میرا دور ختم ہو رہا ہے، اب دوسروں کی باری ہے، جنرل کیانی

kianiپاکستان کی برّی فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے ان اطلاعات کو مسترد کر دیا ہے کہ وہ اپنی مدتِ ملازمت میں توسیع کے خواہشمند ہیں۔

پاکستانی فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق جنرل کیانی نے کہا ہے کہ وہ آئندہ ماہ اپنی مدتِ ملازمت کے اختتام پر ریٹائر ہو جائیں گے۔

میرا دور 29 نومبر 2013 کو ختم ہو رہا ہے اور اس دن میں ریٹائر ہو جاؤں گا۔‘

بیان کے مطابق اپنے مستقبل کے بارے میں جنرل کیانی نے کہا ہے کہ ادارے اور روایات کسی فرد سے کہیں زیادہ اہم ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کی موجودہ ذمہ داریوں اور مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں میڈیا میں بحث جاری تھی اور ہر قسم کی افواہیں اور قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں اور کئی رپورٹوں میں انہیں کچھ نئی ذمہ داریاں سونپنے کا بھی ذکر ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ ملک کی سیاسی قیادت اور قوم کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے قومی تاریخ کے اس اہم موڑ پر ان پر اعتماد کیا لیکن وہ اس عمومی رائے سے اتفاق کرتے ہیں کہ ’ادارے اور روایات افراد سے کہیں زیادہ مضبوط ہوتے ہیں اور انہیں ہی فوقیت دی جانی چاہیے۔‘

بیان کے مطابق جنرل کیانی نے کہا ہے کہ انہیں چھ برس تک دنیا کی بہترین فوج کی قیادت کا موقع ملا اور اب یہ دوسروں کی باری ہے کہ وہ پاکستان کو ایک حقیقی طور پر جمہوری، خوشحال اور پرامن ملک بنانے کا مشن آگے بڑھائیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اب جبکہ ان کی مدتِ ملازمت پوری ہو رہی ہے ملک میں جمہوری عمل جڑ پکڑ چکا ہے اور فوج اس جمہوری نظام کی مکمل طور پر حامی ہے اور اسے مضبوط کرنا چاہتی ہے۔

خیال رہے کہ حال ہی میں غیر ملکی ذرائع ابلاغ میں ایسی خبریں آئی تھیں جن میں جنرل کیانی کی مدتِ ملازمت میں توسیع یا انہیں حکومت کی جانب سے کوئی اور اہم عہدہ دینے کے امکانات ظاہر کیے گئے تھے۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *