کی دل آزاری کر سکتے ہیں۔

اب چاہے وہ کوئی سلیبریٹی ہی کیوں نہ ہو، کیونکہ آخر ہیں تو ہم سب انسان ہی۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *